30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
یعنی بانی کی ملك مسجد سے دو طرح زائل ہوتی ہے،ایك یہ کہ زبان سے کہہ دے میں نے اسے مسجد کیا،دوسرے یہ کہ یہ نہ کہے،اور اس میں نماز کی اجازت بلا تحدید دے اور اس میں نماز مثل مسجد ایك بار بھی ہوجائے تو اس سے بھی مسجد ہوجائے گی۔معلوم ہوا کہ لفظ مسجد کہنا شرط نہیں۔ بحرالرائق میں ہے:
لایحتاج فی جعلہ مسجدا الی قولہ وقفتہ ونحوہ لان العرف جاربا لاذن فی الصلٰوۃ علٰی وجہ العموم و التخلیۃ بکونہ وقفا علی ھذہ الجھۃ فکان کالتعبیربہ[1]۔
مسجد ہونے کو کچھ ضروری نہیں کہ زبان سے کہے میں نے اسے وقف کیا یا اور کوئی لفظ اس کے مثل(۔مثلًا مسجد کیا)اس کے کہنے کی کچھ حاجت نہیں کہ عرف جاری ہے کہ نماز کی عام اجازت دے کر زمین اپنے قبضہ سے جدا کردینا نماز کیلئے وقف ہی کرنا ہے،تو یہ ایسا ہی ہوا جیسے زبان سے کہنا کہ اسے مسجد کیا۱۲۔
اسی میں ہے:
بنی فی فنائہ فی الرستاق دکانا لاجل الصلٰوۃ یصلون فیہ بجماعۃ کل وقت فلہ حکم المسجد[2]۔
گاؤں میں اپنے پیش دروازہ کوئی چبوترہ نماز کیلئے بنالیا کہ لوگ پانچوں وقت اس میں جماعت کرتے ہیں اس چبوترے کے لئے مسجد کا حکم ہے۱۲
اقول:بلکہ اگر نماز کےلئے وقف کرے اور اس کے ساتھ صراحۃً مسجد ہونے کی نفی کردے مثلًا کہے میں نے یہ زمین نماز مسلمین کے لئے وقف کی مگر میں اسے مسجد نہیں کرتا یا مگر کوئی اسے مسجد نہ سمجھے جب بھی مسجد ہوجائے گی اور اس کا یہ انکار باطل کہ معنی مسجد یعنی نماز کے لئے موقوف پورے ہوگئے اور مذہب صحیح پر اتنا کہتے ہی مسجد ہوگئی اب انکار مسجدیت لغو ہے کہ معنی ثابت از لفظ سے انکار یا وقف مذکور سے رجوع ہے اور وقف بعد تمامی قابل رجوع نہیں،اس کی نظیریہ ہے کہ کوئی شخص اپنی بی بی کی نسبت کہے میں نے اسے چھوڑ اچھوڑا چھوڑا مگر میں طلاق نہیں دیتا کوئی اسے مطلقہ نہ سمجھے۔طلاق تو دے چکا اب انکار سے کیا ہوتا ہے۔ہاں اگر یوں کہتے کہ ہم یہ زمین وقف نہیں کرتے صرف اس طور پر نماز کی اجازت دیتے ہیں کہ زمین ہماری ملك رہے اور لوگ نماز پڑھیں،تو البتہ نہ وقف ہوتی نہ مسجد۔ یہاں یہ بھی معلوم ہے کہ زمین مذکور جسے بالاتفاق اہل شہر نے محل نماز کیا یا تو عام زمین ملك بیت المال ہو جس میں اتفاق مسلمان بجائے حکم امام ہے یا ان کی ملك ہو یا اصل مالك بھی شامل ہو یا اس کی اجازت سے ایسا ہو ا ہو یابعد وقوع اس نے اسے جائز ونافذ کردیا ہو،ورنہ اگر اہل شہر کسی شخص کی مملوك زمین بے اس کی اجازت کے نماز کے لئے وقف کردیں اور وہ جائز نہ کرے،ہرگز نہ وقف ہوگی نہ مسجد،اگرچہ سب اہل شہر نے بالاتفاق یہ بھی کہہ دیا کہ ہم نے اسے مسجد کیا۔بحرالرائق میں ہے:
فی الحاوی القدسی ومن بنی مسجدا فی ارض المملوکۃ لہ الخ فافادان من الخانیۃ لوان سلطانا اذن لقوم ان یجعلوا ارضا من اراضی البلدۃ حوانیت موقوفۃ علی المسجداو امرھم ان یزید وافی مسجدھم قالوا ان کانت البلدۃ فتحت عنوۃ وذٰلك لا یضر بالمارۃ والناس ینفذ امرالسلطان فیہا وان کانت فتحت صلحا لاینفذ امر السلطان لان فی الاول تصیر ملکا للغانمین فجاز امر السلطان فیہا وفی الثانی تبقی علی ملك ملاکہا فلاینفذ امرہ فیہا[3]۔
حاوی قدسی میں ہے جس نے اپنی مملوك زمین میں مسجد بنائی اس سے ثابت ہوا کہ مسجد ہونے کے لئے شرط ہے کہ بانی ا س زمین کا مالك ہو،اسی لئے فتاوٰی قاضی خاں میں فرمایا کہ اگر سلطان نے لوگوں کو اجازت دی کہ شہر کی کسی زمین پر دکانیں بنائیں جو مسجد پر وقف ہوں یا حکم دیا کہ یہ زمین مسجد میں ڈال لو،علماء نے فرمایا اگر وہ شہر بزورشمشیر فتح ہوا ہے اور وہ دکانیں بنانا یا مسجد میں اس زمین کا شامل کرلینا راستہ تنگ نہ کرے نہ عام لوگوں کا اس میں نقصان ہوتو وہ حکم سلطان نافذ ہوجائے گا،اور اگر شہر صلح سے فتح ہوا تو نہیں کہ پہلی صورت میں شہر کی زمین بیت المال کی ملك ہوگئی تو اس میں سلطان کا حکم جائز ہے اور دوسری صورت میں اصلا مالکوں کی ملك رہی تو سلطانی حکم اس میں نفاذ نہ پائیگا ۱۲
ردالمحتار میں ہے:
شرط الوقف التأبید والارض اذاکانت ملکا لغیرہ فللمالك استردادھا[4]۔
وقف کی شرط ہمیشگی ہے اور زمین جب دوسرے کی ملك ہو تو مالك اسے واپس لے سکتا ہے۱۲
یہ بیان بغرض تکمیل احکام تھا،سوال سے ظاہر وہی پہلی صورت ہے تو اس کے مسجد ہونے میں شك نہیں اور اس کا ادب لازم۔ واﷲ تعالٰی اعلم۔
مسئلہ۱۳۹: غرۃ شعبان المعظم ۱۳۲۱ھ
کیافرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ بارش کے دن مسجد میں بیٹھ کر وضو کرنا اس طرح پر کہ غسالہ صحن مسجد میں گرے جائز ہے یانہیں؟اگر جائز ہے تو مع الکراہت یا بلا کراہت؟بینوا توجروا۔
الجواب:
صحن مسجد مسجد ہے کما حققناہ فی فتاوٰنا بما لامزید علیہ(جیسا کہ ہم نے اس کی تحقیق اپنے فتاوٰی میں اس انداز سے کردی ہے کہ اس پر اضافہ کی گنجائش نہیں۔ت)اور مسجد میں وضوحرام۔
واستثناء موضع اعد لذلك لایصلی فیہ معناہ اذاکان الاعد ادمن الوقف قبل تمام المسجدیۃ اما بعدہ فلا یمکن منہ الواقف نفسہ فضلا عن غیرہ کما حققناہ فیما علی رد المحتار علقناہ واذاکان ذلك کذلك لم یکن الثنیاالاصور یا منقطعاکما لایخفی۔
وضو کے لئے بنائی گئی جگہ جس میں نماز نہیں پڑھی جاتی کے استثناء کا مطلب یہ ہے کہ واقف نے تمام مسجدیت سے قبل وہ جگہ وضو کے لئے بنائی ہو لیکن تمام مسجدیت کے بعد تو خود واقف بھی اس پر شرعًا قادر نہیں چہ جائیکہ کوئی اور ایسا کرسکے جیسا کہ ہم نے ردالمحتار پر اپنی تعلیق میں اس کی تحقیق کی ہےاور جب صورت حال یہ ہے تو پھر یہ استثناء محض صوری ومنقطع ہوگا،جیسا کہ مخفی نہیں۔(ت)
یہاں تك کہ غیر معتکف کو اس کی بھی اجازت نہیں کہ مسجد میں بیٹھ کر کسی برتن میں اس طرح وضو کرلے کہ ماءِ مستعمل برتن ہی میں گرے،ہاں صرف معتکف کو اس صورت کی رخصت دی گئی ہے بشرطیکہ کوئی بوند برتن سے باہر نہ جائے۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع