30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
سبق نمبر 20 مُدَاہَنَتْ کا بَیان
قرآن میں مُدَاہَنَتْ کا ذکر
كَانُوْا لَا یَتَنَاهَوْنَ عَنْ مُّنْكَرٍ فَعَلُوْهُؕ-لَبِئْسَ مَا كَانُوْا یَفْعَلُوْنَ(۷.) (پ6، المآئدة: 79)
تَرْجَمَۂ کنز الایمان
:جو بُری بات کرتے آپس میں ایک دوسرے کو نہ روکتے ضرور بہت ہی بُرے کام کرتے تھے۔
آیت کی تفسیر
حدیث شریف میں ہے کہ جب بنی اسرائیل گُنَاہوں میں مبتلا ہوئے تو اُن کے عُلَما نے پہلے تو انہیں منع کیا، جب وہ باز نہ آئے تو پھر وہ عُلَما بھی اُن سے مِل گئے اور کھانے پینے اُٹھنے بیٹھنے میں اُن کے ساتھ شامِل ہو گئے اُن کی اسی نافرمانی اور سرکشی کا یہ نتیجہ ہوا کہ اللہ پاک نے حضرت داؤد اور حضرت عیسیٰ عَلَیْہِمَا الصَّلَاۃُ وَالسَّلَام کی زبان سے ان پر لعنت اُتاری۔(1) اس سے مَعْلُوم ہوا کہ بُرائی سے لوگوں کو روکنا واجِب ہے اور (قُدرت کے باوُجُود) گُنَاہ سے منع کرنے سے باز رہنا سَخْت گُنَاہ ہے۔(2)
حدیث میں مُدَاہَنَتْ کا ذکر
رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا: اُس ذات کی قسم جس کے قبضۂ قُدرت میں میری جان ہے! میری اُمَّت میں سے بَعْض لوگ اپنی قبروں سے بَنْدر اور خنزیر کی شکل میں اٹھیں گے، یہ وہ لوگ ہوں گے جنہوں نے گنہگاروں کے ساتھ تَعَلُّقَات رکھے اور قُدرت رکھنے کے باوُجُود انہیں گُنَاہوں سے منع نہ کیا۔(3)
مُدَاہَنَتْ کی تَعْرِیف
بُرائی (یعنی شریعت کے خِلاف کوئی کام) دیکھے اور اس کو روکنے پر قادِر ہو لیکن کسی کا لحاظ کرتے ہوئے نہ روکے یا دین کے مُعَامَلے کی زِیادہ پرواہ نہ کرنے کی وجہ سے اس کو نہ روکے تو یہ مُدَاہَنت ہے۔(4)
مُدَاہَنَتْ کا حکم
مُدَاہَنَت حرام(5)اور جہنّم میں لے جانے والا کام ہے۔
چند احکام
اگر غالِب گمان یہ ہے کہ یہ اُن (یعنی شریعت کے خِلاف کام کرنے والوں) سے کہے گا تو وہ اِس کی بات مان لیں گے اور بُری بات سے باز آجائیں گے تو اَمْر بِالْمَعْرُوْف (یعنی نیکی کی دعوت دینا) واجِب ہے اس کو (بُرائی روکنے سے) باز رہنا جائز نہیں .اور اگر گمانِ غالِب یہ ہے کہ وہ طرح طرح کی تہمت باندھیں گے اور گالیاں دیں گے یا مَعْلُوم ہے کہ وہ اِسے ماریں گے اور یہ صبر نہ کر سکے گا یا اس کی وجہ سے فتنہ وفساد پیدا ہو گا، آپس میں لڑائی ٹھن جائے گی تو تَرْک کرنا (یعنی بُرائی سے منع نہ کرنا) افضل ہے۔(6) .جو بُرائی روکنے پر قادِر نہ ہو اسے چاہیے کہ بُرائی کو کم از کم دِل میں ضرور بُرا جانے۔(7)
مُدَاہَنَتْ کے اسباب
(1) جہالت (2) مال کی طَمَع(مثلاً کسی سیٹھ صاحب یا امیر آدمی کی جانِب سے نذرانے آتے ہوں تو اسے گُنَاہ کرتے دیکھ کر قُدرت کے باوُجُود محض اس لئے منع نہ کرنا کہ اس کی طرف سے عِنَایات بند ہو جائیں گی) (3) مُرَوَّت (بَعْض اوقات ذاتی دوستی یا کسی اور وجہ سے بُرائی کرنے والے کا لحاظ کرتے ہوئے قُدرت کے باوُجُود اسے بُرائی سے منع نہیں کیا جاتا) (4) سُستی (5) بُری صحبت (6) دُنْیَوی اَغْرَاض (جیسے بَعْض دفعہ کسی حکومتی عہدیدار یا کسی بڑی شخصیت سے ذاتی کام نکلوانا مثلاً اس کے ذریعے بیٹے کی نوکری لگوانی ہوتی ہے تو اسے گُنَاہوں میں مُلَوَّث دیکھ کر باوُجُودِ قُدرت چشم پوشی سے کام لینا تاکہ یہ ناراض نہ ہو جائے ورنہ مَطْلُوبہ کام رُک جائے گا) (7) خوشآمد (کیونکہ خوشآمد کرنے والا دوسروں کی جھوٹی تَعْرِیفیں کرتا رہتا ہے اور گُنَاہ سے روکنے پر قُدرت کے باوُجُود اس سے منع نہیں کرتا بلکہ بعض دفعہ گُنَاہ والے کام کو ہی مَعَاذَ اللہ اچھائیوں میں شُمار کر ڈالتا ہے) (8) حُبِّ جاہ (یعنی شہرت وعزَّت کی خواہِش، ایسا شَخْص شہرت وعزّت میں کمی آنے کے خوف سے مُدَاہَنت میں مبتلا ہو جاتا ہے)۔
مُدَاہَنَتْ سے بچنے کے طریقے
بُزرگانِ دین کے واقعات پڑھئے اور دیکھئے کہ وہ حضرات نیکی کی دعوت دینے اور بُرائی سے منع کرنے میں کسی ملامت کرنے والی کی ملامت کی پرواہ نہیں کرتے تھے، اِنْ شَآءَ اللہ ! نیکی کی دعوت دینے اور بُرائی سے منع کرنے کا جذبہ پیدا ہوگا۔
❀ نیکی کی دعوت دینے اور بُرائی سے منع کرنے کے فضائل و فوائد اور اس کام کو ترک کر دینے کے نقصانات کا مُطَالعہ کیجئے اور اس کے اَحْکَام و مسائل بھی سیکھ لیجئے۔
❀ قناعَت اِخْتِیَار کیجئے اور دوسروں کی جیب پر نظر رکھنے کے بجائے تَوَکُّل اِخْتِیَار کیجئے۔
❀ قِیَامت کی ہولناکیوں اور جہنّم کے خوفناک عذابات کا مُطَالعہ کیجئے اور اپنے نازُک بدن پر غور کیجئے کہ مُداہَنت کے سبب ان میں سے کوئی عذاب ہم پر مُسَلَّط کر دیا گیا تو ہمارا کیا بنے گا۔
❀ نیکی کی دَعْوت کے مدنی کام میں مصروفِ عمل، عاشِقَانِ رسول کی مَدَنی تحریک دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول کے ساتھ وابستہ ہو جائیے۔
❀ مَدَنی قافِلوں میں سفر اور دیگر مَدَنی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حِصَّہ لیجئے تاکہ نیکی کی دَعْوَت دینے اور بُرائی سے منع کرنے کی عادَت پڑے اور اس کا عَمَلی طریقہ بھی آجائے۔
1…ترمذى، كتاب تفسير القرآن، باب و من سورة المائدة،5/36، حديث:3059، ملتقطا
2…تفسیرصراط الجنان، پ6، المائدۃ، تحت الآیۃ:79، 2/479.
3…الامالى، الحديث الثالث و الثلاثون فى ذكر الولاة والامراء...الخ، 2/319، حديث:2593
4…التعريفات، باب المیم ،ص144
5… الحدیقۃ الندیۃ ، الخلق التاسع والاربعون، المداہنۃ، 2/155
6…بہار شریعت، ، 3/615، حصہ:16 ملخصا
7…نیکی کی دعوت، ص537، بتغیر قلیل
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع