30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
مسئلہ نمبر ٣٨: ازچتور گڑھ محلہ چھیپیان مسئولہ جمیع مسلمان گنگرار ١٥محرم ١٣٣٩ھ
کیافرماتے ہیں علمائے دین اگر ہجڑہ مر جائے اُس پر نمازِ جنازہ پڑھی جائے یا نہیں؟ اور اگر پڑھی جائے تو نیّت مرد کی جائے یا عورت کی؟
الجواب:
ہجڑہ اگر مسلمان ہے تواُس کے جنازہ کی نماز فرض ہے،اور نیت میں مرد عورت کی تخصیص کی کوئی حاجت نہیں۔ مرد وعورت دونوں کی ایك ہی دعا ہے، خصوصًا یہ ہجڑے جو یہاں ہوتے ہیں مرد ہی ہوتے ہیں جو اپنے آپ کو عورت بناتے ہیں ۔واﷲ تعالٰی اعلم۔
مسئلہ نمبر ٣٩: ازمین پوری مسئولہ مجیب اﷲ صاحب ٢٩ جمادی الآخرہ ١٣٣٩ھ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین کہ نمازِ جنازہ کے لئے امامت میں احق افضل کون ہے؟ کیا امام جامع مسجد یا قاضی اس معنٰی میں نکاح خوانی کرتا ہوا ور لیاقت کچھ نہیں رکھتا، صرف معمولی اردو کی کتابیں دیکھے ہوئے ہو وُہ بلااذن طلب کئے میّت کے ورثاء یا اولیاء سے نمازِ جنازہ پڑھا سکتا ہے؟ اور بموجودگی کئی افضل واعلم بالسنۃ عالم واحق بالامامۃ اُس کا نماز پڑھنا کیسا ہے؟ یہ جو عام طور پر رائج کہ اوّل وارث یا ولی میت سے اذن لیتے ہیں نماز پڑھانے کا یہ کیا کچھ ضروری چیز ہے؟ اور کون امام بلااذن طلب کئے بھی نماز پڑھا سکتا ہے؟ بینواتؤجّروا۔
الجواب:
نمازِ جنازہ ولیِ میّت کا حق ہے، دوسرا کہ اس کے اذن کا محتاج ہے، اگر بے اُس کے اذن کے پڑھائے اُسے اعادہ نماز جائز ہے حالانکہ نمازِ جنازہ کی تکرار مشروع نہیں۔ نکاح خوانی کا قاضی کوئی عہدہ شرعی نہیں وہ بے اذنِ ولی ہرگز نہیں پڑھا سکتا۔ یونہی جامع مسجد کا امام اگر میّت جمعہ وغیرہ اُس کے پیچھے نہ پڑھتا ہو یا وُہ علم وفضل میں ولی میّت سے زائد نہ ہو۔ اسی طرح امام الحی یعنی مسجد محلہ کا امام، ہاں اگر میّت اُن کے پیچھے نماز پرھا کرتا تھا۔ اور یہ فضل دینی میں ولی سے زائد ہیں تو بے اذنِ ولی پڑھاسکتے ہیںاور اصحابِ ولایت عامہ مثلًا سلطانِ اسلام یا اس کا نائب، حاکمِ شہر یا اس نائب، قاضی شرع جسے سلطانِ اسلام نے فصلِ مقدمات پر مقرر کیا یا اس کا نائب، یہ لوگ ولی پر مقدم ہیں،انہیں ولی سے اجازت لینے کی مطلقًا حاجت نہیں، اور صورتِ مذکورہ کے علاوہ دونوں امام اور یہ والیانِ عام اگر نماز پڑھادیں توولی کو حقِ اعادہ نہیں مگر فرض ِ کفایہ اداہوجائے گا، ولی نے اگر ان کی اقتدا کرلی فبہا کہ اذن ابتدامیں نہ تھا تو اب ہوگیا
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع