30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
ہے ، نیز بیٹا باپ کے دوستوں اورماں کی سہیلیوں کی بھی عزت کرے ۔ ‘‘ ( [1] )
بعدوِصال والدین کے اولاد پر حقوق :
اعلیٰ حضرت امامِ اہلسنت مجدِّدِ دِین وملت پروانہ ٔشمعِ رسالت ، مولانا شاہ امام احمد رضا خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن سے والدین کے انتقال کے بعد ان کے حقوق کے بارے میں سوال ہوا تو آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے بعد وِصالِ والدین کے اولاد پر درج ذیل 12حقوق کومدلل ومفصل بیان فرمایا :
(1) سب سے پہلاحق بعدِموت اُن کے جنازے کی تجہیز ، غسل وکفن ونماز ودفن ہے اور ان کاموں میں سنن ومستحبات کی رعایت جس سے اُن کے لئے ہرخوبی وبرکت ورَحمت ووُسعت کی اُمیدہو ۔
(2) اُن کے لئے دعاواِستغفار ہمیشہ کرتے رہنا اس سے کبھی غفلت نہ کرنا ۔
(3) صدقہ وخیرات واَعمالِ صالحہ کاثواب انہیں پہنچاتے رہنا ، حسب طاقت اس میں کمی نہ کرنا ، اپنی نماز کے ساتھ ان کے لئے بھی نمازپڑھنا ، اپنے روزوں کے ساتھ اُن کے واسطے بھی روزے رکھنابلکہ جو نیک کام کرے سب کاثواب انہیں اور سب مسلمانوں کوبخش دینا کہ ان سب کو ثواب پہنچ جائے گا اور اس کے ثواب میں کمی نہ ہوگی بلکہ بہت ترقیاں پائے گا ۔
(4) ان پرکوئی قرض کسی کاہو تو اس کے ادا میں حددرجہ کی جلدی وکوشش کرنا اور اپنے مال سے ان کاقرض اداہونے کو دونوں جہاں کی سعادت سمجھنا ، آپ قدرت نہ ہو تو اور عزیزوں قریبوں پھرباقی اہل خیر سے اُس کی ادامیں امداد لینا ۔
(5) ان پرکوئی فرض رہ گیا توبقدرِقدرت اس کے ادامیں سعی بجالانا ، حج نہ کیاہوتو اُن کی طرف سے حج کرنا یا حج بدل کرانا ، زکوٰۃ یاعشر کامطالبہ ان پر رہا تو اسے اداکرنا ، نمازیا روزہ باقی ہوتو اس کاکفارہ دینا وعلیٰ ہذاالقیاس ہرطرح ان کی براءت ذمہ میں جدوجہد کرنا ۔
(6) انہوں نے جو وصیت جائزہ شرعیہ کی ہو حتی الامکان اس کے نفاذ میں سعی کرنا اگرچہ شرعاً اپنے اوپر لازم نہ ہواگرچہ اپنے نفس پربارہومثلاً وہ نصف جائداد کی وصیت اپنے کسی عزیز غیر وارث یا اجنبی محض کے لئے کرگئے توشرعاً تہائی مال سے زیادہ میں بے اجازت وارثان نافذ نہیں مگر اولاد کومناسب ہے کہ ان کی وصیت مانیں اور ان کی خوشخبری پوری کرنے کو اپنی خواہش پر مقدم جانیں ۔
(7) ان کی قسم بعدمرگ بھی سچی ہی رکھنا مثلاً ماں باپ نے قسم کھائی تھی کہ میرابیٹا فلاں جگہ نہ جائے گا یافلاں سے نہ ملے گا یافلاں کام کرے گا تو ان کے بعد یہ خیال نہ کرنا کہ اب وہ تو نہیں ان کی قسم کاخیال نہیں بلکہ اس کاویسے ہی پابند رہنا جیساان کی حیات میں رہتا جب تک کوئی حرجِ شرعی مانع نہ ہو اور کچھ قسم ہی پرموقوف نہیں ہرطرح اُمورجائزہ میں بعد مرگ بھی ان کی مرضی کا پابند رہنا ۔
(8) ہرجمعہ کو ان کی زیارتِ قبر کے لئے جانا ، وہاں یٰس شریف پڑھنا ایسی آواز سے کہ وہ سنیں اور اس کا ثواب ان کی روح کوپہنچانا ، راہ میں جب کبھی ان کی قبرآئے بے سلام وفاتحہ نہ گزرنا ۔
(9) ان کے رشتہ داروں کے ساتھ عمربھر نیک سلوک کئے جانا ۔
(10) ان کے دوستوں سے دوستی نباہنا ، ہمیشہ ان کااعزاز واکرام رکھنا ۔
(11) کبھی کسی کے ماں باپ کوبراکہہ کرجواب میں انہیں برانہ کہلوانا ۔
(12) سب میں سخت تر وعام تر ومدام تریہ حق ہے کہ کبھی کوئی گناہ کرکے انہیں قبرمیں ایذا نہ پہنچانا ، اس کے سب اَعمال کی خبرماں باپ کوپہنچتی ہے ، نیکیاں دیکھتے ہیں توخوش ہوتے ہیں اور ان کاچہرہ فرحت سے چمکتا اوردمکتاہے ، اور گناہ دیکھتے ہیں تو رنجیدہ ہوتے ہیں اور ان کے قلب پرصدمہ ہوتاہے ، ماں باپ کایہ حق نہیں کہ انہیں قبرمیں بھی رنج پہنچائے ۔ ( [2] )
مدنی گلدستہ
’’نیکی ‘‘ کے 4حروف کی نسبت سے حدیثِ مذکور
اور اس کی وضاحت سے ملنے والے 4مدنی پھول
(1) اولادکوچاہیے کہ وہ صدقہ ، خیرات اور نیکیاں كركے ان كا ثواب والدين كو پہنچائے ۔
(2) ہرجمعہ والدین کی قبروں کی زیارت کے لیے جانا چاہیے ، نیز وہاں جاکر ان کے اِیصالِ ثواب کے لیے سورہ ملک ، سورہ یسین شریف وغیرہ تلاوت کرنی چاہیے ۔
(3) والدین کی وفات کے بعد ہروہ جائز کام کرنا چاہیے کہ جو ان کی حیات میں ان کی خوشی کا باعث تھا ۔
(4) ان كے رشتہ داروں اوران كے دوستوں كا ہميشہ ادب و احترام كرتارہے ۔
اللہ عَزَّ وَجَلَّسے دعاہے کہ وہ ہمیں اپنے والدین کی حیات میں بھی ان کا ادب واحترام کرنے اور بعد ِوفات بھی ان کے جملہ حقوق کو اچھی طرح ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع