دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Ghusal ka Tariqa Shafai | غسل کا طریقہ شافعی

Ghusal ka tarika aur ghusal ke faraiz ka bayan

book_icon
غسل کا طریقہ شافعی
            
پہلے اسے پڑھ لیجئے! الحمد للہ ! عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے بانی ، شیخِ طریقت ، امیرِ اہلسنت حضرت علامہ مولانا ابو بِلال محمد الیاس عطاؔر قادِری رضوی ضیائی دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ کے کُتُب و رسائل میں عقائد و اعمال ، فضائل و مناقب ، شریعت و طریقت ، تاریخ و سیرت ، سائنس و طب ، اخلاق و ادب ، روزمرہ کے مُعَاملات اور دیگر بہت سے موضوعات پر علم و حکمت کا بہت قیمتی خزانہ ہوتا ہے اس لئے المدینۃ العلمیۃ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کا شعبہ “ کُتُبِ فقہِ شافعی “ آپ کی کُتُب و رسائل کو ترمیم و اضافہ کے ساتھ فقہِ شافعی کے مُطَابق مُرَتّب کر رہا ہے تاکہ فقہِ شافعی پر عمل کرنے والے افراد بھی امیرِ اہلسنت دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ کے علم و حکمت سے معمور مدنی پھولوں سے اِستفادہ کر سکیں۔ شعبہ کُتُبِ فقہِ شافعی کی طرف سے اس رِسالے پر کام کی تفصیل یہ ہے : * رِسالے میں ذِکْر کردہ تمام فقہی مسائل کو تبدیل کر کے فقہِ شافعی کی معتبر کُتُب سے لکھا گیا ہے۔ * ضرورتاً کہیں کہیں مسائل کا اِضافہ کیا گیا ہے۔ * دعوتِ اسلامی کی اِصْطِلاحات ، اسلامک ریسرچ سینٹر نیز شعبہ کُتُبِ فقہِ شافعی کے اپ ڈیٹ اُصُولوں کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے رِسالے میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ * مذکورہ کام مکمل کرنے کے بعد مفتی محمد رفیق سعدی شافعی مَدَّ ظِلُّہُ العالی سے پورے رِسالے کی شرعی تفتیش کرائی گئی ہے۔ اس رِسالے میں جو بھی خوبیاں ہیں یقیناً اللہ پاک کی توفیق ، اس کے محبوبِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی عطا ، اولیائے کرام کی عنایت اور امیرِ اہلسنت کی شفقتوں اور پُرخُلُوص دُعاؤں کا نتیجہ ہیں اور خامیوں میں ہماری غیر اِرادی کوتاہی کا دخل ہے۔ المدینۃ العلمیۃ (اسلامک ریسرچ سینٹر) ، شعبہ کُتُبِ فقہِ شافعی 4 رجب المرجب 1442ھ / 17 فروری 2021ء اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ ط اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ط بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط غسل کا طریقہ(شافعی) یہ رسالہ (19 صَفحات) مکمَّل پڑھ لیجئے ، قوی اِمکان ہے کہ کئی غَلَطیاں آپ کے سامنے آ جائیں۔

دُرُود شریف کی فضیلت

سرکارِ مدینہ ، قرارِ قلب و سینہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا ارشاد ِرحمت بنیاد ہے : مجھ پر دُرُودِ پاک کی کثرت کرو بے شک یہ تمہارے لئے طَہارت ہے۔ [1] صَلُّوا عَلَى الْحَبِيب ! صَلَّى اللهُ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّعَلٰى اٰلِهٖ وَصَحْبِهٖ وَسَلَّم

انوکھی سزا

حضرت جنید بغدادی رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں : اِبْنُ الکُرَیبی رحمۃُ اللہِ علیہ کہتے ہیں : ایک بار مجھے اِحتلام ہو گیا۔ میں نے اِرادہ کیا اسی وَقْت غُسل کر لوں۔ چُونکہ سَخْت سردی کی رات تھی نَفْس نے سستی کی اور مشورہ دیا : “ ابھی کافی رات باقی ہے اِتنی جلدی بھی کیا ہے! صبح اطمینان سے غسل کر لینا۔ “ میں نے فوراً نَفْس کو انوکھی سزا دینے کے لئے قسم کھائی کہ اسی وَقْت کپڑوں سَمیت نہاؤں گا اور نَہانے کے بعد کپڑے نچوڑوں گا بھی نہیں اور ان کو اپنے بدن ہی پر خشک کروں گا۔ چُنانچہ میں نے ایسا ہی کیا ، واقعی جو اللہ پاک کے کام میں ڈھیل کرے ایسے سرکش نَفْس کی یہی سزا ہے۔ [2] اللہ پاک کی اُن پر رَحْمت ہو اور ان کے صَدقے ہماری مغفرت ہو۔ اٰمین بِجاہِ النّبیِّ الْاَمین صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نِہنگ[3] و اژدہا مارا اگرچِہ شیرِ نر مارا بڑے موذی کو مارا نفسِ امّارہ کو گر مارا صَلُّوا عَلَى الْحَبِيب ! صَلَّى اللهُ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّعَلٰى اٰلِهٖ وَصَحْبِهٖ وَسَلَّم اے عاشقانِ اولیا! دیکھا آپ نے! ہمارے اَسلافِ کرام رحمۃُ اللہِ علیہم اپنے نَفْس کی چالوں کو ناکام بنانے کے لئے کیسی کیسی مشقتیں جھیلتے تھے۔ اس سے وہ اسلامی بھائی دَرْس حاصِل کریں جو رات کو اِحْتِلام ہو جانے کی صورت میں آخرت کی خوفناک شَرْم کو بُھلا کر محض گھر والوں سے شرما کر یا غسل کے مُعامَلے میں سستی کر کے ، نَمازِ فجر کی جماعت ضائِع بلکہ مَعاذَ اللہ نَماز تک قَضا کر ڈالتے ہیں! جب کبھی غسل فرْض ہو جائے تو نَماز کا وقت آ جانے پر فوراً غسل کر لینا چاہئے۔ حدیثِ پاک میں آتا ہے : “ فِرِشتے اُس گھر میں داخِل نہیں ہوتے جس میں تصویر اور کتّا اور جُنُب (یعنی جس پر جِماع یا اِحتِلام یا شَہوت کے ساتھ مَنی خارِج ہونے کی وجہ سے غسل فرض ہو گیا) ہو۔ “ [4]

غُسل کا طریقہ (شافعی)

جنبی کو غسل سے پہلے اِستنجا کرنا سنت ہے تاکہ اگر منی ہو تو نکل جائے۔ بہتر یہ ہے کہ استنجا کی جگہ کو دھوتے وقت صرف ان دو جگہوں سے حدث دور کرنے کی نیت کر لے کیونکہ دورانِ غسل انہیں چھونے سے وُضو ٹوٹ جائے گا۔ اب جس پر غسل فرض ہے وہ اس طرح نیت کرے : نَوَیْتُ اَدَاءَ فَرْضِ الْغُسْلِ میں نے غسل کے فرض ادا کرنے کی نیت کی ، اور دل میں یہ نیت ہوتے ہوئے تسمیہ یعنی بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم پڑھئے ، [5] دونوں ہاتھ پہنچوں تک دھوئیے اور جسم پر اگر کہیں گندگی ہو تو اسے دُور کیجئے۔ [6] پھر کلّی کیجئے اور ناک میں پاک چڑھائیے۔ پھر نماز کا سا مکمل وُضو کیجئے۔ پھر بدن کے ان حصوں تک توجّہ کے ساتھ پانی پہنچایئے جن میں خم اور بَل ہوتے ہیں جیسے کان ، بغل ، ناف وغیرہ ، اور دونوں ہاتھوں کی انگلیاں بھگو کر تین بار بالوں کی جڑوں کا خلال کیجئے۔ اب پہلے تین بار سر پر پانی بہائیے ، پھر تین بار سیدھے کندھے پر پھر الٹے کندھے پر اور تمام بدن پر تین بار۔ قبلہ رو اور پے در پے غسل کرنا سنت ہے۔ تمام بدن پر ہاتھ پھیر کر مَل کر نہائیے۔ [7] غسل سے فارِغ ہونے تک نیتِ غسل کا حاضِر رہنا[8] اور آخر تک باوُضو رہنا سنت ہے۔ [9] ایسی جگہ نہانا چاہئے جہاں کسی کی نظر نہ پڑے اگر یہ ممکن نہ ہو تو مرد اپنا ستر (ناف سے لے کر دونوں گھٹنوں تک) کسی موٹے کپڑے سے چھپا لے ، موٹا کپڑا نہ ہو تو حسبِ ضرورت دو یا تین کپڑے لپیٹ لے کیوں کہ باریک کپڑا ہو گا تو پانی سے بدن پر چپک جائے گا اور مَعاذَ اللہ رانوں وغیرہ کی رنگت ظاہر ہو گی۔ عورت کو تو اور بھی زیادہ اِحْتِیاط کی حاجت ہے۔ یاد رہے! تنہائی میں برہنہ ہو کر غسل کرنا بھی جائز ہے البتہ افضل یہ ہے کہ شَرْم گاہ کو چھپائے رکھئے۔ دورانِ غسل بِلاضرورت کسی قسم کی گفتگو مت کیجئے اور بلاعُذْر تولیے وغیرہ سے بدن بھی نہ پونچھئے۔ [10] نہانے کے فوراً بعد کپڑے پہن لیجئے۔ نہانے کے بعد ہاتھ اور نِگاہ آسمان کی طرف اُٹھا کر قبلہ رو تین مرتبہ پڑھئے : اَشْهَدُ اَنْ لَّآ اِلٰهَ اِلَّا اللَّهُ وَحْدَهٗ لَا شَرِيْكَ لَهٗ وَاَشْهَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهٗ وَرَسُولُهٗ اَللّٰهُمَّ اجْعَلْنِيْ مِنَ التَّوَّابِيْنَ وَاجْعَلْنِيْ مِنَ الْمُتَطَهِّرِيْنَ وَاجْعَلْنِیْ مِنْ عِبَادِکَ الصَّالِحِیْنَ سُبْحٰنَكَ اللّٰهُمَّ وَبِحَمْدِكَ اَشْهَدُ اَنْ لَّآ اِلٰهَ اِلَّا اَنْتَ اَسْتَغْفِرُكَ وَاَتُوْبُ اِلَيْكَ وَصَلَّى اللهُ عَلٰى سَيِّدِنَا مُحَمَّدٍ وَّعَلٰى اٰلِهٖ وَصَحْبِهٖ وَسَلَّمَ ۔ پھر تین بار سُوْرَۃُ الْقَدْر پڑھئے۔ [11]

غُسل کے دو فرائض

(1)نیت (2)تمام ظاہرِ بدن پر پانی بہانا۔ [12]

(1)نیت

* جس پر غسل فرْض ہے وہ جنابت ، حیض یا نفاس سے پاکی حاصِل کرنے یا غسل کے فرض ادا کرنے وغیرہ کی نیت کرے۔ [13] * سنت غسل میں اس سبب کی نیت کیجئے جس کے لئے غسل کا اِرادہ ہے ، مثلاً غسلِ جمعہ کے لئے اس طرح نیت کیجئے : نَوَیْتُ الْغُسْلَ لِلْجُمُعَۃِ میں نے جمعہ کے لئے غسل کی نیت کی۔ * جنون (پاگل پن) جاتے رہنے اور بے ہوش کو ہوش میں آنے کے بعد غسل کرنا بھی سنت ہے لیکن یہ اس غسل میں وہ نیت کرے جو فرْض غسل کے لئے کی جاتی ہے کیونکہ اکثر مجنون اور بے ہوش شخص کو اِنزال ہو جاتا ہے۔ [14] * بدن کا پہلا حصہ دھوتے وَقت دل میں نیت ہونا فرْض ہے۔ * اگر بدن کا کچھ حصہ دھلنے کے بعد نیت کی تو جو حصَّہ نیت سے پہلے دُھل چکا تھا فرْض غسل میں نیت کے بعد اسے دوبارہ دھونا فرْض ہے۔ [15]

(2)تمام بدن پر پانی بہانا

سر کے بالوں سے لے کر پاؤں کے تلووں تک جسم کے ہر پرزے اور ہر رونگٹے پر حتی کہ ناخنوں کے نیچے بھی پانی بہ جانا ضروری ہے۔ یاد رہے کہ تمام ظاہرِ بدن پر پانی بہ جانے کا ظنِ غالب ہونے سے غسل ہو جائے گا البتہ کان ، بغل ، ناف اور جسم کی وہ تمام جگہیں جن میں خم اور بل ہوتا ہے وہاں توجّہ کے ساتھ پانی بہانا سنت ہے۔ [16]
[1]......
مسند ابی یعلی ، مسند ابی ہريرۃ ، 5 / 62 ، حدیث : 6407 ، دار الفكر بيروت ۔ [2]...کیمیائے سعادت ، رکن چہارم ، اصل ششم ، مقام چہارم ، ص۳۶۸ ، النوریہ الرضویہ پبلشنگ کمپنی لاہور۔ [3]...مگر مچھ۔ [4]... ابو داود ، کتاب الطہارة ، باب فى الجنب ...الخ ، ص50 ، حديث : 227 ، دار الکتب العلمیہ بیروت ۔ [5]... اعانۃ الطالبين ، باب الصلاة ، فصل فى شروط الصلاة ، 1 / 129-134 ، ملخصا ، دار الکتب العلمیہ بیروت ۔ [6]... المنہج القويم ، باب الطہارة ، فصل فى صفات الغسل ، ص117 ، دار المنہاج بيروت ۔ [7]... اعانۃ الطالبين ، باب الصلاة ، فصل فى شروط الصلاة ، 1 / 129-135 ، ملخصا۔ [8]... المجموع شرح المہذب ، كتاب الطہارة ، باب فى صفۃ الغسل ، 3 / 152 ، دار الحديث قاہرہ ۔ [9]... اعانۃ الطالبين ، باب الصلاة ، فصل فى شروط الصلاة ، 1 / 132۔ [10]... فتح المعين ، باب الصلاة ، فصل فى شروط الصلاة ، ص69 ، 70 ، ملتقطا ، دار ابن حزم بيروت ۔ [11]... اعانۃ الطالبين ، باب الصلاة ، فصل فى شروط الصلاة ، 1 / 135۔ [12]... اعانۃ الطالبين ، باب الصلاة ، فصل فى شروط الصلاة ، 1 / 128 ، 129 ، ملخصا۔ [13]... اعانۃ الطالبین ، باب الصلاۃ ، فصل فی شروط الصلاۃ ، 1 / 128۔ المنہج القویم ، باب الطہارۃ ، فصل فی صفات الغسل ، ص116۔ [14]... اعانۃ الطالبین ، باب الصلاۃ ، فصل فی صلاۃ الجمعۃ ، 2 / 122 ، ملخصا۔ [15]... اعانۃ الطالبين ، باب الصلاة ، فصل فى شروط الصلاة ، 1 / 129۔ [16]... اعانۃ الطالبين ، باب الصلاة ، فصل فى شروط الصلاة ، 1 / 129 ، 134۔

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن