30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
٭حضرتِ سَیِّدَتُنا اَسما بِنْتِ ابی بکر صدیق رَضِیَاللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا کے شہزادے حضرتِ سَیِّدُنا عُرْوہ بن زُبیر بن عوّام رَضِیَاللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا بسا اَوقات اپنی خالہ اُمُّ الْمُومِنِین حضرتِ سَیِّدَتُنا عائشہ صِدِّیْقَہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا کی خِدْمَت میں رات کے وَقْت حاضِر ہوتے تو علمی مذاکرے میں اتنا وَقْت گزر جاتا کہ اُمُّ الْمُومِنِین رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا اِرشَاد فرمایا کرتیں : ( بس کرو اب تو) صُبْح ہو گئی ہے ۔ اسی طرح ایک رِوایَت میں ہے کہ بسا اَوقات دیگر مُعَزّزِینِ قُرَیْش بھی رات کی اس مَـحْفِل میں شریک ہوتے ۔ [1]
٭حضرتِ سَیِّدُنا اِمام اِبنِ سیرین رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ کے مُتَعَلِّق بھی مَرْوِی ہے کہ آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ بھی عشا کے بعد دیر گئے تک علمی مَـحْفِل سجایا کرتے تھے ۔ [2] بلکہ ایک رِوایَت میں تو یہاں تک ہے کہ اَمِیرُ الْمُومِنِین حضرتِ سَیِّدُنا عمر بن عبد العزیز رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ تَعَالٰی عَلَیْہ کا بھی بسا اَوقات یہی مَعْمُول رہتا تھا۔ [3]
میٹھے میٹھے اِسْلَامی بھائیو ! یہ وہ مثالیں ہیں ، جن میں ہمارے اَسلاف رات رات بھر یا رات کا ایک طویل حصہ جاگ کر علمی مذاکرے فرمایا کرتے تھے ، مگر ایسی روایات کی بھی کمی نہیں جن میں دن کے اَوقات میں مذاکروں کا تَذْکِرہ ملتا ہے ۔ بَرَکَت کے لئے ذیل میں دو۲ واقعات پیشِ خِدْمَت ہیں:
حضرتِ سَیِّدُنا امامِ اَعْظَم ابو حنیفہ نُعمان بن ثابِت رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ نے صحابۂ کِرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان میں سے حضرتِ سَیِّدُنا اَنَس بن مالک اور حضرتِ سَیِّدُنا عبداللہ بن ابی اَوفیٰ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا اور کم و بیش16 تابعین( یعنی جنہوں نے صحابۂ کِرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان کی صُحْبَت پائی ، ان) سے احادیثِ کریمہ رِوایَت کی ہیں۔ ہر مسئلے کے حل کے لئے آپ کی ذات مَرجَعِ خَلائق تھی( یعنی کثیر لوگ مسائل کے حل کیلئے آپ کی خِدْمَت میں حاضِر ہوتے ) ۔ اسی خُصُوصِیَّت کی وجہ سے آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ کو بے مثال سمجھا جاتا تھا۔ اپنے وَقْت کے عظیم محدِّث حضرتِ سَیِّدُنا اِمام اَعمش سلیمان بن مہران رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ کا شُمار اِمامِ اَعْظَم رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ کے اَسَاتِذہ میں ہوتا ہے جو نہ صِرف شہر ِکوفہ بلکہ پورے عراق میں عِلْمِ حدیث کے حوالے سے مَشْہُور تھے ۔ ایک دن حضرتِ سَیِّدُنا امام اَعمش رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ نے آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ سے کچھ علمی سوالات کئے ، جس پر سَیِّدُنا امامِ اَعْظَم رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ نے ایسے علمی اور فقہی جوابات اِرشَاد فرمائے کہ استاذِ مُحْتَرَم حیران و ششدررہ گئے ، حضرتِ سَیِّدُنا اِمام اَعمش رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ نے اپنے اس لائق اور ہونہار شاگرد سے پوچھا : آپ نے یہ جوابات کہاں سے سیکھے اور سمجھے ؟سَیِّدُنا اِمامِ اَعْظَم رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ نے فرمایا: آپ نے جو ہمیں فلاں فلاں روایات بیان کی تھیں ، بس انہیں کی بُنْیَاد پر میں نے یہ جوابات بیان کئے ہیں۔ حضرتِ سَیِّدُنا اِمام اَعمش رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ آپ کی خداداد قوّتِ حافظہ اور بے مِثال فَقَاھَت( فقہی مَہَارَت) دیکھ کر بے ساختہ پُکار اٹھے : آپ تو طبیب ہیں اور ہم آپ کی تجویز کردہ دواؤں کو فَرَوخْت کرنے والے ( یعنی آپ قرآن و حدیث کے دلائل سے مسائلِ شرعیہ نکالنے والے ہیں اور ہم لوگوں کوبیان کرنے والے ۔ ) [4]
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع