30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
سبق نمبر22 غصب کا بَیان
قرآن میں غصب کا ذکر
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَاْكُلُوْۤا اَمْوَالَكُمْ بَیْنَكُمْ بِالْبَاطِلِ (پ5، النسآء:29)
تَرْجَمَۂ کنز الایمان
: اے ایمان والو آپس میں ایک دُوسرے کے مال ناحق نہ کھاؤ۔
آیت کی تفسیر
اس آیت میں باطل طور پر کسی کا مال کھانا حرام فرمایا گیا خواہ لوٹ کرہو یا چھین کر ،چوری سے یا جوئے سے یا حرام تماشوں یا حرام کاموں یا حرام چیزوں کے بدلے یا رشوت یا جھوٹی گواہی سے یہ سب ممنوع و حرام ہے۔(1)
حدیث میں غصب کا ذکر
رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا؛ جو شَخْص پرایا مال لے لے گا وہ قیامت کے دِن اللہ پاک سے کوڑھی (یعنی برص کا مریض) ہو کر ملے گا۔(2)
غَصْب کی تَعْرِیف
مالِ مُتَقَوِّم (یعنی جسے شریعت نے مال قرار دیا ہو) مُحْتَرَم (یعنی جسے شریعت نے قابِلِ حُرْمت قرار دیا ہے) کو اُس کے مالِک کی اِجازت کے بغیر لے لینا غَصْب ہےجبکہ یہ لينا خُفْیۃً (یعنی پوشیدہ طور پر) نہ ہو۔(3)
غصب کا حکم
غَصْب حرام اور جہنّم میں لے جانے والا کام ہے۔
چند احکام
. غَصْب کی حُرْمَت (یعنی حرام ہونا) ضروریاتِ دین میں سے ہے لہٰذا اگر واقعی کسی نے غَصْب کو حلال قرار دیا تو اس پر حُکْمِ کُفْر ہے۔(4) .غَصْب کی ہوئی چیز کا (غاصِب یعنی غَصْب کرنے والا بالکل مالِک نہیں بنتا بلکہ اس کو ) یہ حکم ہے کہ اگر چیز مَوْجُود ہو تو اس کے مالِک کو واپس کرے اور اگر مَوْجُود نہ ہو تو مالِک کو اس کا تاوان دے۔(5)
غصب کے اسباب
(1) مال ودَولت کی مَحَبَّت (2) خاندانی دشمنیاں (3) حسد (4) تکبُّر۔
غصب سے بچنے کے طریقے
قَبْر کی تنگی ووَحْشَت اور قیامت کی ہولناکیوں سے خود کو ڈرائیے اور دل میں خوفِ خدا پیدا کیجئے، اِنْ شَآءَ اللہ ! دل سے مال ودَولت کی مَحَبَّت دُور ہو گی اور شریعت وسنَّت کے مُطَابِق زندگی گُزارنے کا مدنی ذِہْن بنے گا۔
❀ اللہ پاک کی رِضا کے لئے ایک دوسرے کو مُعَاف کرنے کی عادت اپنائیے اور آپس میں نفرتیں خَتْم کر کے محبتوں کو عام کیجئے۔
❀ اس بات پر غور کیجئے کہ کسی کا مال ناحق دبا لینا آخرت میں کس قدر نقصان کا سبب ہے چنانچہ اعلیٰ حضرت، امامِ اہلسنت مولانا احمد رضا خان رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ نَقْل فرماتے ہیں: جو دنیا میں کسی کے تقریباً تین پیسے دَین( یعنی قرض)دبا لے گا بروزِ قیامت اس کے بدلے 700 باجماعَت نمازیں دینی پڑ جائیں گی۔(6)
1…تفسیر صراط الجنان، پ5، النساء تحت الایۃ: 29، 2/182
2…تفسیر صراط الجنان، پ5، النساء تحت الایۃ: 29، 2/182
3…التعريفات، باب الغین،ص115
4… کفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب، ص414 بتغیر قلیل
5… بہارِ شریعت 3/،210، حصہ:15 بتغیر قلیل
6…فتاوی رضویہ، 25/69، بتغیر قلیل
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع