دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Hamain kiya hogaya hay | ہمیں کیا ہوگیا ہے

book_icon
ہمیں کیا ہوگیا ہے

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! اگر آپ اس پُر فِتَن دور میں خود کو بُرائیوں سے بچانا چاہتے ہیں تو آنکھوں کی حِفاظَت بَہُت ضروری ہے ۔ چنانچہ حضرت سیِّدُنا عیسٰی عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام سے منقول ہے کہ خود کو بدنِگاہی سے بچاؤ کیونکہ بدنِگاہی دل میں شہوت کا بِیج بَوتی ہے ، پھر شہوت بدنِگاہی کرنے والے کو فتنہ میں مبتلا کردیتی ہے ۔ (منہاج العابدین، تقویٰ الاعضاء الخمسۃ، الفصل الاول : العين، ص۶۲)

حضرت سیِّدُنا یحیی عَلَیْہِ السَّلَام سے عرض کی گئی : بدکاری کی ابتدا کیا ہے ؟ تو آپ عَلَیْہِ السَّلَام نے ارشاد فرمایا : دیکھنا اور خواہش کرنا ۔  (لباب الاحیاء، باب فی کسر الشھوتین، ص۲۰۹)

شکلوں کا بگڑنا

حضرت سیِّدُنا ابو اُمَامہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے کہ شفیعُ المذنبین، انیسُ الغریبین، سراجُ السالکین صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ’’تم ضرور اپنی نگاہیں نیچی رکھو گے اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرو گے اور اپنے چہرے سیدھے رکھو گے یا پھر اللہ عَزَّ وَجَلَّ تمہاری شکلیں بگاڑ دے گا ۔ ‘‘(المعجم الکبیر، ۸ /۲۰۸، حدیث : ۷۸۴۰ (

آنکھوں کی حِفاظَت کرو

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! مذکورہ فرامین سے ہم پر یہ بات روزِ روشن کی طرح واضح ہو گئی کہ بدنگاہی انسان کے بدکاری میں مبتلا ہونے کا بہت بڑا ذَرِیعہ ہے لہٰذا آنکھوں کی حفاظت ہم پر لازم ہے ، یہ آنکھیں اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی عطا کردہ بہت بڑی نعمت ہیں جن سے ہم بہت سارے نیک کام کرسکتے ہیں لیکن اگر انہیں شریعت کی پابندیوں سے آزاد کردیا جائے تو پھر یہ نامہ ٔ اعمال کو سیاہ کرچھوڑتی

 ہیں ۔ اسی لئے قرآن وحدیث میں آنکھوں کی حفاظت کی بڑی تاکید فرمائی گئی ہے ۔ چنانچہ پارہ ۱۸، سورۂ نورکی آیت نمبر۳۰ میں ارشاد ہوتا ہے :

قُلْ لِّلْمُؤْمِنِیْنَ یَغُضُّوْا مِنْ اَبْصَارِهِمْ وَ یَحْفَظُوْا فُرُوْجَهُمْؕ-ذٰلِكَ اَزْكٰى لَهُمْؕ-اِنَّ اللّٰهَ خَبِیْرٌۢ بِمَا یَصْنَعُوْنَ(۳۰) (پ۱۸، النور : ۳۰)

ترجمۂ کنز الایمان : مسلمان مردوں کو حکم دو اپنی نگاہيں کچھ نيچی رکھيں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کريں يہ ان کيلئے بہت ستھرا ہے بے شک اللہ کو ان کے کاموں کی خبر ہے ۔

مُفَسِّرِ شَہِیر، حکیم الاُمَّت مفتی احمد یار خان نعیمی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی اس آیت مبارکہ کی تفسیر میں فرماتے ہیں : جن چيزوں کا ديکھنا جائز نہيں انہيں نہ ديکھيں ۔ خيا ل رہے کہ اَمْرَد لڑکے کو شہوت سے ديکھنا حَرام ہے اسی طرح اجنبيہ کا بدن ديکھنا حرام ۔ البتہ طبيب (Physician)مرض کی جگہ کو اور جس عورت سے نِکاح کرنا ہو اسے چھُپ کر ديکھنا جائز ہے ۔ نيچی نِگاہ رکھنا، اسبابِ زنا (بدکاری کے اسباب) سے بچنا، تہمت کے مَقام سے بھاگنا بہت بہتر ہے ۔ (تفسیر نور العرفان مع کنز الایمان، پ۱۸، النور، تحت الآیۃ ۳۰)

دیکھنے و دِکھانے والا دونوں ملعون

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! بدنگاہی کیسے کیسے فتنوں کا سبب بن سکتی ہے

 یہ تو آپ نے جان لیا، آئیے ! اب یہ بھی جانتے ہیں کہ بدنِگاہی کی وَجہ سے نہ صِرف دیکھنے والا سزاوار ہے بلکہ جو اس بدنِگاہی کا سَبَب بنا ہے وہ بھی مُجرِم ہے ۔ چُنَانچہ حضرت سیِّدُنا حسن بصری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہ ِالْقَوِی فرماتے ہیں کہ مجھے یہ خبر پہنچی ہے کہ سرورِ دو عالم صَلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّمکا فرمانِ عِبرت نِشان ہے : دیکھنے والے پر اور اُس پر جس کی طرف نظر کی گئی اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی لعنت ۔ (شعب الایمان، باب الحیاء، فصل فی الحمام، ۶ /۱۶۲، حدیث : ۷۷۸۸)یعنی دیکھنے والا جب بلا عذر قصداً دیکھے اور دوسرا اپنے آپ کو بلاعذر قصداً دکھائے تو دونوں پر اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی لعنت ۔

اچانک نظر کا حکم

پیارے اسلامی بھائیو!اگر آپ نے بلا عذر اور بغیر ارادے کے کسی بے پردہ عورت پر نظر پڑ جانے کی صورت میں فوراً اپنی آنکھوں کو جھکا لیا تو کسی فتنے کا شکار ہونے سے محفوظ رہیں گے اور اس کی کئی روایات میں فضیلت بھی آئی ہے اور اچانک پڑ جانے والی نظر کا حکم بھی یہی ہے کہ فوراً پھیر لی جائے ۔ چنانچہ،

حضرت سیِّدُنا جریر بن عبد ﷲ رضی اللّٰہ تعالٰی عنہ ارشاد فرماتے ہیں کہ میں نے سرورِ دو جہاں صَلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے اچانک نظر پڑجانے کے متعلق دریافت کیا ۔ تو آپ صَلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے حکم دیا کہ اپنی نگاہ پھیر لو ۔ (مسلم، کتاب الآداب، باب نظرالفجاء ۃ، ص۱۱۹۰، حدیث : ۲۱۵۹) اور ایک روایت میں حضور صَلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے امیر المومنین حضرت سیِّدُنا علی المرتضے کَرَّمَ اللّٰہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم سے ارشاد فرمایا : ایک نظر کے بعد دوسری نظر نہ کرو (یعنی اگر اچانک بلاقصد کسی عورت پر نظر پڑجائے تو فوراً نظر ہٹالے اور دوبارہ نظر نہ کرے )کہ پہلی نظر جائز ہے اور دوسری نظر جائز نہیں ۔ (مسنداحمد، حدیث بریدۃ الأسلمی، ۹/۱۸، حدیث : ۲۳۰۵۲)

اچانک پڑ جانے والی نظر پھیرلینے کی فضیلت

حضرت سیِّدُنا ابو امامہ رضی اللّٰہ تعالٰی عنہ سے مروی ہے کہ رسولِ نامدار، مدینے کے تاجدار صَلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّمکا فرمانِ خوشبودار ہے : جو مسلمان کسی عورت کی خوبیوں کی طرف پہلی بار (بلاقصد) نظر کرے پھر اپنی آنکھ نیچی کر لے ، اللہ عَزَّ وَجَلَّ اسے ایسی عبادت کی توفیق عطا فرمائے گا جس کی وہ لذت بھی محسوس کرے گا ۔ (مسند احمد، ۸/۲۹۹، حدیث : ۲۲۳۴۱)

دیگر اعضاء کی بدکاری

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! بدکاری صرف شرمگاہ اور آنکھوں سے ہی نہیں بلکہ ہاتھ، پاؤں اور کان وغیرہ جسم کے دوسرے اعضاء سے بھی ہوتی ہے ۔ چنانچہ حضرت سیِّدُنا ابو ہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ سے مروی ہے کہ شہنشاہِ خوش خصال، دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال صَلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کا فرمانِ عبرت نشان ہے : ’’ ہاتھ بدکاری کرتے ہیں اور ان کی بدکاری (حرام کو) پکڑنا ہے ، پاؤں بدکاری کرتے ہیں اور ان کی بدکاری (حرام کی طرف) چلنا ہے اور منہ بھی بدکاری کرتا ہے اور اس کی بدکاری بوسہ دینا ہے ۔ ‘‘

(ابو داود، کتاب النکاح، باب فی ما یؤمر بہ من غض البصر، ۲ /۳۵۹، حدیث : ۲۱۵۳)

 

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن