30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
مسئلہ ۲۱۱: ازملك بنگالہ ضلع ڈاك خانہ نمازی پور کوچیاموڑا مرسلہ عبدالرحمن صاحب
ماقولکم رحمکم اﷲ تعالٰی(اﷲ تعالٰی آپ پررحم فرمائے آپ کا کیاارشادمبارك ہے)اس مسئلہ میں کہ دربعض دیاربنگال رمضان المبارك میں میانجی ومنشیوں کو دعوت کرکے مجتمع کرتے ہیں اور مردگان پرایصالِ ثواب کے واسطے ختم قرآن وختمِ تہلیل وغیرہ پڑھا کے اور زیارتِ قبور کراکے اُجرت دیتے ہیں یعنی اگرچہ پیسہ وغیرہ کا کچھ تعین نہیں کرتے ہیں مگر ہمیشہ دیناواجب جانتے ہیں اور منشی اور میانجی بھی پیسے کے لالچ سے جاتے ہیں،قرینہ اس کا یہ ہےکہ اگر کوئی مکان میں پیسہ نہ دیا تو بارِدیگر اُس مکان میں نہیں جاتے ہیں،اس قسم کا پیسہ دینا اور لینا شرعًا جائزہے یانہیں؟ اور مُردوں پرایصال ثواب ہوگا یانہیں؟ بیّنوا توجروا(بیان فرمائیے اجرپائیے۔ت)
الجواب:
جبکہ اُن میں معہود ومعروف یہی لینا دیناہے تویہ اُجرت پرپڑھنا پڑھوانا ہوا فان المعروف عرفا کالمشروط لفظًا(کیونکہ عُرف ورواج میں جو کچھ مشہور ہے وہ اس طرح ہے کہ جس طرح الفاظ سے شرط طے کی جائے۔ت)اور تلاوتِ قرآن اور ذکرِ الٰہی پر اُجرت لینادینا دونوں حرام ہے،لینے والے دینے والے دونوں گنہگار ہوتے ہیں کما حققہ فی ردالمحتار وشفاء العلیل وغیرھا(جیسا کہ فتاوٰی شامی،شفاء العلیل او ردیگر کتب میں اس کی تحقق فرمائی گئی۔ت)اور جب یہ فعل حرام کے مرتکب ہیں تو ثواب کس چیز کا اموات کو بھیجے گا،گناہ پرثواب کی امید اور زیادہ سخت واشد ہے کما فی الھندیۃ والبزازیۃ وغیرھما وقد شدد العلماء فی ھذا ابلغ تشدید(جیسا کہ فتاوٰی عالمگیری اور بزازیہ وغیرہ میں مذکور ہے،علماء کرام نے اس مسئلہ میں بہت شدّت برتی ہے۔ ت)ہاں اگر لوگ چاہیں کہ ایصال ثواب بھی ہو تو اس کی صورت یہ ہے کہ پڑھنے والوں کو گھنٹے دوگھنٹے کے لئے نوکر رکھ لیں اور تنخواہ اتنی دیر کی ہرشخص کی معین کردیں مثلًا پڑھوانے والا کہے میں نے تجھے آج فلاں وقت سے فلاں وقت تك کے لئے اس قدر اجرت پرنوکر رکھا جو کام چاہوں گا لُوں گا وہ کہے میں قبول کیا،اب اتنی دیر کے واسطے اس کا اجیرہوگیا جو کام چاہے لے سکتاہے اس کے بعد اس سے کہے فلاں میّت کے لئے اتنا قرآن عظیم یا اس قدر کلمہ طیبہ یا درود شریف پڑھ دو،یہ صورت جواز کی ہے۔اﷲ تعالٰی مسلمانوں کو توفیق عطافرمائے،واﷲ سبحٰنہ وتعالٰی اعلم وعلمہ جل مجدہ اتم واحکم(اﷲ تعالٰی پاك برتراور سب سے بڑا عالم ہے اور اس کا علم کامل اور پختہ ہے۔ت)
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع