30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
مسئلہ ۱۱ و ۱۲: سید صفرعلی صاحب ڈاکخانہ بدوسرائے ضلع بارہ بنگی موضع خود مئو
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین ان مسائل میں:
(۱)سونے یا چاندی یا پیتل یا جست یا تانبے یا لوہے کی منہنال نیچہ میں لگا کر حقہ پینا جائز ہے؟
(۲)یشب یا کسی دوسرے پتھر کی منہنال استعمال کرنا جائز ہے یانہیں؟
الجواب:
(۱)سونے یا چاندی کی منہنال حرام ہے باقیوں میں حرج نہیں۔
(۲)یشب وغیرہ پتھروں کی منہنال جائز ہے۔والله تعالٰی اعلم۔
مسئلہ ۱۳ و ۱۴: از گونڈل کاٹھیاواڑ مرسلہ قاضی قاسم میاں صاحب ۲۶ ربیع الآخر شریف ۱۳۳۸ھ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ان مسائل میں کہ:
(۱)لڑکیوں کو زیور کےلئے کان چھدوانے کا کوئی خاص حصہ مقرر ہے یا جس حصہ میں زیور پہننا چاہیں وہ حصہ چھدوا سکتی ہیں؟
(۲)عورتیں ناك کا پھول دہنی طرف پہنیں یا بائیں؟ بینوا توجروا
الجواب:
(۱)کوئی خاص مقرر نہیں۔ہاں مشابہت کفا رسے بچنا ضرور ہے۔بعض طریقے خاص کفار کے یہاں ہیں جیسے یہاں انوٹ کہتے ہیں ان سے بچیں۔والله تعالٰی اعلم۔
(۲)اس میں کوئی تخصیص شرعی نہیں جدھر چاہیں۔والله تعالٰی اعلم۔
مسئلہ ۱۵ و ۱۶: از شہر محلہ سوداگران مسئولہ شمس الدین طالب علم مدرسہ منظر الاسلام ۱۲ صفر ۱۳۳۹ھ
کیا فرماتے ہیں حضور پر نور اعلیحضرت مجدد مأتہ حاضرہ مؤید ملت طاہر قبلہ مدظلہ العالی کہ:
(۱)چھلہ چاندی یا پیتل کا پہنناکیساہے؟ اور اس کے پہنے سے نماز ہوگی یا نہیں؟
(۲)مسجد میں اما م کو بدن دبوانا کیسا ہے؟ بینوا توجروا
الجواب:
(۱)تانبہ،پیتل،کانسہ،لوہا تو عورت کو بھی پہننا ممنوع ہے۔اور اس سے نماز ان کی بھی مکروہ ہے۔اور چاندی کا چھلا خاص لباس زنان ہے مردوں کو مکروہ۔اور مکروہ چیز پہن کر نمازبھی مکروہ۔مرد کو چاندی کی انگوٹھی ایك نگ کی ساڑھے چار ماشے سے کم وزن کی جائز ہے۔والله تعالٰی اعلم۔ (۲)کوئی حرج نہیں۔والله تعالٰی اعلم۔
____________________
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع