30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
رحمتِ عالم، نُورِ مُجَسَّم صَلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے حضرت ِ سیِّدُنا ابو ہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ سے ارشاد فرمایا : ’’جب بندہ اللہ 1 کی بارگاہ میں حاضر ہوگا تو شرک کے بعد اس کا کوئی گناہ بدکاری سے بڑھ کر نہ ہوگا اور قِیامَت کے دن بدکاری کرنے والے کی شرمگاہ سے ایسی پیپ نکلے گی کہ اگر اس کا ایک قطرہ سَطْحِ زمین پرڈال دیا جائے تو اسکی بو کی وجہ سے ساری دنیا والوں کا جینا دُوبھر ہوجائے ۔ ‘‘ (آنسوؤں کا دریا، ص ۲۲۷ ملخصاً)
منقول ہے کہ بدکاری کرنے والے قِیامَت کے دِن اس حال میں آئیں گے کہ ان کے چہرے سے آگ کے شعلے بھڑک رہے ہوں گے ۔ (الجامع الصغیر، ص۱۲۳، حدیث : ۲۰۰۵( وہ اپنی بدبودار شرمگاہوں کی وجہ سے مخلوق میں پہچانے جائیں گے ، ان کی شرم گاہیں بدبودار ہوں گی، ان کو منہ کے بل جہنم کی طرف گھسیٹاجائے گا، جب وہ جہنم میں داخل ہوں گے تو حضرت مالک عَلَیْہِ السَّلَام ان کو آگ کی ایسی قمیص پہنائیں گے کہ اگر اس کو اونچے اور مضبوط پہاڑکی چوٹی پرلمحہ بھرکے لئے رکھ دیاجائے تووہ جَل کر راکھ ہوجائے پھر حضرت مالک عَلَیْہِ السَّلَام
فرمائیں گے : اے عذاب کے فرشتو!ان زانیوں کی آنکھوں کو آگ کی سلائیوں سے داغ دو جس طرح کہ یہ حرام دیکھتے تھے ، ان کے ہاتھوں کو آگ کی زنجیروں سے جکڑ دو جس طرح کہ یہ حرام کی طرف ہاتھ بڑھاتے تھے ، ان کے پاؤں کو آگ کی بیڑیوں سے باندھ دو جس طرح کہ یہ حرام کی طرف چلتے تھے ۔ فرشتے کہیں گے : ہاں! ہاں !ضرورتو وہ ان کے ہاتھوں اور پاؤں کوزنجیروں میں جکڑدیں گے اور ان کی آنکھیں آگ کی سَلائیوں سے داغ دیں گے تووہ چیخ وپکار کرتے ہوئے فریاد کریں گے : اے عذاب کے فِرِشتو!ہم پر رحم کرو، ایک لمحہ کے لئے تو ہم سے عذاب کم کردو ۔ فرشتے کہیں گے : ہم تم پرکیسے رحم کریں جبکہ رب العالمین قہاروجبار عَزَّ وَجَلَّتم پرغضب فرماتا ہے ۔ (قرۃ العیون، الباب الثالث فی عقوبۃ الزنا، ص ۳۸۸(
تاجدارِ رِسالت، شہنشاہِ نَبوت صَلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ عبرت نِشان ہے : میں نے آج رات دو شخص دیکھے ، وہ میرے پاس آئے اور مجھے ایک مقدس سر زمین کی طرف لے گئے ۔ اس کے بعد (راوی نے ) طویل حدیثِ پاک ذکر کی یہاں تک کہ سرکارِ عالی وقار صَلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : پھر ہم تنور کی مثل ایک سوراخ کے پاس پہنچے جس کا اوپر والا حصہ تنگ اور نیچے والا کشادہ تھا، اس کے نیچے آگ جَل رہی تھی، جب آگ کے شعلے بلند ہوتے تو اس میں موجود لوگ بھی اوپر آ جاتے یہاں تک کہ وہ نکلنے کے قریب پہنچ جاتے اور جب آگ بجھ جاتی تو وہ اسی میں واپس لوٹ جاتے اور اس میں برہنہ مرد اور عورتیں تھیں ۔ (بخاری، کتاب الجنائز، ۱ /۴۶۷، حدیث : ۱۳۸۶( اورایک روایت میں ہے کہ حضور نبی ٔپاک، صاحبِ لَوْلاک صَلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : پھر ہم تنور کی مثل ایک چیز کے پاس پہنچے ۔ راوی کہتے ہیں میرا گمان ہے کہ آپ صَلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم فرما رہے تھے : اس میں سے چیخ و پکار کی آوازیں آرہی تھی ۔ پھر آپ صَلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : ہم نے اس میں جھانکا تو اس میں ننگے مرد اور عورتوں کو پایا جبکہ ان کے نیچے سے ایک شعلہ ان کی طرف آتا اور جب ان تک پہنچتا تو وہ چیخنے لگتے ۔ اس حدیثِ پاک کے آخر میں ہے : ’’ننگے مرد اور عورتیں جو کہ تنور کی مثل سوراخ میں تھے وہ سب زانی مرد اور زانی عورتیں تھیں ۔ ‘‘ (بخاری، کتاب التعبیر، باب تعبیر الرؤیا بعد صلاۃ الصبح، ۴ /۴۲۵، حدیث : ۷۰۴۷)
وَادِیٔ جُبُّ الْحُزن کی مخلوق
دو عالَم کے مالِک و مختار باذنِ پروردگار ، مکّی مَدَنی سرکار صَلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ عبرت نشان ہے : جہنّم میں ایک وادی کا نام جُبُّ الحزن (یعنی غم کا کنواں) ہے ، اس میں سانپ اور بچھو ہیں، ان میں سے ہر بچھو خچر جتنا بڑا ہے ، اس کے 70 ڈنک ہیں، ہر ڈنک میں زہر کی مشک ہے ، جب وہ بدکاری کرنے والے کو ڈنک مارکر اپنا زہر اس کے جسم میں انڈیلے گا تو وہ 1000 سال تک اس کے درد کی شدّت محسوس کرتا رہے گا، پھر اس کا گوشت جھڑ جائے گا اور اس کی شرم گاہ سے پیپ اور کَچ لَہُو (یعنی خون ملی پیپ) بہنے لگے گی ۔ (کتاب الکبائر للذہبی، الکبیرۃ العاشرۃ : الزنی…الخ ، ص۵۹)
حضور نبی ٔپاک، صاحبِ لَوْلاک صَلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا ارشادِ پاک ہے : ’’اے لوگو!بدکاری سے بچتے رہو بیشک اس کے چھ نقصان ہیں : تین نقصان دنیا میں ہیں اور تین آخرت میں ۔ دنیاکے نقصان یہ ہیں : (۱) بدکاری ، بدکاری کرنے والے کے چہرے کی خوبصورتی خَتْم کردیتی ہے (۲)اسے محتاج وفقیر بنادیتی ہے اور(۳)اس کی عمر گھٹادیتی ہے ۔ آخرت کے نقصانات یہ ہیں : (۱) بدکاری ، اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی ناراضی (۲) کڑے وبُرے حساب اور (۴)جہنّم میں مدّتوں رہنے کاسبب ہے ۔ پھر آپ صَلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے آیتِ مبارکہ تلاوت فرمائی :
لَبِئْسَ مَا قَدَّمَتْ لَهُمْ اَنْفُسُهُمْ اَنْ سَخِطَ اللّٰهُ عَلَیْهِمْ وَ فِی الْعَذَابِ هُمْ خٰلِدُوْنَ(۸۰) (پ۶، المائدۃ : ۸۰)
ترجمۂ کنز الایمان : کیا ہی بُری چیز اپنے لئے خود آگے بھیجی یہ کہ اللہ کا ان پر غضب ہوا اور وہ عذاب میں ہمیشہ رہیں گے ۔ ) شعب الایمان، باب فی تحریم الفر وج، ۴ /۳۷۹، حدیث : ۵۴۷۵)
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! آپ نے بدکاری کی تباہ کاریاں ملاحظہ کیں کہ اس کے سبب بندہ دنیا میں ذلیل و رسوا اور آخرت میں بھی ذلیل و خوار اور دردناک عذابِ الٰہی کا حقدار ہوتا ہے ۔ اس ’’فعل بد‘‘ کے مُرتَکِب کے بارے میں احادیث مبارکہ ہمارے سامنے ہیں، کیا ہم اب بھی نہ مانیں گے ، خودکو اس گناہ کی طرف لے جانے والے اسباب سے نہیں بچائیں گے ۔
یاد رکھئے ! اس گناہ سے اُخروی زندگی برباد ہونے کے ساتھ ساتھ دُنیاوی زندگی بھی تباہ ہوسکتی ہے ۔ چنانچہ دنیا میں بدکاری کی وجہ سے عذاب نازل ہونے کے متعلق عبرت کی نِگاہ سے درج ذیل فرامینِ مصطفے ٰ پڑھئے :
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع