30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
قرآنِ کریم میں بدکاری کی مَذَمَّت
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! بدکاری (Adultery)ایک بہت بڑی بُرائی ہے ، قرآن وحدیث میں اس کی سخت مذمّت مروی ہے اور واضح طور پر بیان کیا گیا ہے کہ اس فعلِ بد کا اِرْتِکاب کرنے والے کا ٹھکانا جہنّم ہے ۔ چنانچہ،
جہنّم کے مُتَعَلّق ارشادِ باری تعالیٰ ہوتا ہے :
لَهَا سَبْعَةُ اَبْوَابٍؕ-لِكُلِّ بَابٍ مِّنْهُمْ جُزْءٌ مَّقْسُوْمٌ۠(۴۴) (پ۱۴، الحجر : ۴۴)
ترجمۂ کنز الایمان : اس کے سات دروازے ہیں ہر دروازے کے لئے ان میں سے ایک حصہ بٹا ہوا ہے ۔
صدرُ الافاضل حضرتِ علّامہ مولانا سَیِّد محمد نعیم الدین مُراد آبادی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہ ِالْہَادِی اس آیتِ مبارکہ کے تحت ارشاد فرماتے ہیں : ’’ابنِ جُرَیْج کا قول ہے کہ دوزخ کے سات درکات (طبقات) ہیں ۔ جہنّم، لظٰی، حطمہ، سعیر، سقر، جحیم، ہاویہ ۔ ‘‘ مزید فرماتے ہیں کہ’’(جہنّم کے سات حصوں کی طرح) شیطان کی پیروی کرنے والے بھی سات حصّوں میں مُنْقَسم ہیں، ان میں سے ہر ایک کے لئے جہنّم کا ایک درکہ (طبقہ)مُعَیّن ہے ۔ ‘‘ (خزائن العرفان، پ۱۴، الحجر، تحت الآیۃ ۴۴)
حضرت سیِّدُنا عطا عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہ ِالْفَتَّاح (لَهَا سَبْعَةُ اَبْوَابٍؕ-)کی تفسیر میں فرماتے ہیں کہ جہنّم کے ان سات دروازوں میں سے غم، گرمی اور تکلیف کے اعتبار سے سب سے زیادہ سخت اور بدبُودار دَروازہ ان لوگوں کے لیے ہو گا جو بدکاری کی حُرمت جاننے کے باوجود اس میں مبتلا ہیں ۔ (الکبائر، الکبیرۃ العاشرۃ، ص ۵۷)
پیارے اسلامی بھائیو! غیر مسلم معاشروں کی طرح اگرچہ ابھی مسلم معاشروں میں یہ وبا اس قدر نہیں پھیلی کہ سرعام نظر آئے بلکہ اس بُرے فعل کے مرتکب بدنامی کے ڈر سے رات کے اندھیروں میں چھپ کر یہ فعل کرتے ہیں مگر کتنے افسوس کی بات ہے کہ جس ربُّ العالمین سے کچھ چھُپ نہیں سکتا اس سے نہیں شرماتے ۔
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! مسلم معاشروں میں کچھ ایسی باتیں ضرور سر عام دکھائی دیتی ہیں جو اس بُرے فعل کا سبب بن سکتی ہیں ۔ چنانچہ پارہ 15 سورۂ بنی اسرائیل کی آیت نمبر 32 میں ہے :
وَ لَا تَقْرَبُوا الزِّنٰۤى اِنَّهٗ كَانَ فَاحِشَةًؕ-وَ سَآءَ سَبِیْلًا(۳۲) (پ۱۵، بنی اسرائیل : ۳۲)
ترجمۂ کنز الایمان : اور بدکاری کے پاس نہ جاؤ، بے شک وہ بے حَیائی ہے اور بہت ہی بُری راہ ۔
مُفَسِّرِ شَہِیر، حکیم الاُمَّت مُفْتِی اَحمد یار خان عَلَیْہِ رَحمَۃُ الْحَنَّان نورُ العرفان میں اس آیتِ مبارکہ کی تفسیر میں فرماتے ہیں : زِنا (بدکاری) کے اسباب سے بھی بچو، لہٰذا بد نظری، غیر عورت سے خَلْوَت(تنہائی)، عورت کی بے پردگی وغیرہ سب ہی حَرام ہیں ۔ بُخَار روکنے کیلئے نزلہ روکو، طاعون سے بچنے کیلئے چوہوں کو ہلاک کرو، پردہ کی فرضیت، گانے بجانے کی حُرمَت، نِگاہ نیچی رکھنے کا حکم، یہ سب زِنا (بدکاری)سے روکنے کیلئے ہے ۔ (نور العرفان، پ۱۵، بنی اسرائیل، تحت الآیۃ ۳۲)
معلوم ہوا کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے نہ صرف بدکاری بلکہ بدکاری کی جانب لے جانے والے اسباب سے بھی بچنے کا حکم فرمایاہے تاکہ ان سے بچ کر ہم پاکیزہ اور ستھری زندگی گزارنے میں کامیاب ہوسکیں ۔
بدکاری کے بعض اسباب یہ ہیں :
٭ اجنبی عورتوں سے بے تکلف ہونااور انہیں چھُونا و مَس کرنا ۔
٭ اَخلاق سَوز ناول و کتابیں پڑھنااور حیا سوز تصاویر اورفلمیں وغیرہ دیکھنا ۔
اجنبی عورتوں سے بے تَکَلُّف ہونا
بدکاری جیسے فعل ِقبیح (بُرے کام)کا ایک سَبَب اجنبی عورتوں سے تعلق و دوستی پیدا کرنا، ان سے تنہائی میں ملاقات کرنا اور ان کے ساتھ گفتگو وغیرہ میں بے تکلفی و دِل لگی کرنا بھی ہے ۔
بدقسمتی سے آجکل حالات بڑے ناگُفْتہ بہ ہیں مردوں اور عورتوں کا اِخْتلاط (میل جول)عام ہوچکا ہے ، بِالْخُصُوص اس کے نظارے مخلوط تعلیمی اداروں، اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں عام ہیں، مَعَاذَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ آج ہماری نوجوان نَسْل گرل فرینڈ (Girlfriend) اور بوائے فرینڈ (Boyfriend)کے
مَنْحوس چکّر میں پھنس چکی ہے اور اس چکر میں کس طرح شرم وحَیا کی کشتی غَرْق ہوتی ہے وہ سب پر عَیاں ہے ، یاد رکھئے ! مردوزن کے اس طرح بے تکلفانہ اختلاط سے گناہوں کا ایک نہ رُکنے والا سلسلہ شروع ہوتا ہے ، پہلے زمانے میں بھی اگرچہ یہ دوستیاں ہوتی تھیں مگر انہیں چھپانے کی کوشِش کی جاتی، مگر اب تو جناب!ہر ہاتھ میں موبائل ہے ، رات رات بھر باتیں ہوتی ہیں اور ملنے کے لئے تفریحی پارک اور تعلیمی اداروں کی بلند و بالا دیواریں موجود ہیں، نہ کوئی روکنے والا نہ ٹوکنے والا!اب آپ خود غور فرمائیں ایسی صورت میں کون سی چیز ہے جو اس لڑکے اور لڑکی کواس برے کام سے روکے گی؟؟؟
ہاں!اُبھارنے والی چیز ضرور موجودہے
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع