30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
(1) سمجھدار وہی ہے جو اپنے سفر کو بھی جاری وساری رکھے اور اس سفر میں آنے والی تمام مشکلات ، اس راہ میں بیٹھے چوروں اور لٹیروں سے بھی ہوشیار رہے ۔
(2) نفس وشیطان بہت عیار ومکار ہیں ، ان کی عیاری ومکاری کی معلومات حاصل کرکے ان سے بچنے کی تدابیر اختیار کرنی چاہیے ورنہ آخرت کے تباہ وبرباد ہونے کا شدید اندیشہ ہے ۔
(3) ایمان ہماری سب سے قیمتی شے ہے ، ہمارا حقیقی سرمایہ ہے ، شیطان ہمارا ازلی دشمن ہے ، جو ہروقت ایمان کو لوٹنے کے درپے ہے ، لہٰذا اپنے دل میں خوف خدا پیدا کیجئے ، گناہوں کو ترک کرکے نیکیوں میں مصروف ہوجائیے اور شیطان مردود سے رب تعالیٰ کی پناہ مانگئے ۔
(4) جنت رب تعالیٰ کی رضا اور اس کے فضل ورحمت سے ہی ملے گی ، اگر جنت کو پانا ہے تو اپنے آپ کو گناہوں سے بچائیے اور رب تعالیٰ کی رضا کے لیے نیک اَعمال میں مصروف ہوجائیے ۔
(5) جنت بہت ہی اعلیٰ اور قیمتی ہے اس لیے اس کی قیمت بھی بہت اعلیٰ ہے اور اس کی قیمت نیک اور خالص اعمال ہیں ۔
اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں قبر وآخرت کی تیاری کرنے کی توفیق عطا فرمائے ، ہماری مغفرت فرمائے اور ہمیں جنت الفردوس میں پیارے آقا صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا پڑوس نصیب فرمائے ۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب ! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
حدیث نمبر : 411 مَحْشَر کا ہولناک دن
عَنْ عَائِشَةَ رَضِیَ اللہُ عَنْہَا قَالَتْ : سَمِعْتُ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، يَقُولُ : يُحْشَرُ النَّاسُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ حُفَاةً عُرَاةً غُرْلًا قُلْتُ : يَا رَسُولَ اللهِ ! اَلرِّجَالُ وَ النِّسَاءُ جَمِيْعًا يَنْظُرُ بَعْضُهُمْ اِلٰی بَعْضٍ قَالَ : يَا عَائِشَةُ ! اَلْاَمْرُ اَشَدُّ مِنْ اَنْ يُّهِمَّهُمْ ذٰلِكَ. ( [1] ) وَفِی رِوَایَۃٍ : اَلْاَمْرُ اَهَمُّ مِنْ اَنْ يَنْظُرَ بَعْضُهُمْ اِلٰى بَعْضٍ. ( [2] )
ترجمہ : اُمّ المؤمنین حضرت سیدتنا عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَافرماتی ہیں کہ میں نے شَفِیْعُ الْمُذْنِبِیْن ، اَنِیْسُ الْغَرِیْبِیْن صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکو یہ فرماتے ہوئے سنا : ” قیامت کے دن لوگ ننگے پاؤں ، ننگے بدن اور بے ختنہ اُٹھائے جائیں گے ۔ “میں نے عرض کی : ’’یارسولَ اللہصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ! عورتیں اور مردسب جمع ہوں گے تو بعض بعض کو دیکھیں گے ؟ ‘‘ آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشادفرمایا : ” اے عائشہ ! معاملہ اس سے سخت ہے کہ لوگ اس طرف توجہ کریں ۔ ‘‘ ایک روایت میں ہے یوں ہے کہ’’معاملہ اس سے سخت تر ہوگا کہ کوئی ایک دوسرے کی طرف دیکھے ۔ “
اُمّ المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ کی شان :
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو ! مذکورہ حدیث پاک سے دیگر مختلف اُمور کے ساتھ ساتھ اُم المؤمنین حضرت سیدتنا عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا کی شان بھی ظاہر ہوتی ہے ۔ آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا کا شمار ان امہات المؤمنین میں ہوتا ہے جنہیں بارگاہ ِرِسالت کے علمی فیضان سے وافر حصہ ملا ۔ آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا فقیہہ تھیں ، بلکہ بسااوقات تو اکابر صحابہ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان آپ سے مختلف مسائل کے متعلق استفسار فرمایا کرتے تھے کیونکہ آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا کو حضور نبی کریم ، رؤف رحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا سب سے زیادہ قرب حاصل تھا ۔ آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا بسا اوقات رسولِ اکرم نورِمجسم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے فرمان کے بعد کسی نہ کسی حکمت کے پیش نظر مختلف سوالات کرتی تھیں جن سے اُمَّتِ مُسْلِمَہ کو بہت فائدے حاصل ہوتے تھے ۔ مذکورہ حدیث پاک میں بھی جب سرکار صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے قیامت کا ہولناک منظر پیش کیا تو سیدہ عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا نے فوراً بے پردگی سے متعلق سوال کیا کہ جب سب لوگ وہاں برہنہ ہوں گے تو کیا ایک دوسرے کو دیکھیں گے ؟ آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا کا بے پردگی کے بارے میں سوال کرنا آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا کی طہارت ، پاکیزگی اور شریعت کی مضبوط پاسداری پر دلالت کرتا ہے کیونکہ جو شخص شریعت کی پاسداری نہیں کرتا وہ پھر کسی معاملے میں اس پر غوروفکر بھی نہیں کرتا اور جو پاسداری کرتا ہے وہ ہر ہر معاملے میں غور وفکر کرتا ہے کہ شریعت اس معاملے میں کیا کہتی ہے ؟ اُمُّ المؤمنین حضرت سیدتنا عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا دنیا میں پردہ داری ، عفت وپاک دامنی اور شریعت کی ایسی پاسدار تھیں کہ فوراً آپ کے ذہن میں اُخروی پردہ داری کا بھی خیال آگیا ۔ سُبْحٰنَ اللہ جو پاک دامنہ آخرت میں بھی پردہ داری کی مدنی سوچ رکھتی ہو وہ دنیا میں کیسی پردہ دار ، پاکیزہ ، طیبہ اور طاہرہ ہو گی ۔ اللہ عَزَّوَجَلَّ ہماری ماؤں ، بہنوں اور بیٹیوں کو بھی اُمُّ المؤمنین حضرت سیدتنا عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا کی سیرت طیبہ پر عمل کی توفیق عطا فرمائے ، اِنہیں بھی پردہ داری کی مدنی سوچ عطا فرمائے ۔ آمین
عَلَّامَہ مُلَّا عَلِی قَارِی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْبَارِی فرماتے ہیں : ’’اُمّ المؤمنین حضرت سیدتنا عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا نے حضور نبی کریم رؤف رحیمصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے سوال کیا کہ بروزِ قیامت مرد اور عورتیں ایک ساتھ جمع ہوں گے تو پھر تو ایک دوسرے کے ستر کو دیکھیں گے ؟ حضور صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے جواب ارشاد فرمایا : ’’اے عائشہ ! قیامت کا معاملہ اس سے زیادہ دشوار ہے کوئی شخص اپنے علاوہ کسی اور کی طرف جان بوجھ کر یا بھولے سے دیکھ سکے ۔ ‘‘ ( یعنی اس دن کی ہولناکی کی وجہ سے ہر کسی کو بس اپنی فکر لاحق ہوگی کسی اور کی طرف دیکھنے کا خیال بھی نہ آئے گا ) جیسا کہ فرمانِ باری تعالیٰ ہے :
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع