دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Fatawa Razawiyya jild 16 | فتاوی رضویہ جلد ۱۶

book_icon
فتاوی رضویہ جلد ۱۶

ہمارے شیخ خیرالدین کے اجارات کی بابت فتاوٰی پر غور کرو انہوں نے بارہا یہ فتوٰی دیا ہے کہ مقاطعہ اور التزام(ذمہ داری اور فیصلہ)کے عنوان سے جواجارے کئے جاتے ہیں وہ باطل ہیں(ت)

ردالمحتار کتاب السیر میں قبیل فصل جزیہ ہے:

الواقع فی زماننا ان المستاجر یستاجر ھا لاجل اخذ خراجھا لاللزراعۃ ویسمی ذٰلك التزاما وھو غیر صحیح[1]۔

ہمارے زمانہ میں مستاجر حضرات خراج اور وظیفہ وصول کرنے کے لئے جواجارہ طے کرتے ہیں وہ مزارعت کیلئے نہیں ہے اس لئے وہ باطل ہیں جس کا نام انہوں نے التزام بنارکھا ہے(ت)

تویہ کارروائی قطعًا اجماعًا حرام وباطل واقع ہوئی جس کے مورث نے یہ فعل کیا اس کے وارث پر تو کوئی الزام نہیں آتا،نہ وہ اس وجہ سے قابلیت تولیت سے عاری ہو جبکہ فی نفسہٖ وبرعایت شرائط واقف لائق تولیت ہو،

قال تعالٰی  " وَ لَا تَزِرُ وَازِرَةٌ وِّزْرَ اُخْرٰىؕ    "[2]۔

اﷲ تعالٰی  نے فرمایا:کوئی بوجھ اٹھانے والی جان دوسرے کا بوجھ نہ اٹھائے گی۔(ت)

محل نظر خود وہ متولی ہیں جو اس حرام کے مرتکب ہوئے یہاں ضرور فقیر ان وقائع کا اظہار کرے جو ۳۴برس سے آج تك کسی تحریر میں ذکر نہ کئے یہ مسئلہ کہ دیہات کا رائج ٹھیکہ حرام قطعی ہے جو کچھ محاصل ہو سب مالك قریہ کا ہے اگر گاؤں مملوك ہو یا وقف کا،اگر موقوف ہو ٹھیکیدار کو اس میں سے ایك حبہ لینا حرام ہے اور جس سال نشست کم ہو تو ٹھیکیدار کو جتنا وصول ہوا اسی قدر مالك یا متولی کولینا حلال ہے پوری رقم قرار یافتہ لینا حرام ہے مثلًا ہزار روپے سال کو ٹھیکہ تھا اور بارہ سو تحصیل ہوئے تو یہ دو سو ٹھیکے دار کو حرام ہیں مالك یاواقف کا حق ہیں اور آٹھ سو ملے تو مالك وواقف کو اسی قدر حلال،دو سوزیادہ حرام ہیں، با وصف کمال وضاحت اس دارالفتن ہندوستان میں ایساخفی مسئلہ ہے جس سے یہاں کے اکابر علماء غافل محض،اور خود اس میں اور اس کی تحلیل میں مبتلا ہیں چودھویں صدی کے علماء میں باعتبار حمایت دین ونصرت سنت نیز بلحاظ تفقہ حضرت مولانا مولوی محمد عبدالقادر صاحب بدایونی رحمہ اللہ تعالٰی  کا پایہ اکثر معاصرین سے ارفع تھا ایام ندوہ میں اور اس کے بعد جب فقیر نے سرگرم حامیان دین کے خطاب تجویز کئے ہیں حضرت مولانا مولوی محمد وصی احمد صاحب کو الاسد الاسد الاشد،مولوی قاضی عبد الوحید صاحب فردوسی کو ندوہ شکن ندوی فگن،مولانا ہدایت رسول صاحب لکھنوی کو شیربیشہ سنت رحمہم اللہ تعالٰی ،حاجی محمد لعل خان صاحب قادری برکاتی مدراسی سلمہ اللہ تعالٰی  کو حامی سنت ماحی بدعت،اسی زمانے میں حضرت فاضل بدایونی قدس سرہ کو تاج الفحول سے تعبیر کیا جو آج تك ان کے اخلاف میں مقول و مقبول ہے اور وہ بیشك باعتبارات مذکورہ اس کے اہل تھے رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہرحمۃ واسعۃ،ایسے فاضل جلیل کے پاس ۱۳۰۲ھ میں جب فقیرکافتوٰی اس ٹھیکے کی حرمت میں گیا جس میں اس وجہ سے کہ فقیر اس وقت اپنے دیہات میں تھا اور سوا خیریہ وردالمحتارکے کوئی کتاب ساتھ نہ لے گیا تھا فقط فتاوٰی خیریہ کی بعض عبارات تھیں،حضرت موصوف نے بعد تامل بسیار اس پر صرف اس مضمون سے تصدیق تحریر فرمائی کہ نظر حاضر میں ان عبارات سے عدم جواز ہی معلوم ہوتا ہے،جب فقیر شہر کو واپس آیا مفصل فتوٰی عبارات کثیرہ کتب عدیدہ پر مشتمل لکھ کر بھیجا،اب حضرت نے پورے وثوق سے تسلیم کیا اور یہ فرمابھیجا کہ اسکے جواز کے حیلہ سے اطلاع دو یہی حال اور علمائے اطراف کا ہے بعد سماع دلائل ووضوح تحریم یہی فرماتے پایا کہ حیلہ جواز نکالو یعنی عادتیں مستحکم ہوگئیں خود بھی ابتلا ہوچکا اور اس میں آرام بھی ہے لہذا حیلہ جواز کی تلاش ضرور ہوئی۔مبارك ہیں وہ بندے کہ حکم پر مطلع ہوکر حق کی طرف رجوع لائیں اور اذانیان زمان کی طرح اپنے اور اپنے آباء واساتذہ کی عادت کو شرع مطہر کے رد کے لئے حجت نہ بنائیں۔ردالمحتار کتاب الاجارہ میں ہے:

اذا تکلم احدبین الناس بذٰلك یعدون کلامہ منکر امن القول وھذہ بلیۃ قدیمۃ،فقد ذکر العلامۃ قنالی زادہ

لوگوں میں جب یہ بات کی جاتی ہے تو اس کی بات کو لوگ غلط قول قرار دیتے ہیں،حالانکہ یہ مصیبت قدیم سے چلی آرہی ہے،چنانچہ علامہ قنالی زادہ نے ذکر کیا ہے

ان المسألۃ کثیرۃ الوقوع فی البلد ان واذا طلب رفع اجارتھا یتظلم المستأجرون ویزعمون انہ ظلم وھم ظالمون،وبعض الصدور والا کابریعاونونھم ویزعمون ان ھذا تحرك فتنۃ علی الناس وان الصواب ابقاء الامور علی ما ھی علیہ وان شر الامور محدثا تھاولایعلمون ان الشرفی اغضاء العین عن الشرع وان احیاء السنۃ عند فساد الامۃ من افضل الجہاد واجزل القرب[3]۔(ملتقطا)

 کہ بہت سے علاقوں میں یہ مسئلہ کثیر الوقوع ہے اور جب ایسے اجارہ کو ختم کرنے کی بات کی جاتی ہے تو مستاجر حضرات اپنے آپ کو مظلوم قرار دیتے ہیں اور اس کارروائی کو ظلم کہتے ہیں حالانکہ وہ خود ظالم ہیں،اور بعض معتبر حضرات اور اکابرین ان کی مدد کرتے ہوئے یہ کہتے ہیں کہ یہ کارروائی فتنہ کو ہوا دینا ہے حالانکہ صحیح بات یہ ہے کہ امور کو اپنی اصلی حالت پر رکھاجائے اور نئی بدعات کو شرقرار دیا جائے،وہ لوگ نہیں جانتے کہ شرع سے چشم پوشی میں شرہے اور امت کے فساد کے وقت کسی سنت کو زندہ کرنا بہترین جہاد اور بڑی عبادت ہے۔(ت)

ردالمحتار وعقود الدریہ میں ہے:وھذاعلم فی ورق[4]  (یہ ایك ورق میں عظیم علم ہے۔ت)تحریر العبارۃ للعلامۃ الشامی میں ہے:

فعلم بھذاان ھذہ علۃ قدیمۃ ولاحول ولاقوۃ الاباﷲ العلی العظیم[5]۔

تو معلوم ہو اکہ یہ پرانی بیماری ہے،لاحول ولاقوۃ الاباﷲ العلی العظیم۔(ت)

ایسا غامض مسئلہ کہ یہاں کے فحول علماء پر مخفی ہواور عوام کی دوڑ انہیں تك ہے اگر عوام قبل اطلاع حکم اس میں مبتلا ہوں تویہ نہ کہنا چاہئے کہ انہوں نے قصدًا ارتکاب حرام یا وقف کی بدخواہی کی جس سے قابل تولیت نہ رہیں، واﷲ یعلم المفسد من المصلح واﷲ غفور رحیم۔واﷲ تعالٰی  اعلم۔

مسئلہ ۷۴تا۷۵:                     مرسلہ محمد ابرہیم کنکشیر ہائی اسکول ضلع فرید پور                             رجب ۱۳۳۴ھ

(۱)اگر کسی ہندو نے چند جگہ مسلمان کو فقط نماز جمعہ کے واسطے وقف کردئے کہ تم لوگ اس میں قربانی مت کرنا۔اگر قربانی کے واسطے اجازت بھی دیوے تو ہندو کی وقف کردہ زمین میں مسجد بناناجائز ہے یانہیں؟

(۲)اگرہندو کی وقف کردہ زمین میں۲۰یا۲۵برس تك نماز جمعہ پڑھی،بعدمیں معلوم کیا،تو اس مسجد کودوسری جگہ مسلمان کے لئے جاکر بناسکتا ہے یانہیں؟

 



[1]    ردالمحتار کتاب الجہاد باب العشروالخراج داراحیاء التراث العربی بیروت ۳/ ۲۶۶

[2]    القرآن الکریم ۶/ ۱۶۴

[3]    ردالمحتار کتاب الاجارۃ باب مایجوز من الاجارۃ داراحیاء التراث العربی بیروت ۵/ ۲۰

[4]    ردالمحتار کتاب الاجارۃ باب مایجوز من الاجارۃ داراحیاء التراث العربی بیروت ۵/ ۲۰

[5]    تحریر العبارۃ فیمن ھو احق بالاجارۃ رسالہ من رسائل ابن عابدین سہیل اکیڈمی لاہور ص۱۵۷

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن