30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
حدیث نمبر 413 ایک کے بدلے دس نیکیاں
عَنْ اَبِي ذَرٍّ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : يَقُولُ اللهُ عَزَّ وَجَلَّ : مَنْ جَاءَ بِالْحَسَنَةِ فَلَهُ عَشْرُ اَمْثَالِهَا وَاَزِيْدُ وَمَنْ جَاءَ بِالسَّيِّئَةِ فَجَزَاؤُهُ سَيِّئَةٌ مِثْلُهَا اَوْ اَغْفِرُ وَمَنْ تَقَرَّبَ مِنِّي شِبْرًا تَقَرَّبْتُ مِنْهُ ذِرَاعًا وَمَنْ تَقَرَّبَ مِنِّي ذِرَاعًا تَقَرَّبْتُ مِنْهُ بَاعًا وَمَنْ اَتَانِي يَمْشِيْ اَتَيْتُهُ هَرْوَلَةً وَمَنْ لَقِيَنِي بِقُرَابِ الْاَرْضِ خَطِيئَةً لَا يُشْرِكُ بِي شَيْئًا لَقِيتُهُ بِمِثْلِهَا مَغْفِرَةً. ( [1] ) مَعْنَى الْحَدِيْث : ” مَنْ تَقَرَّبَ“ اِلَيَّ بِطَاعَتِيْ ” تَقَرَّبْتُ“ اِلَيْهِ بِرَحْمَتِيْ وَاِنْ زَادَ زِدْتُ ” فَاِنْ اَتَانِي يَمْشِيْ“ وَاَسْرَعُ فِیْ طَاعَتِيْ ” اَتَيْتُهُ هَرْوَلَةً“ : اَيْ صَبَبْتُ عَلَيْهِ الرَّحْمَةَ وَسَبَقْتُهُ بِهَا وَلَمْ اُحْوِجْهُ اِلَی الْمَشْيِ الْكَثِيْرِ فِی الْوُصُوْلِ اِلَى الْمَقْصُوْدِ وَ ” قُرَابُ الْاَرْضِ“بِضَمِّ الْقَافِ وَيُقَالُ بِكَسْرِهَا وَالضَّمُّ اَصَحُّ وَاَشْهَرُ وَمَعْنَاهُ : مَا يُقَارِبُ مِلْاَهَا. وَاللهُ اَعْلَمُ
ترجمہ : حضرتِ سَیِّدُناابو ذَر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے مروی ہے کہ حضور نبی کریم رؤف رحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشادفرمایا : ’’اللہ عَزَّوَجَلَّ فرماتا ہے : جس نے ایک نیکی کی ، اس کے لیے اس جیسی دس نیکیوں کا ثواب ہے اور میں مزید اضافہ کرتا ہوں اور جس نے گناہ کیا تو اس کے لیے اسی گناہ کا عذاب ہے یا میں معاف کردوں اور جو مجھ سے ایک بالشت قریب ہوتا ہے ، میری رحمت اُس سے ایک ہاتھ قریب ہوجاتی ہے اور جو مجھ سے ایک ہاتھ قریب ہوتا ہے ، میری رحمت اس سے دو ہاتھ قریب ہوجاتی ہے ، جو میری طرف چل کر آتا ہے ، میری رحمت اس کی طرف دوڑتی ہوئی آتی ہے اور جو میرے پاس روئے زمین کے برابر گناہ لے کر آئے اور اس نے میرے ساتھ کسی کوشریک نہ کیا ہو تو میں اس کے گناہوں کے برابر مغفرت کے ساتھ اس سے ملوں گا ۔ “
عَلَّامَہ اَبُو زَکَرِیَّا یَحْیٰی بِنْ شَرَف نَوَوِی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِیفرماتے ہیں : ’’حدیث کا معنیٰ یہ ہے کہ جو عبادت کے ذریعے میرا قرب حاصل کرتا ہے میں رحمت کے ساتھ اس کے قریب ہوتا ہوں ، اگر وہ زیادہ قریب ہو تو میری رحمت بھی زیادہ قریب ہوتی ہے ۔ چل کر آنے کا مطلب یہ ہے کہ میری عبادت میں جلدی کرتا ہے تو میں اس پر اپنی رحمت انڈیل دیتا ہوں اور میری رحمت اس سے پہلے اس کی طرف متوجہ ہوتی ہے اور بندے کے حصولِ مقصد کے لیے میں اسے زیادہ چلنے کی تکلیف نہیں دیتا ۔ قُرَابُ الْاَرْضِ کا معنی ہے وہ چیزیں جو زمین کو بھر دیں اور اللہ عَزَّوَجَلَّ زیادہ جانتا ہے ۔
اس حدیث پاک میں بھی ہم جیسے گناہ گاروں کی بخشش کی بڑی امید ہے ایک تو یہ کہ وہ رحمٰن عَزَّوَجَلَّ ہمیں ہماری نیکیوں کا ثواب بے حساب عطا فرماتا ہے جبکہ گناہ کا عذاب گناہ کے برابر ہی دیتا ہے دوسرا یہ کہ اگر کوئی بندۂ مؤمن اس کی عبادت کے ذریعے اس کا قرب حاصل کر کے اس کی طرف ایک ہاتھ آگے بڑھتا ہے تو اس کی رحمت دو ہاتھ بندے کے قریب آجاتی ہے تیسرا یہ کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ نے وعدہ فرمایا ہے کہ شرک کے سوا ہر گناہ کو معاف فرمادے گا ۔
اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا فضل :
مُفَسِّرشہِیر مُحَدِّثِ کَبِیْرحَکِیْمُ الاُمَّت مُفتِی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الْحَنَّان فرماتے ہیں : ’’یعنی نیکی کرنے والے مسلمان کو ایک کا دس تو قانونًا وعدلًا دیا جائے گا اور اس کے علاوہ فضل و کرم سے بطور انعام عطا ہوگا جو ہمارے گمان و وہم سے وراء ہے ۔ خیال رہے کہ ایک کا دس گنا عام حالات میں ہے ربّ تعالیٰ فرماتا ہے : ( مَنْ جَآءَ بِالْحَسَنَةِ فَلَهٗ عَشْرُ اَمْثَالِهَاۚ-) ( پ۸ ، الانعام : ۱۶۰ ) ترجمۂ کنزالایمان : ’’جو ایک نیکی لائے تو اس کے لیے اس جیسی دس ہیں ۔ ‘‘ ) اور کبھی زمانہ جگہ کی خصوصیت سے ایک نیکی کا عوض سات سو یا پچاس ہزار بلکہ ایک لاکھ تک ہے ، ربّ تعالیٰ فرماتاہے : ( كَمَثَلِ حَبَّةٍ اَنْۢبَتَتْ سَبْعَ سَنَابِلَ فِیْ كُلِّ سُنْۢبُلَةٍ مِّائَةُ حَبَّةٍؕ-وَ اللّٰهُ یُضٰعِفُ لِمَنْ یَّشَآءُؕ-) ( پ۳ ، البقرۃ : ۲۶۱ ) ’’ترجمۂ کنزالایمان : اس دانہ کی طرح جس نے اوگائیں سات بالیں ہربال میں سو دانے اور اللہ اس سے بھی زیادہ بڑھائے جس کے لیے چاہے ۔ ‘‘ یہ صرف نیکی کا عوض نہیں بلکہ اس وقت یا جگہ کی خصوصیت بھی ہے لہٰذا نہ تو گذشتہ مذکورہ آیتیں آپس میں متعارض ہیں اور نہ یہ حدیث دوسری احادیث کے خلاف جن میں فرمایا گیا کہ مدینہ پاک کی ایک نیکی کا ثواب پچاس ہزار ہے یا مکہ مکرمہ کی ایک نیکی کا ثواب ایک لاکھ ۔ ‘‘ ( [2] )
حدیث پاک میں فرمایا کہ جو ایک نیکی کرتا ہے اسے دس کا ثواب ملتا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ فقط دس نیکیوں کا ہی ثواب ملے گا اس سے زیادہ کا نہیں بلکہ یہ عدد اضافے کی سب سے کم حد ہے اس سے زیادہ ہی ملے گا اس سے کم نہیں ۔ ” دلیل الفالحین“ میں ہے : ’’علامہ بیضاوی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِیفرماتے ہیں کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ نے نیکیوں میں اضافے کا جو وعدہ فرمایا ہے اس میں دس کا عدد سب سے کم اضافہ ہے اور کہیں سات سو گنا تک اضافہ اور کہیں تو بے حساب اضافے کا وعدہ بھی فرمایا ہے ۔ اسی وجہ سے کہا گیا ہے کہ دس سے تعداد نہیں بلکہ کثرت مراد ہے ۔ ایک نیکی کے بدلے دس ، سات سو یا بے حساب اجر عطا فرمانا اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا فضل ہے جبکہ ایک گناہ کے بدلے ایک ہی گناہ کی سزا دینا اس کا عدل ہے اور اگر چاہے تو اپنے فضل سے وہ بھی معاف فرمادے ۔ ‘‘ ( [3] )
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع