دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Fatawa Razawiyya jild 17 | فتاوی رضویہ جلد ۱۷

book_icon
فتاوی رضویہ جلد ۱۷

ورنہ احسا نًا قرار داد سے زائد دینا نہ ربا ہے نہ جرم۔خود حضور اقدس صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ایك پاجامہ خریدا اور قیمت کی چاندی وزن کرنیوالے سے ارشاد فرمایا:زن وارجح [1]تول اور زیادہ دے۔یہ احسان ہے،" مَا عَلَى الْمُحْسِنِیْنَ مِنْ سَبِیْلٍؕ "[2]۔ (احسان کرنے والوں پر کوئی راہ نہیں۔ت) پھر امام رازی پر کیا اعتراض ہے،سود لینا شرع نے مطلقًا حرام فرمایا ہے مسلم سے ہو یا کافرسے،قال تعالٰی " وَحَرَّمَ الرِّبٰواؕ "[3] (اللہ تعالٰی نے ارشادفرمایا:اللہ تعالی نے سود کو حرام کیا۔ت) اس میں کوئی تخصیص نہیں مگر مدار اعمال نیت پرہے اگر کسی کافر کا مال کہ نہ ذمی ہو نہ مستامن،بلاغدر و بدعہدی اور بغیر کسی نیت ناجائز کے حاصل ہو تو بہ نیت شے مباح اسے لینا ممنوع نہیں اگرچہ وہ دینے والا اپنے ذہن میں سود ہی سمجھ کر دے یہ مال مساجد و مدارس و مصارف یتامٰی میں بھی صرف ہوسکتا ہے۔واللہ تعالٰی اعلم۔

مسئلہ۱۹۲: از مقام کٹھور ضلع سورت حاجی محمد سلیمان کٹروا بروز یکشنبہ ۲۹ربیع الآخر ۱۳۳۴ھ

کیافرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ فی زماننا ٹراموے و ریلوے کمپنی ودیگر کارخانہ جات کے حصص جسے یہاں کی اصطلاح میں شیئر کہتے ہیں خریدے جاتے ہیں اس کی صورت یہ ہوتی ہے کہ ایك کمپنی ٹراموے یا ریلوے یا کارخانہ پارچہ بافی یاآہن سازی یا کسی تجارت کے لئے قائم کی جاتی ہے اور اس کا سر مایہ مقرر کرکے اس کے حصص فروخت کئے جاتے ہیں اور اس کے کارکنان بھی تنخواہ دار مقررکئے جاتے ہیں جو حسب منصب کام کرتے ہیں اور ششماہی یا سالانہ اس کے نفع نقصان کا حساب شائع کرتے ہیں اور نفع بھی حصہ رسد تقسیم کرتے ہیں اور کچھ روپیہ نفع میں سے جمع بھی رہتا ہے جو سود پر بھی دیا جاتا ہے اور اس کا سود بھی نفع میں شامل کر کے حصہ داروں کو تقسیم کیا جاتا ہے اور ضرورت کے وقت سودی روپیہ بھی لیا جاتا ہے اس کا سود اصل رقم یا نفع میں سے دیا جاتا ہے اور ان حصص کی قیمت کمپنی کے نفع نقصان کے اعتبار سے بڑھتی گھٹتی رہتی ہے حصہ داران اپنے حصہ کو اسی بھاؤ سے فروخت کردیتے ہیں لیکن فروخت کی یہ صورت ہوتی ہے کہ بائع دلال سے کہتا ہے کہ میں اپنی فلاں کمپنی کا حصہ فروخت کرنا چاہتا ہوں تو دلال کہتا ہے کہ آج

 

یہ بھاؤ ہے پھر اگر بائع کو اس بھاؤ سے فروخت کرنا ہوتا ہے تو دلال کہہ دیتا ہے کہ بیچ دو،تو وہ کسی کو بیچ دیتا ہے،یہاں مشتری کسی چیز پر قبضہ نہیں کرتا ہے بلکہ صرف کمپنی والوں سے دلال بائع کے نام کی جگہ مشتری کا نام لکھواکر دے دیتا ہے،یہاں قابل غور یہ امر بھی ہے کہ اگر مشتری کمپنی والوں سے اپنے حصص کے عوض کمپنی کے اسباب تجارت میں سے کوئی شے طلب کرے تو کمپنی والے وہ شیئ اسے نہیں دیتے اور نہ اسے اس کے دام واپس کرتے ہیں البتہ وہ جس وقت حصہ فروخت کرنا چاہے تو بازاری بھاؤ سے اسی وقت مذکورہ بالا طریق سے فروخت ہوجاتا ہے،اور اسے اسی وقت روپیہ مل بھی جاتا ہے،اب دریافت طلب یہ امر ہے حصص خرید نے عندالشرع جائزہیں یانہیں ؟ اور اگر جائز ہے تو یہ کس بیع میں داخل ہے اور اس میں زکوٰۃ حصص کی قیمت پر لازم آتی ہے یامنافع پر؟بینواتوجروا۔

الجواب الملفوظ

ظاہر ہے کہ حصہ روپوں کا ہے اور وہ اتنے ہی روپوں کو بیچاجائے گا جتنے کا حصہ ہے یا کم زائد کو بیچاگیا تو ربا اور حرام قطعی ہے،اور اگر مساوی ہی کو بیچاگیا تو صرف ہے جس میں تقابض بدلین نہ ہوا یوں حرام ہے،پھر حصہ داروں کو جو منافع کا سود دیا جاتا ہے وہ بھی حرام ہے،غرض یہ معاملہ حرام درحرام محض حرام ہے حصص کی قیمت شرعا کوئی چیز نہیں بلکہ اصل کے روپے جتنے اس کے کمپنی میں جمع ہیں،یا مال میں اس کا جتنا حصہ ہے،یا منفعت جائزہ غیر ربا میں اس کا جتنا حصہ ہے اس پر زکوۃ لازم آئیگی۔واللہ تعالی اعلم

مسئلہ۱۹۳: از بہرائچ درگاہ شریف مسئولہ عظیم الدین مدرس افسر مدرسہ مسعودیہ بروز پنجشنبہ۲۲ صفر ۱۳۳۴ھ

کیافرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ زید نے عمرو کو کچھ روپیہ مختلف شرع سود پر بدفعات قرض دیا اور اس روپیہ میں کوئی جائداد مرہون نہیں تھی اس کے بعد خالد پسر زید نے عمرو کی جائداد بخیال اپنے وارث ہونے کے خرید کیا،کل زر قرض اصل معہ سود زر ثمن جائداد میں مجرا لیا،پس سوال یہ ہے کہ خالد وعمرو جو دونوں سنی المذہب ہیں اور حدود شرعیہ سے نکلنا نہیں چاہتے،ایسی صورت میں خالد کو رقم سود حلال ومباح ہے یا حرام وناجائز ہے اور خالد خیرات وصدقہ کر دینے کے عذر سے یا عمرو کے مبتلائے اسراف ہو جانے کے احتمال سے رقم سود واپس نہیں کرنا چاہتا،یہ عذر اس کا کیسا ہے ؟ جواب مع دلائل،مہربانی فرما کر تحریر فرما ئیے فقط۔

 

الجواب :

اللہ عزوجل فرماتا ہے:

" یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰهَ وَ ذَرُوْا مَا بَقِیَ مِنَ الرِّبٰۤوا اِنْ كُنْتُمْ مُّؤْمِنِیْنَ(۲۷۸) فَاِنْ لَّمْ تَفْعَلُوْا فَاْذَنُوْا بِحَرْبٍ مِّنَ اللّٰهِ وَ رَسُوْلِهٖۚ- "[4]۔

اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور جو سود باقی رہا چھوڑ دو پھر اگر ایسا نہ کرو تو اللہ ورسول سے لڑائی کا اعلان کردو یعنی اللہ و رسول سے لڑنے کو تیار ہوجاؤ اگر سود نہیں چھوڑتے۔

 



[1]           سنن ابوداؤد کتاب البیوع باب فی الرجحان فی الوزن آفتاب عالم پریس لاہور۲/ ۱۱۸

[2]            القرآن الکریم ۹ /۹۱

[3]            القرآن الکریم ۲ /۲۷۵

[4]                          القرآن الکریم ۲/ ۷۹۔۲۷۸

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن