30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
جنازہ کسرہ کے ساتھ چارپائی اور اس کے کپڑے جن سے میت کو ڈھانپا جائے۔(ت)
اور بیش قیمت بنظر زینت مکروہ ہے کہ میت محل تزئین نہیں اور خالص بہ نیت تصدق میں حرج نہیں کجلال الھدی(جیسا کہ ہدی(قربانی)کے جانور کے جُھل۔ت) واﷲ تعالٰی اعلم۔
مسئلہ۲۲: مسئولہ آفتاب الدین از مدرسہ منظر الاسلام
کیافرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ ہندو زمیندار اپنی زمین مسجد کے لئے وقف کرے تو یہ وقف ہماری شریعت میں معتبر ہے یانہیں ؟ اور اس مسجد میں نماز جمعہ اور نماز پنجگانہ پڑھنا جائز ہے یانہیں؟
الجواب:
مسجد کے لئے ہندو کا وقف باطل ہے لانہ لیس قربۃ فی دینہ الباطل(کیونکہ اس کے باطل دین میں کوئی قربت نہیں۔ت) اگر یونہی مسجد بنالیں گے اسمیں نماز ہوجائے گی اور جمعہ بھی ہوجائے گا اگر شہر یا فناء شہر میں ہو اذلایشترط لھا المسجد (کیونکہ نمازوں کے لئے مسجد شرط نہیں۔ت)مگر مسجد میں پڑھنے کا ثواب نہ ملے گا۔واﷲ تعالٰی اعلم
مسئلہ۲۳: ازموضع ڈیلاہی ڈاك خانہ لہریا سرائے ضلع دربھنگہ مرسلہ محمد عبدالجلیل خاں صاحب ۱۳رجب ۱۳۳۷ھ
کیافرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ زید اپنی کچھ زمین مملوکہ کو وقف کرنا چاہتا ہے اس زمین کی آمدنی دو قسم کی ہے کچھ نقدی تحصیل ہے اور زیادہ حصہ آمدنی کا بذریعہ تاڑ وکھجور ہے یعنی جس قدر تاڑ وکھجور اس زمین میں ہیں سال بسال رعایا کے ساتھ بندوبست کئے جاتے ہیں رعایا مدت معینہ تك فائد ہ اس سے اٹھاتے ہیں اور اس مدت تك کے لئے مالك نے جو کچھ زر مقرر کیا ہے اس کو ادا کرتے ہیں،اب دریافت طلب یہ امر ہے کہ زمین مذکورہ موصوفہ بصفت مسطورہ کو زید وقف شرعًاکرسکتا ہے یا نہیں؟
الجواب:
زمین وقف کرسکتاہے کہ اسمیں کوئی معصیت نہیں اور تاڑ وکھجور تاڑی اور سیندھی نکالنے کے لئے اجارہ پردیں حرام وباطل ہے،وہ نہ بعد وقف جائز ہو نہ اب جائز ہے۔واﷲتعالٰی اعلم۔
مسئلہ۲۴ تا۲۸: ازعلی گڑھ بازار موتی مسجد مرسلہ علی الدین سوداگر پارچہ ۲۹رجب ۱۳۳۷ھ
کیافرماتے ہیں علمائے دین ان مسائل میں کہ:
(۱)اگر کوئی قطعہ کسی خاص شخص یا قوم کی پرورش کے لئے وقف خاص ہولیکن اس میں کچھ آمدنی ہو اور اس پر صدہا برس سے عام اہل اسلام اپنی مردے دفن کرتے ہوں جن کو ہزارہا قبور وبکثرت خطیرہ ومقبرہ ومتعدد مساجد وچاہات موجود ہوں اور ہنوز یہ عمل جاری ہو تو وہ اراضی وقف عام مانی جائیگی یانہیں؟
(۲)کیااراضی موقوفہ مذکور کے کسی متولی کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسی مسلمان کو مردہ دفن کرنے ومسجد و چاہ وخطیرہ بنانے سے روك دے۔
(۳)اگر منجملہ تین متولیوں کے جو کسی موقوفہ قبرستان کے ہوں دو مرد متولی زید کو مردہ دفن کرنے و مسجد و چاہ تعمیر کرنے کی اجازت دے دیں اور وہ اس پر عمل کرکے مردہ دفن کرادے اور مسجد و چاہ بھی تعمیر کرادی مگر تیسری عورت متولیہ اس پر رضامند نہ ہوتو کیا دو مرد متولیوں کی اجازت کافی مانی جائے گی؟
(۴)کیا تیسری متولیہ کو جواجازت میں شامل نہیں ہے شرعًا یہ حق حاصل ہے کہ وہ مقبرہ و مسجد و چاہ تعمیر شدہ کو تڑوادے۔
(۵)کیا موقوفہ قبرستان میں کوئی شخص بہ اجازت متولیوں کے منجملہ تین کے مردہ دفن کرنے و مسجد و چاہ تعمیر کرنے کےلئے کوئی خاص حصہ مخصوص کرسکتا ہے اور تیسری متولیہ جو اجازت میں شامل نہیں ہے وہ مخصوص کرنے کی مانع ہوسکتی ہے یا نہیں؟
الجواب:
جبکہ صدہا سال سے عام مسلمان بلا نکیر اس زمین میں مساجد و چاہ وقبور بناتے آئے ہیں تو وہ ضرور وقف عام ہے،کس دلیل سے کہا جاتا ہے کہ کسی قوم خاص پر وقف تھا،ایسی حالت میں کسی متولی کو اختیار نہیں کہ سنی مسلمان کو اس میں دفن کرنے یا مسجد یا کُنواں بنانے سے روکے خواہ یہ روکنے والا مرد ہو یا عورت ہو،اور اگردلیل شرعی سے ثابت ہوکہ حقیقۃً وہ زمین کسی قوم خاص پر وقف ہے اورعام لوگوں نے صدہا سال سے اسمیں ظالمانہ و غاصبانہ تصرفات کررکھے ہیں جس کی امید ہرگز کسی طرح نہیں تو البتہ ہر متولی اس میں خلاف اغراض وقف تصرف کرنے سے ہر شخص کوروك سکتاہے اگرچہ یہ متولی عورت ہواگر دس مردمتولی اس کی اجازت دے چکے ہوں کہ خلاف اغراض وقف اجازت باطل ہے اور اجازت دینے والا خائن ہے جسے معزول کرنا لازم،واﷲ تعالٰی اعلم۔
مسئلہ۲۹ تا۳۳:ازاودے پور میواڑ راجپوتانہ مرسلہ سید احمد علی صاحب مہتمم مدرسہ نظامیہ عربیہ اسلامیہ ۶شعبان المعظم ۱۳۳۷ھ
کیافرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین ایسی صورت میں کہ خالد نے ایك مدرسہ عربیہ دینیہ قائم کیا چندہ سے۔اور شہر کے لوگوں سے خالد کا چندہ بھی زائد ہے اور نقل بیع نامہ جو ہمسلك ہذا ہے اس میں خالد نے علاوہ اپنے چھ نام دیگر برائے قائمی مدرسہ درج کرائے یعنی خالد،مولوی شمس الدین صاحب،چڑوہ رحیم بخش صاحب،حاجی محمد فاضل صاحب،رسالدار حسن خاں صاحب،مہاوت موتی خاں صاحب،الہ بخش صاحب،منجملہ ان کے رسالدار حسن خاں صاحب اور حاجی محمد فاضل صاحب مرچکے،محمد فاضل صاحب کا جزوی روپیہ تھا
اور رسالدار حسن خاں صاحب اور مہاوت موتی خاں صاحب کا چندہ کچھ نہیں صرف احتیاطًا نام درج بطور اطمینان کردئے گئے کہ کوئی مدرسہ کو ذاتی ملکیت نہ بنالیوے۔الہ بخش جی کا بھی تھوڑا روپیہ تھا وہ اور رحیم بخش جی اور فاضل جی کا تعلیم میں صرف ہوگیا زمین جو برائے مدرسہ خریدی گئی وہ سب باہر کے چندہ آوردہ خالد اور خالد کے ذاتی چندہ سے خرید کی گئی،جو عمارت مدرسہ اس وقت موجود ہے وہ باہر کے چندہ آوردہ خالد اور احباب خالد سے تعمیر ہوئی ہے تو خالد کا حق دوسروں کے مقابلہ میں اس مدرسہ پر کس قدر ہے فتوی عطا ہو۔
(۲)صورت مسطورہ بالا میں واقف کل کون ہوا اور اگر وقف مشترکہ مانا جاوے تو واقف اعظم کون ہوا صاف حکم فرمایا جائے،خالد حدیث شریف الدال علی الخیر کفاعلہ[1] (نیکی بتانے والا نیکی کرنے والے کی مانند ہے۔ت)سے بھی فائدہ پائے گا یانہیں؟
(۳)ایسے چندہ مسطورہ بالا سے جو ہر سال آمد ہو کر تعمیر اور تعلیم میں صرف ہوتا رہا کیا وقف ہوسکتا ہے کل آمد سالانہ ہو وہ صرف ہوجائے یعنی مدرسہ وقف مانا جائے گا یا کیا۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع