30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
المباحات تختلف صفتہا باعتبار ماقصدت لاجلہ فاذا قصد بھا التقوی علی الطاعات اوالتوصل الیہا کانت عبادۃ کالاکل و النوم واکتساب المال والوطء[1] انتھی
مباحات کامختلف نیات کے اعتبار سے حکم مختلف ہوجاتاہے پس جب اس سے طاعات پرفتوٰی یاطاعات کی طرف ایصال متصور ہو تو یہ عبادات ہوں گی مثلًا کھاناپینا ، سونا ، حصول مال اور وطی کرنا انتہی (ت)
لہذا مسئلہ دائرہ میں یہ حکم نہ دیں گے کہ نماز عید دوبارہ پڑھنا مستحب ہے کہ یہ طلب شرعی سے خبردے گا یعنی شرعًا مطلوب ہے کہ دوبارہ پڑھے اور یہ باطل ہے کہ اس کوثبوت درکار اور ثبوت نہیں ولہٰذا اس کا فعل بے وجہ ہوگا کہ سبب نہیں یہ اس کافی نفسہ حکم ہے پھر اگرخارج سے وجہ پیداہو مثلًا یہ امام متبرك بہ ہے یااس جماعت میں وہ لوگ ہیں جن کے ساتھ پڑھنے میں امید رحمت ہے کہ ھم القوم لایشقی بھم جلیسھم [2] (وہ ایسی قوم ہیں جن کاساتھی اور ہم نشین بدبخت نہیں ہوتا۔ ت) یا وہ وجہ جو ہم نے نمبردوم میں بیان کی کہ معظم دینی سے موافقت ومحوصورت مخالفت ، تو یہ سب نیت محمودہ ہیں اور مباح نیت محمودہ سے محمود اور محمود کاادنٰی درجہ نفل خصوصًا نماز کہ
الصلٰوۃ خیرموضوع فمن استطاع ان یستکثر منھا فلیستکثر [3] رواہ الطبرانی الاوسط عن ابی ھریرۃ رضی اﷲ تعالٰی عنہ عن النبی صلی اﷲ تعالٰی علیہ وسلم
نماز سب سے بہترین عمل ہے اس میں جتنا بھی کوئی اضافہ کرسکتاہے کرے۔ اسے طبرانی نے اوسط میں حضرت ابوہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کے حوالے سے حضوراکرم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم سے روایت کیاہے(ت)
یوں تحت کریمتین داخل ہوگا ، کشف الغمہ میں امیرالمؤمنین مولٰی علی کرم اﷲ وجہہ ، سے ہے
: فکان رضی اﷲ تعالٰی عنہ لاینھی احدا تطوع بشیئ زائدا علی السنۃ ویقول فمن تطوع خیرا فہوخیرلہ[4]۔
حضرت علی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کسی کو بھی سنت سے زائد نوافل سے نہ روکتے اور فرماتے جونیکی میں اضافہ کرناچاہتاہے اس کے لئے یہ بہترعمل ہے۔ (ت)
رہا کریمتین میں ترك واووفایہ لکھنا تلاوت قرآن کا وقت نہ تھا بلکہ استدلال کا اور ترك کسی ایسے حرف کا نہ کیا جس پرنظمًا یا معنیً صحت کو توقف یاموجب تغیر ہو تو اسے کسی طرح غلطی نہیں کہہ سکتے۔ ابن ابی حاتم و بیہقی نے امیرالمؤمنین علی کرم اﷲ وجہہ ، سے روایت کی :
ان رجلا سأل علیًا عن الھدی مماھو فقال من الثمانیۃ الازواج فکان الرجل شك فقال ھل تقرأ القراٰن قال نعم قال فسمعت اﷲ یقول لیذکروا اسم اﷲ علی مارزقھم
ایك آدمی نے حضرت علی سے ہدی(قربانی) کے بارے میں پوچھا کہ وہ کیا ہے؟ فرمایا آٹھ جوڑوں میں سے ، اس آدمی کو شك گزرا ، فرمایا کیا تونے قرآن حکیم پڑھاہے؟ عرض کیا۔ ہاں ۔ فرمایا کیا تونے یہ سنا ہوگا کہ اﷲتعالٰی
من بھیمۃ الانعام ومن الانعام حمولۃ وفرشا قال نعم فسمعتہ یقول من الضأن اثنین ومن المعز اثنین ومن الابل اثنین ومن البقر اثنین قال نعم[5]۔
فرماتاہے “ چاہئے کہ وہ اﷲ کانام ذکرکریں اس کے دئیے ہوئے بے زبان چوپایوں پر ، اور چوپایوں میں سے بعض وہ ہیں جو بوجھ اٹھانے والے اور کچھ زمین پربچھے ، میں نے عرض کیا ہاں ، فرمایا تونے یہ بھی سنا ہوگا کہ اﷲ تعالٰی فرماتاہے ایك جوڑا بھیڑ کا ، ایك جوڑا بکری کا ، ایك جوڑا اونٹ کا اور ایك جوڑا گائے کا ، فرمایا : ہاں ۔ (ت)
امیرالمؤمنین نے ایك آیت سترہویں پارے کی لی ایك آٹھویں کی اور ان کو سیاق واحد میں ذکرفرمایا دوبار سورہ انعام کی آیتوں میں خاص وسط میں سے اتنے جملے چھوڑدئیے :
قُلْ ءٰٓالذَّكَرَیْنِ حَرَّمَ اَمِ الْاُنْثَیَیْنِ اَمَّا اشْتَمَلَتْ عَلَیْهِ اَرْحَامُ الْاُنْثَیَیْنِؕ- نَبِّـٴُـوْنِیْ بِعِلْمٍ اِنْ كُنْتُمْ صٰدِقِیْنَۙ(۱۴۳)
تم فرماؤ کیا اس نے دونوں نرحرام کئے یا دونوں مادہ ، یا وہ جسے دونوں مادہ پیٹ میں لئے ہیں کسی علم سے بتاؤ اگرتم سچے ہو۔ (ت)
اب یہاں کیا حکم ہوگا نبؤنی بعلم ان کنتم صٰدقین۔ واﷲ تعالٰی اعلم
مسئلہ ۸۹۱ : ازشہر کہنہ بریلی محلہ کانکڑٹولہ مسئلہ محمدظہورخاں صاحب ۱۳ / شوال ۱۳۳۷ھ
کیافرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ فجر کی نماز امام پڑھارہاہے اب دوسرا نمازی آیا تو شامل جماعت ہوجائے یااول سنت اداکرے ، اگرمسجد چھوٹی ہے یاصحن مسجد قلیل ہے اورکانوں میں امام کی آواز آرہی ہے ایسی صورت میں ادائیگی سنت کس صورت سے ہوناچاہئے ، یابلاادائیگی سنت شامل ہوجائے اور سنت بعد طلوع آفتاب ہونا بہتریا اوّل یعنی جماعت میں شامل ہوگیاتھا اس کے بعد؟
الجواب :
اگرجانتا ہے سنتیں پڑھ کر جماعت میں شامل ہوسکے گا اور صف سے دور سنتیں پڑھنے کو جگہ ہے تو پڑھ کرملے ورنہ بے پڑھے ، پھر بعد بلندی آفتاب پڑھے ، اس سے پہلے پڑھناگناہ ہے ، کان میں آواز آنے کا اعتبارنہیں ، امام اندرپڑھ رہاہو باہرپڑھے ، باہرپڑھتا ہو اندرپڑھے ، حدمسجد کے باہر پاك جگہ پڑھنے کو ہو تو سب سے بہتر۔ واﷲ تعالٰی اعلم۔
مسئلہ ۸۹۲ : کیافرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ بعض نمازیوں کی کسی دنیاوی ضرورت کی وجہ سے مثلًا بازار کو خریدوفروخت کے لئے جاناہوتاہے تو اس کے لئے ان کی رعایت سے وقت مستحبہ پرنماز کو ترك کرنا اور اول وقت پڑھنے میں کچھ قباحت تونہیں ہے یا امام کو وقت مستحبہ پرپڑھنا چاہئے مثلًا عصر کے وقت کہ بعد گزرنے دومثل سایہ کے پندرہ بیس منٹ کا وقفہ اذان وصلوٰۃ کے لئے دے کر جماعت کرنے میں افضلیت توترك نہ ہوگی۔
الجواب :
عام جماعت کوضرورت ہو تو حرج نہیں ایك کے لئے جماعت منتشر کرنا یاسب کو ترك وقت مستحبہ کی طرف بلانا بے جاہے۔ واﷲ تعالٰی اعلم
مسئلہ ۸۹۳ : سیکریٹری انجمن مشفق المسلمین محلہ ابراہیم پورہ بریلی
بسم اﷲ الرحمٰن الرحیم کیا فرماتے ہین علمائے دین اس مسئلہ میں کہ ایك شخص مبتلائے جذام کو جس سے طبا اجتناب واجب ہے اور مسلمانان محلہ اس کے دخول مسجد واستعمال ظروف سے حذر کرتے ہیں مسجد میں بغرض شرکت جماعت وغیرہ آنے سے شرعًا بغرض فائدہ عوام روکاجاسکتاہے یانہیں ؟ بینواتوجروا
الجواب :
ہاں جبکہ اس کے آنے سے مسجد میں نجاست کاظن غالب ہو تو وجوبًا اور ایسانہ ہو صرف نفرت عوام و احتمال تقلیل جماعت ہو تو استحبابًا۔ واﷲ تعالٰی اعلم
مسئلہ ۸۹۴ : حافظ نجم الدین گندہ نالہ بریلی
کیافرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ :
(۱) ایك شخص کو غسل کی حاجت ہے اگروہ غسل کرتاہے تو فجر کی نماز قضاہو ئی جاتی ہے تو اس وقت اسے کیاکرناچاہئے۔
[1] الاشباہ والنظائر بیان دخول البیت فی العبادات مطبوعہ ادارۃ القرآن کراچی ۱ / ۳۴
[2] صحیح مسلم باب فضل مجالس الذکر مطبوعہ قدیمی کتب خانہ کراچی ۲ / ۳۴۴
[3] مجمع الزوائد بحوالہ طبرانی اوسط باب فضل الصلوٰۃ مطبوعہ دارالکتب بیروت ۲ / ۲۴۹
[4] کشف الغمۃ عن جمیع الامۃباب صلوٰۃ العیدین مطبوعہ دارالفکر بیروت ۱ / ۱۹۱
[5] السنن الکبرٰی للبیہقی باب الہدایا من الابل والبقر والغنم مطبوعہ دارصادربیروت ۵ / ۲۲۹
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع