دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Fatawa Razawiyya jild 16 | فتاوی رضویہ جلد ۱۶

book_icon
فتاوی رضویہ جلد ۱۶

مخلص بھی نہیں بلکہ مجلس ہے یعنی مسجد کو ہتك حرمت کے لئے پھنسانا۔اور تقریر میں اقرار ہے کہ میں نے یہ صورت پیش کی۔یہاں ہمارے استفسار دوم کا جواب کھلا،ایسی باطل وحرام وہتك اسلام صورت اگر ادھر سے پیش ہوتی اور عالم جبر واکراہ تام اسے تسلیم کرلیتا تو شرعًا سخت کبیرہ عظیمہ شدیدہ کا مرتکب تھا نہ کہ خود اپنی تجویز سے ایسی صورت نکالنا اور اسے پیش کرنا اس پر منظوری لینا اس کی شناعت کا کیا اندازہ ہو،نسأل اﷲالعفووالعافیۃ۔

(۲۳)پھر یہ نہیں کہ عالم نے اس وقت کم علمی یا نا فہمی سے اس صورت کا باطل وخلاف شرع ہونا نہ سمجھا نادانی سے اس وقت مجوز ہو بیٹھا نہیں نہیں بلکہ اس وقت بھی حکم شرعی معلوم تھا تقریر مذکور میں اس تجویز کے پیش کرنے سے پہلے کا بیان ہے کہ مسجد کے دیکھنے اور وہاں کے احوال سننے سے تسلیم کر لینا پڑا کہ جز ومتنازعہ جزو مسجد ہے اس کے بعد مجھے مخلص نکالنا بہت دشوار ہو گیا میں ہر گز کسی طرح یہ نہیں کہہ سکتا کہ مسلمانوں کو کسی جزو مسجد کو کسی دوسرے مصرف میں لانا جائز ہے تو دیدہ ودانستہ ارتکاب ہوا۔

(۲۴)پھر یہی نہیں کہ اسے صرف ابتدائی درجہ کا حرام جانا ہو بلکہ وہیں تصریح ہے کہ میں یقین کرتا ہوں کہ اس جزو کواصل مسئلہ سے زیادہ اس کے طرز انہدام نے اہم کردیا اور یہ واقعہ ہائلہ ۳/اگست نے تو احترام اسلام کا سوال پیداکردیا اور شعار اسلام کے ہتك ہونے میں کسی کوبھی شبہہ نہ رہا۔یارب یہاں تك جان کر پھر ہتك اسلام کی آپ تجویز پیش کرنے کو کیا سمجھا چاہئے فانا ﷲ واناالیہ راجعون اس قول عالم کے معنی یہ ہیں کہ ہتك حرمت مسجد ضرور ہتك شعار اسلام ہے خصوصًا بحکومت کہ اس کا ہتك حرمت اسلام ہونا خود ہی واضح تر ہے جسے واقعہ ۳اگست نے سب پر ظاہرکردیا۔اس عبارت عالم کا یہ مطلب ہے ورنہ اگر عالم کے نزدیك اصل معاملہ میں ہتك حرمت اسلام نہ تھی تو واقعہ ۳/اگست کہ محض بربنائے قانون شکنی تھا اسے ہتك حرمت اسلام نہ کردیتا۔خانہ جنگی وغیرہ میں کتنے مسلمان ماخوذ وسزایاب ہوتے ہیں اسے کوئی ہتك حرمت اسلام نہیں سمجھتا کہ اصل معاملہ حرمت اسلام کا نہ تھا۔عالم کا یہ قول یادرکھنا چاہئے کہ خود اس کے منہ اس کی کارروائی کا حاصل کھلتا ہے نسأل اﷲ العفو و العافیۃ۔

(۲۵)پھر یہ نہیں کہ عالم اس وقت حالت اکراہ میں ہوکہ"اِلَّا مَنْ اُكْرِهَ وَ قَلْبُهٗ مُطْمَىٕنٌّۢ بِالْاِیْمَانِ "[1]  (مگر جو مجبور کیا جائے اور اس کا دل ایمان پر جما ہوا ہو۔ت) سے فائدہ لے سکے وہ ابھی ابھی تدبیر اول پیش کرکے زیادہ کے لئے صاف جواب دے چکا تھا تقریر مذکور میں ہے:میں نے صاف صاف کہہ دیا کہ احکام مذہبی میں کوئی کچھ دخل نہیں دے سکتا حقیقۃً جس طرح وہ حصہ لیا گیا ہے اسی طرح واپس کیا جائے نہایت تنزل صورت مجوزہ ہے اگر اس پر بھی رضامندی نہیں ہوتی پھر حکام کو اختیار ہے میں اس سے زیادہ کچھ نہیں کرسکتا ہوں۔عالم کی اس تقریر کو ہمارے سائل فاضل نے جواب استفسار ہفتم میں یوں بیان کیا:گفتگو کے اثناء میں اس نے صاف کہہ دیا کہ میرا کام مسئلہ بتادینے کا ہے خدا کے گھر کا معاملہ ہے میرا گھر نہیں ہے جس طرح وہ چاہے اور اس کا حکم ہو بننا چاہئے نہ کہ جس طرح میں یا آپ چاہوں علماء کو جمع کرنا چاہئے مسلمانوں کو جس سے اطمینان ہو وہ کرنا چاہئے۔یہ تمام کلمات حق تھے انہیں کہہ کر پھر حق سے ایسے شدید ناحق کی طرف عدول کیوں ہوا ممبر اگر نہ مانتے اتنے ہی پر ختم کرنا فرض تھا،نہ عالم پرالزام رہتا نہ معاملہ میں یہ سخت پیچ پڑتا،مگر مشیت آڑے آئی اور عالم سے جو نہ ہونا تھا ہوا،ولاحول ولاقوۃ الاباﷲ العلی العظیم۔

(۲۶)پھر اس سے بھی اشد ظلم یہ کہ اس حرام شرع کو حسب دلخواہ اور نہایت مسرت خیز وموجب اطمینان و دلجمعی مسلمانان اور مسئلہ شرعیہ کی صورت سے بھی بہتر اور اس کے دن کو اسلامی تاریخ کا زریں دن کہا گیا اور خود شعار اسلام کاہتك بتاکر بقائے احترام اسلام کہا یہ باتیں بہت سخت تر ہیں نسأل اﷲ العفو والعافیۃ۔

(۲۷)پھر اس کایہ شدید ضرر قاصر نہ رہابلکہ عام عوام مسلمین تك متعدی ہوا انہوں نے اس عالم ہی کے بھروسے حرام کو حلال، ماتم کو مسرت،ہتك حرمت اسلام کو اسلام کااحترام سمجھا۔

(۲۸)ان وجوہ نے معاملہ کی گھتی بہت کری کردی اوراس نرے زبانی بیان کو کہ مسلمانوں کو اطمینان نہ ہوگا موقع موقع کوشاں رہیں گے،کہ محض برائے گفتن تھا حرف غلط کردیا مریض جب مرض کو شفا سمجھے پھر ہوس علاج جنون ہے۔

(۲۹)پھر اتنے ہی پر بس نہیں بلکہ وہ ہمیشہ کے لئے نظیر ہوگیا اسلامی عالم جسے قومی لیڈر اور گویا تمام مسلمانان ہند کا وکیل سمجھا گیا اس کی ایجاد کی ہوئی تجویز اس کی پیش کی ہوئی تجویز،پھر گورنر جنرل کی منظور،پھر تمام اسلامی حلقوں میں اس پر اظہار مسرت وخوشی،پھر عالم کا اسے اسلامی تاریخ میں زریں دن اور بقائے احترام اسلام اور موجب دلجمعی و اطمینان ونہایت مسرت خیز کہنا اسے پتھر کی لکیر کرگیا،مسجدوں کاسڑکوں،ریلوں،نہروں سے تصادم نہ کوئی نئی بات نہ کبھی منتہی جیسا کہ خود جواب ایڈریس میں مذکور ہے مگر اس پر کتنے اطمینان بخش وہ الفاظ گورنمنٹ تھے کہ گورنمنٹ ہمیشہ کوشش کرے گی کہ مسئلہ متنازعہ کو اس طور پر حل کرے جو تمام اشخاص متعلقہ کے لئے قابل اطمینان ہو۔عالم اور عوام کی ان کارروائیوں نے انہیں کتنے ہی برے معنی کی طرف پھیر دیا،انہوں نے چیخ وپکار اور جلسوں روشنیوں کی بھر مار سے بتادیا کہ یہ صورت ہمارے لئے نہایت قابل اطمینان ہے جب تصادم ہو مسجدیں توڑکر ہوا پر کر دواور نیچے سڑکیں ریلیں نہریں دوڑادو،بس مسئلہ اس طور پر حل ہوجائے گا جو تمام اشخاص متعلقہ کے لئے قابل اطمینان ہے،کیا عالم اور عوام کوکوئی منہ رہا ہے کہ اس وقت کچھ شکایت کریں یا چارہ جوئی کا نام لیں،کیا ان سے نہ کہا جائے گا کہ عقل کے ناخن لویہ وہی تو نہایت مسرت خیز وموجب اطمینان واحترام اسلام اور اسلامی تاریخ کا زریں دن ہے جسے تم آپ پیش کرکے منظورکراچکے ہو۔

(۳۰)پھر نری نظیر ہی نہیں بلکہ جو قانون معابد بننابتایا جاتا ہے اس کے لئے کافی مادہ ہے احترام مساجد کو یہی دفعہ بس ہوگی کہ ان کا زمین پر رکھنا کچھ ادب نہیں بلکہ چھتوں پر اٹھا کر سروں سے اونچی کردی جائیں اور اصل مسجد یعنی زمین پر جو چاہیں بنائیں عالم وعوام اس اپنی ہی پیش کردہ پسندیدہ دفعہ کا دفع کہاں سے لائیں گے،افسوس کہ یہ شدید ہتك اسلام خود فرزندان اسلام کے ہاتھوں ہو اناﷲ وانا الیہ رٰجعون،یہیں سے ظاہر ہواکہ یہ جو بہلاوے دئے جاتے ہیں کہ ایك مختتم قانون تحفظ معابد کا بنایا جانا قرار دلوادیا گیا ہے جس سے حسب تصریح ممبر اس متنازع فیہ حصے کا بھی مسلمانوں کو موافق ہونا متوقع ہے،اورفیصلہ پر ایك نظر میں یہ تاکیدی حکم سنا جانا بتایا کہ اس کی تعمیر میں احکام اسلامیہ کے احترام کو ہر طرح مدنظر رکھنا چاہئے۔سب روغن قاز کی بھی وقعت نہیں رکھتے،مانا کہ قانون ضرور بنے،مانا کہ تاکیدی حکم بیشك ہوا مگر احترام کے معنی تو آپ نے بتادئے کہ ہم اسے احترام اسلام کہتے ہیں جسے خود اپنے منہ سے ہتك حرمت اسلام کہہ چکے ہیں،بس اسی پر قانون بنوالیجئے اور اسی کی نسبت تاکیدی حکم تصور کیجئے   ع

خویشتن کردہ را علاج مخواہ

(اپنے کئے کا کوئی علاج نہیں)

یارب ! معنی خود الٹے ٹھہرانا اور خالی لفظ پر عوام کو بہلانا کس لئے۔

(۳۱)[عذر بدتر از گناہ کے رد] طرفہ تر عذر بدتراز گناہ سنئے،تقریر مذکور میں ہے:میں نے اسلئے اس کو اپنی صورت مجوزہ(یعنی تدبیر اول نامنظور)سے بھی بہتر خیال کیا کہ قواعد میونسپلٹی سے ممکن ہے کہ ہم کو بہتر موقع اس کے حاصل کرلینے کا ہو۔ایسے حرام وہتك اسلام کو اپنے منہ پیش کرکے منظور کرانا اور اس امیدموہوم کو کہ ممکن ہے میونسپلٹی ہمیں واپس دے اس کے ارتکاب کی نہ صرف تجویز بلکہ تحسین کا موجب ٹھہرانا عجیب فہم بلکہ تازہ شرعیت ہے۔کیا جیساکہ کہا جاتا اور مراسلات کا مرید وغیرہ میں بیان ہوا ہے،یہ میونسپلٹی وہ نہیں جس نے کثرت رائے کا بھی خیال نہ کیا اور مسجد کے خلاف ہی فیصلہ دیا۔

 

 



[1]     القرآن الکریم۱۶/ ۱۰۶

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن