30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
حدیث نمبر429 گناہوں کے مَیل کو دُور کرنے والی نہر
عَنْ جَابِرٍ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : مَثَلُ الصَّلَوَاتِ الْخَمْسِ كَمَثَلِ نَهْرٍ جَارٍ غَمْرٍ عَلَى بَابِ اَحَدِكُمْ يَغْتَسِلُ مِنْهُ كُلَّ يَوْمٍ خَمْسَ مَرَّاتٍ. ( [1] )
ترجمہ : حضرتِ سَیِّدُنا جابر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے مروی ہے کہ رسولُ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا : ” پانچوں نمازوں کی مثال اس بھری ہوئی نہر کی طرح ہے جو تم میں سے کسی کے دروازے کے پاس سے گزر رہی ہواور وہ اس میں ایک دن میں پانچ مرتبہ غسل کرتا ہو ۔ ‘‘
اس حدیث کی باب سے مناسبت یہ ہے کہ بندہ دن بھر گناہوں میں مبتلا رہتا ہے لیکن جب وہ نماز پڑھتا ہے تو ہر نماز میں اس کے گناہ جھڑ تے ہیں جس کے سبب وہ گناہوں سے پاک صاف ہوجاتا ہے بندہ نماز اللہ عَزَّوَجَلَّ کے حکم پر عمل کرتے ہوئے اپنا فرض ادا کرنے کے لیے پڑھتا ہے لیکن نماز پڑھنے سے اس کے گناہ جھڑجاتے ہیں یہاللہ عَزَّوَجَلَّ کا بڑا فضل و کرم ہے کہ وہ ہمارے فرائض کے ذریعے بھی ہمارے گناہوں کو مٹا دیتا ہے ۔ تواس میں بندے کے لیے گناہوں کی مغفرت اور رب تعالیٰ کی بخشش ورحمت کی امید ہے ، یہ باب بھی چونکہ رب کی رحمت سے امید کا ہے اس لیے علامہ نووی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی نے یہ حدیث پاک اس باب میں بیان فرمائی ہے ۔
گناہوں سے پاک ہونے کا آسان طریقہ :
حدیث پاک میں فرمایا : ” جو نہر تم میں سے کسی کے دروازے کے پاس سے گزر رہی ہو ۔ “یعنی جس طرح گھر کے دروازے پر موجود نہر تک تم با آسانی پہنچ سکتے اور اس میں نہاکر اپنا میل کچیل دُور کر سکتے ہو اِسی طرح نماز تک پہنچنے کے لیے تمہیں کوئی مشکل جھیلنے کی ضرورت نہیں ، تم باآسانی نماز پڑھ کر اپنے آپ کو گناہوں سے پاک کر سکتے ہو ۔ جیسا کہ حَافِظْ قَاضِی اَبُو الْفَضْل عِیَاض عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْوَھَّاب فرماتے ہیں : ’’اس حدیث میں اس بات پر تنبیہ ہے کہ قریبی نہر تک باسہولت پہنچنا اور اُس کو استعمال کرنا آسان ہے ۔ ‘‘ ( [2] )
باطنی صفائی نماز سے حاصل ہوتی ہے :
عَلَّامَہ مُحَمَّد بِنْ عَلَّان شَافِعِی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی فرماتے ہیں : ’’جس طرح باربار غسل کرنا آدمی کے جسم سے میل کچیل کو دُور کردیتا ہے اسی طرح پانچ وقت کی نماز پڑھنا باطن سے میل کچیل کو ختم کر دیتا ہے ۔ ‘‘ ( [3] )
خطاؤں سے مراد گناہِ صغیرہ ہیں :
مُفَسِّر شہِیر ، مُحَدِّثِ کَبِیْرحَکِیْمُ الاُمَّت مُفتِی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الْحَنَّان فرماتے ہیں : ’’یہاں خطاؤں سے مراد صغیرہ گناہ ہیں کبیرہ گناہ اور حقوق العباد اِس سے علیحدہ ہیں کہ وہ نماز سے معاف نہیں ہوتے ۔ خیال رہے کہ حضورانور صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے نماز پنجگانہ کو نہر سے تشبیہ دی نہ کہ کنوئیں سے ۔ دو ( ۲ ) وجہ سے : ( 1 ) ایک یہ کہ کنوئیں میں اگر گھسا جائے تو اکثر اس کا پانی نہانے کے لائق نہیں رہتا کیونکہ وہ پانی جاری نہیں ، نہر کا پانی جاری ہے ، ہر ایک کو ہر طرح پاک کردیتا ہے ، یوں ہی نماز ہر طرح پاک کردیتی ہے کیسا ہی گندا ہو ۔ ( 2 ) دوسرے یہ کہ کنوئیں کا پانی تکلف سے حاصل ہوتا ہے ، رسی ڈول کی ضرورت پڑتی ہے کمزور آدمی پانی کھینچ نہیں سکتا مگر نہر کا پانی بے تکلف حاصل ہوتا ہے ، ایسے ہی نماز بے تکلف اَدا ہوجاتی ہے جس میں کچھ نہیں کرنا پڑتااورجب دروازے پرنہرہوتوغسل کے لئے دُور جانا بھی نہیں پڑتا ۔ خیال رہے کہ گناہ دل کا میل ہے اور نماز میلِ دل کے لیے پانی ۔ ‘‘ ( [4] )
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو ! مذکورہ بالا حدیث پاک میں جہاں اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی اس بے پایہ رحمت اور اس کے فضل کا بیان ہے کہ وہ پانچوں نمازوں کی ادائیگی سے بندے کے تمام صغیرہ گناہوں کو اس طرح مٹادیتا ہے جس طرح ایک نہر میں پانچ بار نہانے والے کا میل کچیل بالکل صاف ہوجاتا ہے ، وہیں اس حدیث پاک میں ان مسلمانوں کے لیے بھی لمحہ فکریہ ہے جو نمازوں کے معاملے میں سُستی کا شکار ہیں ، یاد رہے کہ نماز مسلمان پر سب سے پہلا فرض ہے ، نماز دِین کا ستون ہے ، نماز سے رحمت نازل ہوتی ہے ، نماز ہمارے آقا صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے ، نمازی کے لیے بے شمار اِنعامات واِعزازات کی بشارت ہے جبکہ بے نماز ی اور نماز میں سُستی کرنے والوں کے لیے طرح طرح کی وعیدات بیان فرمائی گئی ہیں ۔ خدارا نمازوں کی پابندی کیجئے ، کوئی نماز قضا نہ ہونے پائے ، بلکہ کوئی جماعت فوت نہ ہونے پائے ، جیسے ہی کانوں میں اذان کی آواز گونجے فوراً سے پیشتر تمام کام کاج چھوڑ کر نماز کی تیاری میں لگ جائیے ۔
میں پانچوں نمازیں پڑھوں باجماعت ……… ہو توفیق ایسی عطا یاالٰہی
میں پڑھتا رہوں سنتیں وقت ہی پر ……… ہوں سارے نوافِل ادا یاالٰہی
مدنی گلدستہ
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع