30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
ترجمہ : حضرت سیدنا عبداللہ بن عَمرو بن عاص رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا سے مروی ہے کہ حضور نبی کریم رؤف رحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشادفرمایا : ’’کبیرہ گناہ یہ ہیں : اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا ، والدین کی نافرمانی کرنا ، کسی جان کو ناحق قتل کرنا اور جھوٹی قسم کھانا ۔ ‘‘
عمدۃ القاری میں ہے : کبائر کبیرہ کی جمع ہے ۔ گناہوں میں سے کبیرہ گناہ اس برے کام کو کہتے ہیں جس سے شریعت نے منع کیا ہو اور اس کا ارتکاب بڑا جرم ہوجیسے قتلِ نا حق ، زنا کرنا اور جہاد سے بھاگ جاناوغیرہ ۔ ایک قول یہ بھی ہے کہ ہر نافرمانی کو کبیرہ گناہ کہتے ہیں ۔ دوسرا قول یہ ہے کہ ہر وہ گناہ جس پر آگ ، لعنت ، غضب یا عذاب کی وعید ہو اسے کبیرہ کہتے ہیں ۔ میں کہتا ہوں کہ کبیرہ ایک امر نسبی ہے ہر اوپر والا گناہ اپنے نیچے والے گناہ کے اعتبار سے کبیرہ ہے اور ہر نیچے والا گناہ اپنے اوپر والے کے اعتبار سے صغیرہ ہے ۔ ( [1] )
علامہ بدرالدین عینی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْغَنِیفرماتے ہیں کہ کبیرہ گناہ کتنے ہیں؟ اس بارے میں اختلاف ہے یہاں اس حدیث ( نمبر337 ) میں چار کبیرہ گناہ ذکر کئے گئے ہیں لیکن اس میں یہ ذکر نہیں ہے کہ صرف یہی چار کبیرہ گناہ ہیں کیونکہ اس میں کوئی بھی چیز حصر پر دلالت نہیں کر رہی ۔ ایک قول یہ ہے کہ کبیرہ گناہ سات ہیں ، حدیثِ ابو ہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ میں ہے : ” سات ہلاک کرنے والی چیزوں سے بچو : ( 1 ) اللہ عَزَّوَجَلَّ کے ساتھ کسی کو شریک کرنا ( 2 ) جس کے قتل کو اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے حرام کیا اُسے ناحق قتل کرنا ( 3 ) جادو کرنا ( 4 ) سود کھانا ( 5 ) یتیم کا مال کھانا ( 6 ) جہاد سے پیٹھ پھیر کر بھاگنا ( 7 ) شادی شدہ پاک دامن مسلمان عورتوں پر زنا کی تہمت لگانا ۔ ایک قول یہ ہے کہ کبیرہ گناہ نو ہیں ، سات پیچھے والے اور دو یہ ہیں : ( 8 ) والدین کی نافرمانی کرنا ( 9 ) حرام کام کو حلال جاننا ۔ ہمارے شیخ نے ابو طالب مکی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِیسے ذکر کیا ہے کہ انہوں نے فرمایا : کبیرہ گناہ سترہ ہیں : ( 1 ) اللہ عَزَّوَجَلَّ کے ساتھ کسی کو شریک کرنا ( 2 ) کسی گناہ کو بار بار کرنا ( 3 ) اللہ عَزَّوَجَلَّ کی رحمت سے مایوس ہونا ( 4 ) اللہ عَزَّوَجَلَّ کی خفیہ تدبیر سے بے خوف ہوجانا ( 5 ) جھوٹی گواہی دینا ( 6 ) پاکدامن شادی شدہ پر تہمت لگانا ( 7 ) جھوٹی قسم کھانا ( 8 ) جادو کرنا ( 9 ) شراب یا کوئی اور نشہ آور چیز پینا ( 10 ) یتیم کا مال ظلماً کھالینا ( 11 ) سود کھانا ( 12 ) زنا کرنا ( 13 ) لواطت کرنا ( 14 ) قتل کرنا ( 15 ) چوری کرنا ( 16 ) جہاد سے پیٹھ پھیر کر بھاگ جانا ( 17 ) والدین کی نافرمانی کرنا ۔ ‘‘ ( [2] )
عَلَّامَہ اَبُو الْحَسَن اِبْنِ بَطَّال رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں : ’’تمام گناہوں میں سب سے بڑا گناہ شرک ہے ، شرک سے بڑا کوئی گناہ نہیں اور دنیا و آخرت میں شرک کی سزا سے بڑی سزا کسی اور گناہ کی نہیں کیونکہ ہمیشہ کے لیے جہنم میں رہنا شرک کے علاوہ کسی اور گناہ کی سزا نہیں اور نہ ہی کوئی اور گناہ ایمان کو برباد کرتا ہے ۔ قرآنِ پاک میں فرمانِ باری تعالیٰ ہے :
اِنَّ اللّٰهَ لَا یَغْفِرُ اَنْ یُّشْرَكَ بِهٖ وَ یَغْفِرُ مَا دُوْنَ ذٰلِكَ لِمَنْ یَّشَآءُۚ- ( پ۵ ، النساء : ۴۸ )
ترجمۂ کنزالایمان : بے شک اللہ اسے نہیں بخشتا کہ اسکے ساتھ کفر کیا جائے اور کفر سے نیچے جو کچھ ہے جسے چاہے معاف فرما دیتا ہے ۔
اور اللہ عَزَّوَجَلَّ نے ایک مقام پرشرک کو ظلم کے نام سے بھی موسوم کیا ہے ۔ ( [3] )
حدیث میں عقوق کا لفظ آیا ہے عقوق عَقٌّ سے نکلا ہے عَقٌّ کا معنی ہے کاٹنا اور توڑنا ۔ ” عَقَّ عَنْ اِبْنِہِ“ کا معنی ہے اس نے اپنے بیٹے کا عقیقہ کیا یااس کی طرف سے بکری ذبح کی اور ” عَقَّ وَالِدَہُ“ کا مطلب ہے اس نے اپنے باپ کی اطاعت کی لاٹھی توڑدی ۔ علامہ ابن اثیر جزری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی فرماتے ہیں کہ ” عَقَّ وَالِدَہُ“ اس وقت کہتے ہیں جب کوئی اپنے باپ کو تکلیف دے ، اس کی نافرمانی کرے ۔ یہ نیکی کی ضد ہے ۔ شیخ تقی الدین سبکی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْغَنِیفرماتے ہیں کہ ( کونسا عمل نافرمانی ہے اور کونسا عمل نافرمانی نہیں؟ ) اس میں ضابطہ یہ ہے کہ انہیں کسی بھی قسم کی تکلیف دینا خواہ کم ہو یا زیادہ ، چاہے والدین نے اس کام سے منع کیا ہو یا نہ کیا ہو یہ نافرمانی ہے یا پھر انہوں نے کسی کام کے کرنے کا حکم دیا ہو یاکسی کام سے منع کیا ہو اس میں ان کی مخالفت کرنا نافرمانی ہے بشرطیکہ وہ کام گناہ کا کام نہ ہو ۔ ( [4] )
عَلَّامَہ اَبُو زَکَرِیَّا یَحْیٰی بِنْ شَرَف نَوَوِی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی فرماتے ہیں : ’’والدین کی نافرمانی کرنا شرعاً حرام ہے نیز اولاد پر والدین کی اجازت کے بغیر جہاد پر جانا حرام ہے ۔ ‘‘ شیخ ابو عمرو بن صلاح رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں کہ ہر وہ فعل جس سے والدین کو تکلیف پہنچے وہ حرام ہے بشرطیکہ وہ فعل افعالِ واجبہ میں سے نہ ہو ۔ ایک قول یہ ہے کہ وہ فعل جو کہ معصیت نہ ہو اس میں والدین کی اطاعت کرنا واجب ہے اور ایسے کام میں ان کی مخالفت کرنا نافرمانی ہے ۔ ( [5] )
مُفَسِّر شہِیرمُحَدِّثِ کَبِیْرحَکِیْمُ الْاُمَّت مُفتِی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الْحَنَّان فرماتے ہیں : ’’ اُن کے حقوق ادا نہ کرنا ، یا ان کے جائزحکموں کی مخالفت کرنا ( نافرمانی ہے ) ماں باپ کے حکم میں دادا دادی اور نانا نانی بھی ہیں ۔ اس ترتیب سے معلوم ہوا کہ ماں باپ کی نافرمانی بدترین جرم ہے کہ شرک کے بعد اس کا ذکر فرمایا گیا ۔ اسی لئے رب نے اپنی عبادت کے ساتھ ماں
[1] عمدۃ القاری ، کتاب الشھادات ، باب ما قیل فی شھادۃ الزور ، ۹ / ۵۰۴ ، تحت الحدیث : ۲۶۵۳ ملتقطا ۔
[2] عمدۃ القاری ، کتاب الشھادات ، باب ما قیل فی شھادۃ الزور ، ۹ / ۵۰۴ ، تحت الحدیث : ۲۶۵۳ ملخصًا ۔
[3] شرح بخاری لابن بطال ، کتاب استتابۃ المرتدین ۔ ۔ ۔ الخ ، باب اثم من اشرک باللہ ۔ ۔ ۔ الخ ، ۸ / ۵۶۹ ۔
[4] عمدۃ القاری ، کتاب الادب ، باب عقوق الوالدین من الکبائر ، ۱۵ / ۱۴۶ ، ۱۴۷ ، تحت الباب ، ملخصا ۔
[5] شرح مسلم للنووی ، کتاب الایمان ، باب الکبائر واکبرھا ، ۱ / ۸۷ ، الجزء الثانی ، ملتقطا ۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع