30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
جنتیوں کے نام ، ان کے والد ، ان کے قبائل اور پھر ان سب کا ٹوٹل ، اسی طرح جہنمیوں کے نام ، ان کے والد ، ان کے قبائل اور پھر ان سب کا ٹوٹل بھی جانتے ہیں ۔ اللہ عَزَّوَجَلَّ کے محبوب ، دانائے غیوب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے علمِ غیب کی تفصیلی معلومات کے کے لیے اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کی مایہ ناز تصنیف ’’اَلدَّوْلَۃُ الْمَکِّیَّۃ ‘‘ کا مطالعہ فرمائیے ۔
حدیث پاک میں فرمایا : ” مجھے اُمید ہے کہ تم اہل جنت کا نصف حصہ بنو گے ۔ “ اس سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ بات یقینی نہیں ہے بلکہ اُمید ہے شاید ایسا ہوجائے ؟ اس کا جواب یہ ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ و رسول صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے کلام میں شک و شبہ نہیں ہوتا ، نیز یہ بادشاہوں کا طریقہ ہے کہ وہ جب کسی کو کوئی چیز دینے کا عزم کرتے ہیں تو ایسے کلمات کہتے ہیں کہ شاید تمہیں یہ چیز دے دی جائے حالانکہ وہ اس چیز کے دینے کا پکا ارادہ کر چکے ہوتے ہیں ۔ چنانچہ ” دلیل الفالحین“ میں ہے : ’’علمائے کرام رَحِمَہُمُ اللہُ السَّلَام فرماتے ہیں کہ جب بھی اللہ عَزَّوَجَلَّ یا حضورنبی کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے اُمید جیسے کلمات صادر ہوں تو وہاں یقینی اور قطعی معنیٰ مراد ہوتے ہیں یعنی وہ بات ہوکر ہی رہے گی ، حدیث میں یقینی کلمے کے بجائے رجاء کا کلمہ ذکر کیا کیونکہ بادشاہوں کا طریقہ ہے کہ جس کام کو یقینی کرنا ہوتا اس کے لیے کہتے کہ شاید تمہیں یہ چیز دے دی جائے ۔ علامہ قرطبی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں : یہ طماعیت ( خواہش دلانا ) اللہ عَزَّوَجَلَّ کے اِس فرمان میں بھی ہے : ( وَ لَسَوْفَ یُعْطِیْكَ رَبُّكَ فَتَرْضٰىؕ(۵) ) ( پ۳۰ ، الضحی : ۵ ) ترجمۂ کنزالایمان : ’’اور بے شک قریب ہے کہ تمہارا ربّ تمہیں اتنا دے گا کہ تم راضی ہوجاؤ گے ۔ ‘‘ اس بشارت کو یقینی الفاظ کے بجائے طمعیت کے الفاظ کے ساتھ بیان فرمانے کی دو2 وجوہات ہیں : ایک یہ کہ بارگاہِ الٰہی کے آداب کا لحاظ کرتے ہوئے اور دوسری وجہ یہ کہ بندے اَحکامِ الٰہی پر کاربند رہیں ۔ ‘‘ ( [1] ) ( کیونکہ اگر یقینی اَلفاظ کے ساتھ ذکر کر دیا جاتا تو ہوسکتا تھا کہ لوگ اسی پر تکیہ کرلیتے اور اَعمال چھوڑ دیتے ۔ )
عَلَّامَہ اَبُو زَکَرِیَّا یَحْیٰی بِنْ شَرَف نَوَوِی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِیارشاد فرماتے ہیں : ’’سرکارِمدینہصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کاپہلے چوتھائی پھرتہائی پھر نصف ارشاد فرمانے میں حکمت یہ ہے کہ ایسی بات عموماً دل میں زیادہ اثر کرتی ہے اور اِس میں اُمَّت کا اِکرام بھی زیادہ ہے ، نیز انسان کو ایک مرتبہ دینے کے بعد دوبارہ دینا اس بات کی دلیل ہے کہ اُس پر خاص توجہ ہے اور وہ ہمیشہ نظر میں ہی رہتا ہے ۔ ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ اس میں تکرار یعنی پہلے ایک خوشخبری دینے کے بعد دوسری خوشخبری دیناہے دوسرا فائدہ یہ ہے کہ کثرتِ نعمت پر بار بار اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا شکر ادا کرنے اور اُس کی حمد وتکبیر بیان کرنے پر برانگیختہ کرنا ہے ( کیونکہ اگر ایک بار خوشخبری سنائی جاتی تو ایک بار ہی اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا شکر اور حمد ہوتی بار بار سنائی تاکہ حمدوشکر بھی زیادہ ہو ) ایک حدیث یہ بھی ہے کہ جنتیوں کی ایک سو بیس ( 120 ) صفیں ہوں گی جن میں سے اسّی ( 80 ) صفیں اِس اُمَّت کی ہوں گی ۔ ‘‘ ( [2] )
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو ! اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا اس اُمَّت محمدیہ پر بڑا احسان وفضل وکرم ہے کہ سب سے زیادہ جنتی اسی اُمَّت سے ہوں گے ۔ ربّ تعالیٰ کی رحمت کے کیا کہنے ! جب رحمت خداوندی جوش پر آتی ہے تو بڑے بڑے گناہگاروں کی بخشش ومغفرت کردی جاتی ہے ۔ چنانچہ منقول ہے کہ ایک شخص بہت زیادہ شراب پیا کرتا تھا ۔ ایک دن اس نے اپنے ہم نشینوں کو جمع کیا اور غلام کو چاردرہم دے کر کر کہا : ’’اہل محفل کے لیے کچھ پھل خرید لاؤ ۔ ‘‘ غلام حضرت سَیِّدُنَا منصور بن عمار عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْغَفَّار کی مجلس کے پاس سے گزرا تو حضرت سَیِّدُنَا منصور بن عمار عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْغَفَّار اس وقت کسی حاجت مند کے لیے کچھ مانگ رہے تھے اور فرمارہے تھے کہ ’’جو اسے چار درہم دے گا میں اس کے لیے چار دعائیں کروں گا ۔ ‘‘ غلام نے چار درہم دے دیے ۔ حضرت سَیِّدُنَا منصور بن عمار عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْغَفَّار نے اس سے پوچھا : ’’تم اپنے لیے کیا دعا کرانا چاہتے ہو؟ ‘‘ اس نے عرض کی : ’’میرا ایک آقا ہے اس سے چھٹکارا چاہتاہوں ۔ ‘‘ آپ نے اس کی آزادی کے لیے دعا کردی اور پوچھا کہ دوسری دعا کیا ہے ؟ اس نے عرض کی : ’’اللہ عَزَّ وَجَلَّ مجھے اِن چار درہم کا عوض عطا کر دے ۔ ‘‘ آپ نے یہ دعا بھی کردی اور دریافت کیا کہ تیسری دعا کیا ہے ؟ اس نے عرض کی : ’’اللہ عَزَّ وَجَلَّ میرے آقا کو توبہ کی توفیق دے ۔ ‘‘ آپ نے آقا کے لیے بھی دعا کردی ، پھر پوچھا کہ چوتھی دعا کیا ہے ؟ اس نے عرض کی : ’’اللہ عَزَّ وَجَلَّ میری ، میرے آقا کی ، آپ کی اور حاضرین مجلس کی مغفرت فرمائے ۔ ‘‘ آپ نے یہ دعا بھی کردی ۔ غلام جب واپس لوٹا تو آقا نے تاخیر کا سبب پوچھا تو اس نے سارا واقعہ بیان کردیا ۔ آقا نے پوچھا کہ : ’’تم نے کون کون سی دعائیں کروائی ہیں؟ ‘‘ اس نے عرض کی : ’’پہلی دعا یہ تھی کہ مجھے آزادی مل جائے ۔ ‘‘ آقا نے کہا : ’’جا تو آزاد ہے ۔ ‘‘ غلام نے عرض کی : ’’دوسری دعا یہ تھی کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ مجھے ان دراہم کا بدلہ عطا فرمائے ۔ ‘‘ آقا نے کہا : ’’تیرے لیے چار ہزار درہم ہیں ۔ ‘‘ غلام نے کہا : ’’تیسری دعا یہ تھی کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّآپ کو توبہ کی توفیق عطا فرمائے ۔ ‘‘ آقا نے کہا : ’’میں اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی بارگاہ میں توبہ کرتا ہوں ۔ ‘‘ غلام نے عرض کی : ’’چوتھی دعا یہ تھی کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ میری ، آپ کی ، حاضرین مجلس اور واعظ ( یعنی حضرت سَیِّدُنَا منصور بن عمار عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْغَفَّار ) کی مغفرت فرمائے ۔ ‘‘ آقا نے کہا : ’’یہ چوتھی بات میرے اختیار میں نہیں ہے ۔ ‘‘ رات کو جب وہ سویا تو خواب میں دیکھا کہ کوئی کہہ رہا ہے : ’’تیرے اختیار میں جو کچھ تھا وہ تونے کیا ، تیرا کیا خیال ہے جو میرے اختیار میں ہے وہ میں نہیں کروں گا ، میں نے تیری ، غلام کی ، منصور بن عمار کی اور تمام حاضرین کی مغفرت فرمادی ۔ ‘‘ ( [3] )
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع