دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Fazail e Dua | فضائل دعا

book_icon
فضائل دعا

             دُعا ، اللہ رب العزت جل وعلا سے مناجات کرنے ، اس کی قربت حاصل کرنے ، اس کے فضل وانعام کے مستحق ہونے اور بخشش و مغفرت کا پروانہ حاصل کرنے کا نہایت آسان اورمجرب ذریعہ ہے ۔ اسی طرح دعا پیارے مصطفی کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی متوارث سنت، اللہ رب العزت جل وعلا کے پیارے بندوں   کی متواترعادت، درحقیقت عبادت بلکہ مغزِ عبادت، اورگنہگار بندوں   کے حق میں   اللہ رب العزت جل وعلا کی طرف سے ایک بہت بڑی نعمت و سعادت ہے ۔

            دُعا کی اہمیت ا ور وقعت کا اندازہ خود قرآن پاک میں   اللہ رب العزت جل وعلا کے ارشاد :  { اُدْعُوْنِیْۤ اَسْتَجِبْ لَكُمْؕ-اِنَّ الَّذِیْنَ یَسْتَكْبِرُوْنَ عَنْ عِبَادَتِیْ سَیَدْخُلُوْنَ جَهَنَّمَ دٰخِرِیْنَ۠(۶۰)}([1])  اور{اُجِیْبُ دَعْوَةَ الدَّاعِ اِذَا دَعَانِۙ-فَلْیَسْتَجِیْبُوْا لِیْ }([2])    فرمانے ، اور عالمین پر نہایت ہی رؤ ف ورحیم رسول کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے پیدا ہوتے ہی اپنی امت کے حق میں    ((ربّ ھب لي أمّتي)) ([3])فرمانے ، روزِ محشر بھی  ((أنا لھا)) ([4])  پُکارنے پھر بارگاہِ رب العزت میں   سر بسجود رہ کر اُمت کی شفاعت فرماکر بخشوانے اور احادیث مبارکہ میں   بار بار ترغیب دلانے اور نہ مانگنے کی صورت میں  ربِ جلیل کا نہایت سخت حکم : (( من لا یدعوني أغضب علیہ)) ([5]) سنانے سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے ۔

            دعاکی اہمیت بیان کرتے ہوئے اسی کتاب کی فصلِ اوّل میں   رئیس المتکلمین مولانا نقی علی خانعَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن اِرشاد فرماتے ہیں    :

            ’’اے عزیز! دعا ایک عجیب نعمت اور عمدہ دولت ہے کہ پروردگار تَقَدَّسَ وَتَعَالٰینے اپنے بندوں   کو کرامت فرمائی اور اُن کو تعلیم کی، حلِ مشکلات میں   اس سے زیادہ کوئی چیز مؤثر  نہیں  ، اور دفعِ بلا وآفت میں   کوئی بات اس سے بہتر نہیں۔‘‘

            چنانچہ دعا کے اس قدر مفید اور نفع بخش ہونے کے باوجود اس سے استفادہ اسی صورت میں   ممکن ہے جبکہ اس کے شرائط و آداب بھی ملحوظِ خاطر رہیں  ورنہ عین ممکن ہے کہ دعا کرنا فائدہ مند نہ ہو۔

            اسی کتاب کی فصل دوم میں   دعاکے شرائط و آداب کا مفصل بیان موجود ہے ، یہاں   موقع کی مناسبت سے سورۂ مومن کی آیت کریمہ نمبر۶۰کے تحت صدر الافاضل، بدر الاماثل سید مولانا نعیم الدین مراد آبادی کی بیان کردہ تفسیرسے ایک نہایت جامع اقتباس ملاحظہ فرمائیں   :

            ’’اللہ تعالیٰ بندوں   کی دعائیں   اپنی رحمت سے قبول فرماتا ہے اور ان کے قبول کے لیے چند شرطیں   ہیں  : ایک اخلاص دعا میں  ، دوسرے یہ کہ قلب غیر کی طرف مشغول نہ ہو، تیسرے یہ کہ وہ دعا کسی امرِ ممنوع پر مشتمل نہ ہو ، چوتھے یہ کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت پر یقین رکھتا ہو، پانچویں   یہ کہ شکایت نہ کرے کہ میں   نے دعا مانگی قبول نہ ہوئی جب ان شرطوں   سے دعا کی جاتی ہے قبول ہوتی ہے حدیث شریف میں   ہے کہ دعا کرنے والے کی دعا قبول ہوتی ہے یا تو اس کی مراد دنیا ہی میں   اس کو جلد دے دی جاتی ہے یا آخرت میں   اس کے لیے ذخیرہ ہوتی ہے یااس سے اس کے گناہوں   کا کفارہ کردیا جاتا ہے ‘‘(’’خزائن العرفان‘‘ ، ص۷۵۴، مطبوعہ مرکز اہلسنّت برکات رضا، ہند)

            مختصر یہ کہ  زیرِ نظرکتاب دعا سے متعلق جملہ احکام کی جامع ہونے کے ساتھ ساتھ کئی قرآنی آیات کی تفسیر، احادیث کی تشریح، علم کلام سے متعلق چند نہایت اہم عقائد کی تحقیق ، بعض تحقیق طلب فقہی مسائل کی تفصیل، اور بعض نادر ونایاب اہم افادوں   اور وضاحتوں   کے ساتھ ایک زبردست علمی شاہکار ہے ۔

             چنانچہ اس جلیل القدر علمی تحقیقی اور دعا کے موضوع پر لاجواب کتاب کی اہمیت کے پیش نظر تبلیغِ قرآن وسنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوت ِ اسلامی کی مجلس ’’المدینۃ العلمیۃ‘‘ کے شعبۂ کتبِ اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ کے ان مَدَنی علماء کرام :    محمدیونس علی عطاری مدنی، محمدکاشف سلیم عطاری مدنی، سیدعقیل احمدعطاری مدنی، حامد علی عطاری، قاری اسماعیل عطاری مدنی، محمد گلفراز عطاری مدنی  سَلَّمَہُمُ اللّٰہُ تَعَالٰینے دوبارہ طبع ہونے سے پہلے پچھلی طباعت  کو کافی حد تک برقرار رکھتے ہوئے عوام اسلامی بھائیوں   کی آسانی کے پیش نظر مزید حواشی، تسہیلات، اور احادیث مبارکہ ، فقہی جزئیات، اور دیگر دوسری عبارات کی حتی المقدور تخریج کے ساتھ اس کتاب کو ازسر نو مرتّب کیا، لہٰذامسلسل محنت اور جانفشانی کے ساتھ اس کام کومکمل کرنے پریہ مدنی علما ء کرام  نہایت داد و تحسین کے مستحق ہیں   ۔

                ذیل میں   دی گئی  تفصیل ملاحظہ فرمانے کے بعدکچھ حد تک ان علماء کرام کی محنت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ، اس کتاب کی طباعت سے پہلے ان امور کو ملحوظ رکھا گیا :

 ۱۔  آیات واحادیث اور دیگر عبارات کے حوالہ جات کی مقدور بھر تخریج کی گئی ہے ۔

 ۲۔  مشکل الفاظ کے معانی اور اُن کی تسہیل کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ عام قاری کو بھی یہ ’’کتاب‘‘ پڑھنے میں   دشواری محسوس نہ ہو۔

۳۔  مختصر تسہیلیں   متن ہی میں   بریکٹ میں   کردی گئی ہیں  ، جبکہ طویل تسہیلوں   کی ترکیب حاشیہ میں   کی گئی ہے تاکہ ربطِ عبارت میں   خلل نہ آئے ۔

۴۔  آیاتِ قرآنیہ کو منقش بریکٹ {  }، متنِ احادیث کو ڈبل بریکٹ ((  ))، کتابوں   کے نام اور دیگر اہم عبارات کو Inverted cmmas  ’’  ‘‘ سے ممتاز کیا گیا ہے ۔

۵۔  امام اہلسنّت رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے جہاں   خودبریکٹ میں   کلام فرمایا ہے اسے بڑے موٹے فاؤنٹ (    ) سے ممتاز کیا گیاہے ۔

۶۔  جن آیاتِ قرآنیہ کا متن میں   ترجمہ نہیں   کیا گیا تھا ان کاحاشیہ میں   ’’کنزالایمان‘‘ سے ترجمہ کردیا گیاہے ۔

 



[1]      ’’مجھ سے دعا مانگو میں قبول فرمائوں گا جو لوگ میری عبادت سے تکبر کرتے ہیں عنقریب جہنم میں جائیں گے ذلیل ہو کر۔‘‘(پ۲۴، المؤمن :  ۶۰) یہاں عبادت سے مُراد دُعا ہے ۔ (’’فضائل دعا‘‘، ص۴۸)

[2]    ’’میں دعا مانگنے والے کی دعا قبو ل کرتا ہوں جب وہ مجھے پکارے ۔‘‘(پ۲، البقرۃ :  ۱۸۶)(’’فضائل دعا‘‘، ص۴۸)

[3]    ’’ خدایا میری امت کو میرے واسطے بخش دے ۔‘‘

(’’الکلام الأوضح في تفسیر سورۃ الم نشرح‘‘موسوم بہ’’ انوار جمال مصطفی ‘‘، ص۱۰۴، شبیر بدادرز)

[4]    میں اس کام کیلئے ہوںیعنی تمہاری شفاعت میرے ذمہ ہے ۔

’’صحیح البخاري‘‘، کتاب التوحید، باب کلام الرب عزوجل   إلخ، الحدیث :  ۷۵۱۰، ج۴، ص۵۷۷۔

[5]      یعنی ’’جو مجھ سے دعا نہ کرے گا میں اُس پر غضب فرماؤں گا۔‘‘

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن