30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
خونخوار درندے کا نوالہ بنتا ہے تو کوئی کسی قاتل کے ہاتھوں موت کے گھاٹ اترتا ہے ، … اے بندے سوچ تو سہی ! تیری موت کس طرح آئے گی؟…کیا تو اس کی سختیاں جھیل پائے گا ؟… کیا تو اپنے پیاروں سے جدائی کے صدمات کو برداشت کر پائے گا ؟…غنیمت جان کہ ابھی تک تجھ پر یہ وقت نہیں آیا ، لہذا اپنی موت کے لئے تیاری کر لے ، آج گناہوں سے پرہیز کر کے اپنی نیکیوں میں اضافہ کر لے ، اور اپنے رب عَزَّ وَجَلَّ سے زندگی میں اورموت کے وقت عافیت کا طلب گار بن جا، شاید کہ تجھ پر موت کی سختیاں کچھ آسان ہوجائیں ۔ اللہ تَعَالٰی تیرا حامی وناصر ہو ۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم ‘‘
(14)جنت ودوزخ کا تصور باندھ کر’’ فکرِ مدینہ‘‘
کبھی اپنے نفس کو مخاطب کر کے اس طرح فکرِ مدینہ کیجئے، ’’اے نفس ! ذرا سوچ کہ اللہ تبارک و تَعَالٰی نے اپنے بندوں کے لئے جنت کی کیسی کیسی اعلیٰ نعمتیں تخلیق فرمائیں کہ ان جیسی کوئی شے نہ کبھی تو نے دیکھی ، نہ سنی ، اور نہ ہی تیرے دل میں اس کا خیال آیا ، … اگر رحمت ِ باری عَزَّ وَجَلَّ اور شفاعت ِ مصطفی (صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ)کے طفیل تو جنت میں پہنچ گیا تو تُو ہمیشہ تندرست رہے گا کبھی بیمار نہ پڑے گا ، … تیری عمر تیس برس کے لگ بھگ ہوگی ، تُوہمیشہ جوان رہے گا کبھی بوڑھا نہ ہوگا ، … ہمیشہ خوش رہے گا کبھی غمگین نہ ہوگا ، … ہمیشہ زندہ رہے گا کبھی نہیں مرے گا ، … تُوکھانے پینے کے باوجود نہ تو تھوکے گا نہ پیشاب وغیرہ کرے گا بلکہ ایک خوشبودار پسینے اور ڈکار کے ذریعے تیرا سارا کھانا ہضم ہوجائے گا ، …اگر تُوکسی جنتی پرندے کو اڑتا دیکھ کر دل میں تمنا کرے گا کہ کاش! یہ پرندہ مجھے بھُنا ہوا مل جائے تو وہ پرندہ تیرے سامنے آن گرے گا اور بغیر دھوئیں کے بھُنا ہوا ہو گا ، تُو اس میں سے جتنا چاہے گا کھائے گا ، تیرے فارغ ہونے کے بعد وہ پرندہ اپنی اصلی شکل میں واپس آئے گا اور اڑتا ہوا روانہ ہو جائے گا ، … تُو جن محلات میں رہے گا وہ ایسے صاف شفاف ہیں کہ اندر کا حصہ باہر سے دکھائی دیتا ہے، …وہاں تجھے سونے کی حاجت بھی محسوس نہیں ہوگی ، … تجھے کم ازکم اسّی ہزار خادم ملیں گے اور اسّی جنتی حُوریں ملیں گی ، …جن میں سے ہر ایک ایسی ہے کہ اُس کے چہرے کی چمک سے زمین وآسمان روشن ہوجائیں ، اُس کا تھوک اگر سات سمندروں میں ڈال دیا جائے تو اُن کا پانی شہدسے زیادہ میٹھا ہوجائے ، … اُس کی مسکراہٹ سے جنت میں نور پھیل جائے ، …اُس کا دوپٹا دنیاو مافیہا سے بہتر ہے ، … اگر وہ اپنی ہتھیلی زمین وآسمان کے درمیان نکالے تو اس کے حسن کی وجہ سے لوگ فتنے میں مبتلاء ہوجائیں ، … پھر جنتی دریاؤں سے نکلنے والی پانی، دودھ، شہد اور پاکیزہ شراب کی نہریں تیرے محل کے اندر سے ہوکر گزریں گی ، …جب تجھے پانی وغیرہ پینے کی خواہش ہوگی تو پیالا خود بخود تیرے ہاتھ میں آجائے گا جس میں تیری خواہش کے مطابق مشروب ہوگا، …وہاں تُو جو کھانا کھائے گا اس کے ہر لقمے میں ستّر الگ الگ قسم کے مزے ہوں گے ، … سب سے بڑھ کر نعمت یہ ملے گی کہ تجھے اپنے رب تَعَالٰی کا دیدار نصیب ہوگا ۔
لیکن اس کے برعکس اگر تجھے(معاذ اللہ عَزَّ وَجَلَّ ) اپنے گناہوں کی سزا بھُگتنے کے لئے جہنم میں پھینک دیا گیا تو یاد رکھ ! یہ وہ جگہ ہے جس کی آگ دنیا کی آگ سے ستر گُنا تیز ہے ، … اگر جہنم کو سوئی کے ناکے کے برابر کھول دیا جائے تو تمام اہل ِ زمین اس کی گرمی سے مر جائیں ، … اگر جہنمیوں کو باندھنے والی زنجیر کی ایک کَڑی دنیا کے کسی پہاڑ پر رکھ دی جائے تو وہ زمین میں دھنس جائے ، … جہاں اونٹ کے برابر سانپ ہیں ، ان میں سے اگر کوئی سانپ کسی کو کاٹ لے تو چالیس سال تک اس کا درد محسوس ہوتا رہے گا ، … اس میں خچر کے برابر بچھو ہیں جوایک مرتبہ کاٹ لیں تو چالیس برس تک تکلیف محسوس ہوتی رہے ، …اس کا ہلکاترین عذاب یہ ہے کہ انسان کو آگ کی جوتیاں پہنائی جائیں گی ، جس سے اس کا دماغ ہانڈی کی طرح کھولنے لگے گا ۔(الامان والحفیظ )
اے نفس ! اب فیصلہ تیرے ہاتھ میں ہے کہ تُو اپنے مالک عَزَّ وَجَلَّ اور اس کے پیارے حبیب (صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ)کی اطاعت میں زندگی گزار کر جنت میں جانا چاہتا ہے ۔۔یا۔ ۔ (معاذ اللہ )گناہوں بھری زندگی بسر کر کے جہنم کی گہرائیوں میں گرنا چاہتا ہے ، … تُو یقینا جنت میں جانے کا خواہش مند ہوگا ، لیکن اس کے لئے تجھے اپنی خواہشات کی قربانی دیتے ہوئے نیکیوں کو اپنانا ہوگا اور گناہوں سے جان چھڑانی ہوگی ، … چل جلدی کر ! اور آخرت میں کامیابی کے حصول کے لئے کمر بستہ ہوجا۔‘‘
(15) روزمرہ کے معمولات کے حوالے سے’’ فکرِ مدینہ‘‘
کبھی تواس طرح اپنے روز مرہ کے معمولات کا محاسبہ کیجئے کہ ’’کل صبح سے لے کر اب تک میں کتنا وقت گزار چکا ہوں ؟… جس انداز سے میں نے یہ وقت گزارا ، کیا یہ اندازایک مسلمان کو زیب دیتا ہے ؟… افسوس! اپنی عادت کے مطابق میں نے جگائے جانے کے باوجود سستی کرتے ہوئے فجر کی جماعت چھوڑ دی اور گھر میں پڑھ لی، … پھر اپنی دکان پر جانے کے لئے تیار ہوتے ہوئے داڑھی شریف جو کہ عظیم سنت ہے ، کو مونڈھ کر (معاذ اللہ ) گندی نالی تک میں بہا دینے سے دریغ نہیں کیا… ، پھر کپڑے وغیرہ تبدیل کرنے کے دوران اپنے پسندیدہ گانے سننے کا بھی سلسلہ رہا …، بھابھی سے چھیڑ چھاڑ بھی جاری رہی…، ناشتہ پسند نہ آنے پر والدہ سے بدتمیزی کر کے ان کا دل بھی تو دُکھایاتھا…، اباجان نے ایسا کرنے سے منع کیا تو انہیں بھی آڑے ہاتھوں لیا تھا، …، خلاف ِ سنت لباس پہن کرجب گھر سے روانہ ہوا تو چلتے چلتے اپنے پڑوسیوں کے دروازے سے دانستہ طور پراندر جھانکا بھی تھا…، بس میں ایک مسافر سے خوامخواہ الجھ کر دو چار گالیاں بھی توبکی تھیں …، اور بس کی کھڑکی سے فٹ پاتھ پر چلنے والی بے پردہ خواتین کوٹکٹکی باندھ کر دیکھا بھی توتھا… ، پھر دکان پر آنے والے گاہگوں میں سے کسی کے ساتھ جھوٹ بولا، کسی کے سامنے جھوٹی قسم تک اٹھائی ، کسی کو عیب دار مال بغیر عیب بتائے بھی تو بیچ ڈالا تھا ، …سارا دن دکان پر اتنا ’’مصروف‘‘رہا کہ ظہروعصر ومغرب کی نماز کی ادائیگی کا ’’وقت ‘‘ہی نہ ملا، …پھر گھر لوٹنے کے لئے دوسروں کو دھکے دیتے ہوئے بس میں سوار ہوگیا تھا، … گھر پہنچ کر میں ’’شدید تھکاوٹ‘‘ کی بناء پر عشاء کی نماز نہ پڑھ سکا، …اوررات کا کھانا کھانے کے بعد ’’فریشFresh))‘‘ ہونے کے لئے گلی میں آوارہ دوستوں کی محفل میں جا بیٹھا، …فحش کلامی ، گالی گلوچ ، تاش ، رات گئے تک گلی ہی میں کرکٹ وغیرہ کھیلنااور اودھم مچاکر محلہ داروں کی ناک میں دم کرنا ہم تمام دوستوں کا’’ محبوب مشغلہ‘‘ تھا، جس کی بناء پر سارے محلے والے ہمارے’’ معترف‘‘تھے ، …جب رات گئے گھر لوٹاتوسب گھر والے سو چکے تھے ، لہذا میں نے ’’ذہنی سکون‘‘ کے لئے کمپیوٹر پر انٹرنیٹ آن کیا اور ایک ویب سائٹ کھولی جس میں سیکس اپیل(Sex Apeal) مناظر کی کثرت تھی…، یہاں تک کہ نیند کے مارے میری آنکھیں بوجھل ہونے لگیں ، میں نے کمپیوٹر بند کیا اور سونے کے لئے بستر پر چلا گیا…، یوں میں نے کل کا سارا وقت اللہ تَعَالٰی کی نافرمانی میں گزار دیا …۔
اس مقام پر پہنچ کر آنکھیں کھول کر اپنے آپ سے یوں مخاطب ہوں کہ ، ’’اے نادان ! تو کب تک اسی منحوس طرزِ زندگی کو اپنائے رکھے گا؟… کیا روزانہ یونہی تیرے نامۂ اعمال میں گناہوں کی تعداد بڑھتی رہے گی؟… کیا تجھے نیکیوں کی بالکل حاجت نہیں ؟…کیا تجھ میں دوزخ کے عذابات برداشت کرنے کی ہمت وطاقت ہے ؟ … کیا تو جنت سے محرومی کا دکھ برداشت کر پائے گا؟…
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع