30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
مسئلہ ۵ : مرسلہ مولوی عبدالواحد صاحب متعلم مدرسہ اہلسنت و جماعت بریلی ٢٧ذی الحجہ ١٣٣٦ھ
کیا فر ماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ زید نے زکوٰۃ کا روپیہ نکا لا اور اس روپیہ سے غلّہ خریدا اور تمام محتاجوں کو جمع کرکے اور کھانا پکواکر کھلوایا تو آیا زکوٰۃ ادا ہو جائیگی کہ نہیں ، کیا ضروری ہے کہ جو روپیہ نکالا وہی بعینہٖ دے؟
الجواب:
کھانا جمع کر کے کھلادینے سے زکوٰۃ ادا نہ ہُوئی لانہ ابا حۃ ورکنھا التملیك (کیونکہ یہ اباحت ہے حالانکہ زکوٰۃ کا رکن مالك بنانا ہے ۔ ت) نہ بعینہٖ روپیہ دینا ضرور، بلکہ اگر اس کا اناج یا کپڑا خرید کر محتاجوں کو دے دیتا یا کھانا پکا کر اُن کے گھر بھیج دیتا یا حصّے انھیں تقسیم کر دیتا تو بازار کے بھاؤ سے جو اُس کی قیمت ہوتی اس قدر زکوٰۃ ادا ہو جا تی پکوائی وغیرہ اجرت میں جو صرف ہُوا وہ محسوب نہ ہوگا ۔ واﷲتعالٰی اعلم
مسئلہ٦: ازدھوراجی ملك کاٹھیاواڑ مسئولہ حاجی عیسٰی خاں محمد صاحب ٢١صفر١٣٣٧ھ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ قحط سالی میں مسلمان لوگ چندہ کرکے روپیہ جمع کرکے گندم چھ روپیہ کے بھاؤسے ایك من خرید کر کےچار روپیہ کے بھاؤ سے مسلمان غریب لوگوں کو دینا اور جو دو روپیہ کا نقصان ہوتا ہے وہ مالِ زکوٰۃ سے ادا ہو جائےگا یا نہیں؟اگر نہ ہوتا ہو تو کس صورت سے ادا ہو؟مہربانی فرما کر جلدی عنایت فرمائیں، بہت ضروری ہے، یہاں پر بالکل بارش نہیں ہُوئی ہے، اور غریب مسلمان لوگوں کو بہت ضرورت ہے، اس مسئلہ کو سوال بنا کر جواب لکھ کر روانا کر دینا ۔
الجواب:
زکوٰۃ اس طرح ادا نہیں ہوسکتی،
|
فان البیع یبائن الصدقۃ والمحاباۃلیست فی القدر الزائد المتروك من التملیك فی شئ فانك لم تملکہ حتی تملکہ۔ |
کیونکہ بیع، صدقہ کےمبائن چیز ہے، خریداری میں رعایت سودے سے کسی زائد چیز کی تملیك نہیں ہے کیونکہ رعایت تیری ملکیت نہیں، تاکہ تو کسی کو مالك بنائے۔ (ت) |
بلکہ اس کا طریقہ یہ ہے کہ چھ٦ ہی روپے من اُن کے ہاتھ بیچیں اور فی من دو٢روپے اُن کو زکوٰۃ میں اپنے پاس سے دیں اور قیمت میں چھ٦ روپے اُن سے وصول کریں، اُن کے دو روپے زکوٰۃ میں محسوب ہوں گے اور اُن کو من بھر گیہوں پر چار٤ہی روپے اپنے پاس سے دینے پڑے۔ واﷲتعالٰی اعلم
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع