30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
الجواب:
بات صاف لکھئے ایجاب کس نے کیا،قبول کس نے کیا،ایجاب کے کیا لفظ تھے،قبول کے کیا لفظ تھے،لڑکی کا چچا جس کو اس کے باپ نے وکیل کیا تھا اس نے خود پڑھایا تھایا کسی سے پڑھوا یا تھا کسی نے بطور خود پڑھادیاتھا اور وہ وکیل والد اس جلسے میں موجود تھا یا نہ تھا،اور جب والد لڑکے کا موجود تھا تو لڑکے کی طرف سے ماموں نے قبول کیوں کیا،والد پسر کے کہنے سے یابطور خود،اور والد پسر نے اس پر کیا کہا،اورجب وہ الفاظ کنایہ تھے تو ان لوگوں نے کس قرینہ سے نکاح ہونا سمجھا اور دختر کا والد کس بات سے منکر ہے اس وکیل کرنے سے یا نکاح ہونے سے،اوروہ خط ڈاك میں آیا تھا یاآدمی کے ہاتھ،اور یہ جو مدعی کے تین گواہ ہیں ان کے سامنے پڑھا گیا یا ان کے سامنے والد دختر نے لکھا تھا،اوریہ گواہ ثقہ پرہیز گار ہیں یا کیسے،ان سب باتوں کے مفصل جواب آنے پر جواب ہوسکے گا،قیمت کاغذ کی نسبت پہلے آپ کولکھ دیا گیا کہ فتوٰی الله کے لیے دیاجاتا ہے بیچا نہیں جاتا۔ آئندہ کبھی یہ لفظ نہ لکھئے۔ فقط
مسئلہ ٦٥: ا زرامہ تحصیل گوجرخاں ضلع روالپنڈی ڈاکخانہ جاتلی مرسلہ محمد جی صاحب ١٨ ذی قعدہ ١٣٣٩ھ
باپ نے برادر کو خط لکھا کہ میری دختر نابالغہ کا ناتا یا نکاح جہاں تمھاری مرضی ہو کردو،مکتوب الیہ نے باجازت باپ کے ایك جگہ اس نابالغہ کا نکاح کردیا،ایجاب کے لفظ یہ ہیں"دختر معلومہ فلاں لڑکے کو میں نے دی ہے"اور نابالغ لڑکے کی جانب سے قبول اس کے ماموں نے کیا ہے اور تین گواہ کہتے ہیں کہ وہ خط ہم نے خود سنا ہے کہ باپ نے برادر کو اجازت نکاح دختر نابالغہ معلومہ دی ہے اور ہم نے مجلس میں ذکر نکاح کا سنا ہے اور نکاح کے وقت باپ سفر میں تھا اور خط بھی گم ہوگیا ہے اور بعد نکاح چند روز بعدمکتوب الیہ فوت ہوگیا،اب باپ سفر سے آیا وہ کہتاہے میں نے برادر کو کوئی اجازت نہیں دی اوراس کے گواہ بھی کہتے ہیں کہ یہ بات بالکل نہیں ہوئی لیکن یہ گواہ باپ کے بہت فاسق ہیں اورتین گواہ جو بالا مذکورہیں وہ فاسق نہیں ہیں،
الجواب:
جبکہ باپ ا س خط کے لکھنے سے منکر ہے تو اسے کسی شہادت کی حاجت نہیں،شہادت ا س کی ہوناچاہئے تھی کہ ہمارے سامنے اس نے یہ خط لکھا ہے اس پر کوئی شہادت نہیں،گواہ یہ کہتے ہیں کہ ہم نے خط سنا یہ شہادت کچھ معتبرنہیں لہذا اجازت دینا ثابت نہیں،باپ کے انکار سے وہ نکاح باطل ہوگیا جبکہ وہ حلف سے کہہ دے کہ وہ خط میں نے نہ لکھاتھا نہ میں نے بھائی کو اجازت دی تھی لان الخط یشبہ الخط ولا حجۃ الاالبینۃ اوالا قرار اوالنکول(کیونکہ خط،خط کے مشابہ ہوتاہے،گواہی،اقرار اور قسم سے انکار کے علاوہ کوئی حجت نہیں۔ ت)والله تعالٰی اعلم۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع