دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Faizan e Riaz us Saliheen Jild 4 | فيضانِ رياضُ الصالحين جلد چہارم

book_icon
فيضانِ رياضُ الصالحين جلد چہارم

( 1 ) اہل بیت کی پاکیزگی اور نفاست

قرآنِ کریم میں ارشاد ہوتا ہے :

اِنَّمَا یُرِیْدُ اللّٰهُ لِیُذْهِبَ عَنْكُمُ الرِّجْسَ اَهْلَ الْبَیْتِ وَ یُطَهِّرَكُمْ تَطْهِیْرًاۚ(۳۳) ( پ۲۲ ، الاحزاب : ۳۳ )

 ترجمۂ  کنزالایمان  :  اللہ تو یہی چاہتا ہے اے نبی کے گھر والو کہ تم سے ہر ناپاکی دور فرما دے اور تمہیں پاک کرکے خوب ستھرا کردے ۔

مذکورہ آیتِ مبارکہ میں حضور عَلَیْہِ الصَّلاۃُ وَالسَّلَام کے اہلِ بیت کی فضیلت بیان کی گئی ہے اور اُنہیں گناہوں سے دور رہنے اور تقویٰ و پرہیزگاری اختیار کرنے کی نصیحت فرمائی گئی ہے ۔  عَلَّا مَہ عَلَاءُ الدِّیْن عَلِی بِنْ مُحَمَّد خَازِن عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْبَاطِنْ فرماتے ہیں :  اہل بیت سے مراد اَزواجِ مُطَہَّرات رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمْ ہیں کیونکہ وہ حضور عَلَیْہِ السَّلَام کے آشیانۂ اقدس میں تھیں حضرتِ سَیِّدُنا سعید بن جبیر اور حضرتِ سَیِّدُنا عبداللہ  بن عباس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا سے بھی یہ ہی مروی ہے ۔  آیت کا معنی یہ ہے کہ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ حضور عَلَیْہِ الصَّلاۃُ وَالسَّلَام کی ازواج کو اُن گناہوں سے پاک کرنے کا اِرادا فرماتا ہے جن سے انہیں منع فرمایا ہے ۔  حضرت سیدنا عبداللہ بن عباس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا فرماتے ہے : ’’یعنی شیطانی اعمال اور ہر وہ کام جس میں اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کی رضا نہ ہو  ۔   ‘‘  جبکہ حضرتِ سَیِّدُنا ابو سعید خدری اور تابعین کی ایک جماعت جس میں حضرتِ سَیِّدُنا مجاہد اور حضرتِ سَیِّدُنا قتادہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمْ بھی شامل ہیں یہ حضرات اس بات کی طرف گئے ہیں کہ مذکورہ آیت میں اہل بیت سے حضرتِ سَیِّدُنا علی ، سیدہ فاطمہ زہرا اور حسن و حسین رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمْ مراد ہیں اور ان کے قول کی تائید حضرتِ سَیِّدَتُنا عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہا سے مروی یہ حدیث پاک بھی کرتی ہے ۔  چنانچہ اُمُّ المؤمنین فرماتی ہیں کہ ایک صبح رسولُ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم دھاری دار سیاہ بالوں کی چادر پہنے ہوئے نکلے پھر آپ تشریف فرما ہوئے کہ حضرتِ سَیِّدَتُنا فاطمہ زہرا رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا تشریف لائیں تو حضور نے انہیں چادر میں داخل کرلیا پھر حضرتِ سَیِّدُناعلی المرتضیٰ شیرِ خدا کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم تشریف لائے تو حضور نے انہیں بھی چادر میں داخل فرما لیا پھر حضرتِ سَیِّدُنا حسن مجتبیٰ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ تشریف لائے تو حضور نے انہیں بھی داخل فرما لیا اس کے بعد حضرتِ سَیِّدُنا امام حسین رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ تشریف لائے تو حضور نے انہیں بھی داخل کرلیا اور پھر آیت مذکورہ تلاوت فرمائی ۔  حضرتِ سَیِّدُنا انس بن مالک رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم چھ ماہ تک حضرتِ سَیِّدَتُنا فاطمہ زہرا رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا کے دروازے پر آتے رہے جبکہ آپ فجر کی نماز کے لیے نکلتے  آپ عَلَیْہِ السَّلَام فرماتے : ’’اَلصَّلَاۃ یَا اَھْلَ الْبَیْت یعنی اے اہل بیت !  نماز کا وقت ہوگیا  ۔   ‘‘  اس کے بعد مذکورہ آیت مبارکہ تلاوت فرماتے ۔  ( [1] )

صَدرُ ا لا فاضِل حضرتِ علّامہ مولانا سَیِّدمحمد نعیم الدین مُراد آبادی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْھَادِی فرماتے ہیں :  ’’اِس آیت سے اہلِ بیت کی فضیلت ثابت ہوتی ہے اوراہلِ بیت میں نبی کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے ازواجِ مطہرات ، حضرت خاتونِ جنّت فاطمہ زہرا ، علی المرتضیٰ اور حسنین کریمین رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمْ سب داخل ہیں ، آیات و احادیث کو جمع کرنے سے یہی نتیجہ نکلتا ہے اور یہی حضرت امام ابو منصور ماتریدی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے منقول ہے ، اِن آیات میں اہلِ بیتِ رسولِ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کو نصیحت فرمائی گئی ہے تاکہ وہ گناہوں سے بچیں اور تقوٰی وپرہیزگاری کے پابند رہیں ، گناہوں کو ناپاکی سے اور پرہیزگاری کو پاکی سے اِستعارہ فرمایا گیا کیونکہ گناہوں کا مرتکب اُن سے ایسا ہی ملوّث ( آلودہ ) ہوتا ہے جیسے جسم نجاستوں سے ۔  اِس طرزِ کلام سے مقصود یہ ہے کہ اَربابِ عقول کو گناہوں سے نفرت دلائی جائے اور تقوٰی و پرہیزگاری کی ترغیب دی جائے ۔ ‘‘ ( [2] )

 ( 2 ) شَعَائِرُ اللہ کی تعظیم دلوں کا تقویٰ

قرآنِ کریم میں ارشاد ہوتاہے :

وَ مَنْ یُّعَظِّمْ شَعَآىٕرَ اللّٰهِ فَاِنَّهَا مِنْ تَقْوَى الْقُلُوْبِ(۳۲) ( پ۱۷ ، الحج : ۳۲ )

ترجمۂ  کنزالایمان  :  اور جو اللہ کے نشانوں کی تعظیم کرے تو یہ دلوں کی پرہیزگاری سے ہے ۔

مذکورہ آیتِ مبارکہ میں اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کے نشانوں کی تعظیم و تکریم کرنے کی رغبت دلائی گئی ہے اور اِس بات کو بیان کیا گیا ہے کہ جو لوگ شعائرُاللہکا اَدب واِحترام کرتے ہیں وہ حقیقی تقویٰ وپرہیزگاری والے ہیں ۔ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کی نشانیوں کی اپنے قول ، عمل بلکہ ہرطریقے سے تعظیم کرنا نہ صرف خوش نصیبی ہے بلکہ یہ تعظیم دلوں میں تقویٰ پیدا کرتی ہے ۔ ہروہ چیز جس کی تعظیم وتوقیر کرنا اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی عبادت بن جائے وہ شعائرُاللہہے ۔ شعائر ، شعر کی جمع ہے جس کا لغوی معنی معرفت وپہچان کے ہیں اور اِصطلاح میں محبوب و پسندیدہ ، ضروری اشیاء یا شخصیات کو شعائر کہا جاتا ہے ۔ یوں وہ تمام اَشیاء یا شخصیات جنہیں دیکھ کر رب تعالیٰ کی ذات وصفات اور قدرتِ کاملہ کی پہچان حاصل ہوشعائرُاللہ ہیں ۔ قرآن واَحادیث میں کئی چیزوں کو شعائرُاللہ کہا گیا ہے ۔  ( 1 ) اَعمال جیسے نماز ، روزہ ، حج اور زکاۃ ( 2 ) اوقات جیسے نمازوں کے اوقات اور روزوں و حج کے مہینے ۔  ( 3 ) مُقَدَّس مَقامات جیسے مکہ مکرمہ ، مدینہ مُنَوَّرہ اور بیت المقدس ( 4 ) مُقَدَّس شخصیات جیسے انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام ، اَہل بیت اَطہار وصحابہ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان و مجتہدین و صالحین علماء رَحِمَہُمُ اللہ ( 5 ) اشیاءِ اَعمال مثلاً قرآنِ مجید ، حدیث پاک ، آبِ زم زم اور قربانی کے جانور وغیرہ ۔ پھر ان میں سے ہرایک کی تعظیم کے طریقے بھی مختلف ہیں ۔ ٭جیسے نماز کی تعظیم  کا طریقہ یہ ہے کہ بندہ پاک وصاف ہوکر خشوع و خضوع واطمینان سے شریعت کے دیے گئے طریقے کے مطابق مکمل اور صحیح طریقے سے نماز کی ادائیگی کرے ۔ ٭عبادت کے اَوقات کی تعظیم کا طریقہ یہ ہے کہ بندہ مستحب اوقات میں عبادت کرے ، وقت سے پہلے وتاخیر سے کام نہ لے ۔ ٭مقامات کی تعظیم کا طریقہ یہ ہے کہ اُن کی زیارت کی جائے ، ہرطرح کی گندگی سے حفاظت کرتے ہوئے انہیں پاک وصاف رکھا جائے ، انہیں آباد رکھا جائے ۔



[1]     تفسیرخازن ، پ۲۲ ، الاحزاب ، تحت الآیۃ : ۳۳ ، ۳ / ۴۹۹ملخصا ۔

[2]     تفسیرخزائن العرفان ، پ۲۲ ، الاحزاب : ۳۳ ۔

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن