30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
امور کے متعلق دِینی معلومات حاصل کرنا فرض ہے جن سے اُس کا واسطہ پڑتاہے ، اسی وجہ سے تو کہا جاتاہے : ’’اَفْضَلُ الْعِلْمِ عِلْمُ الْحَالِ وَاَفْضَلُ الْعَمَلِ حِفْظُ الْحَالِیعنی افضل ترین علم موجودہ درپیش اُمور سے آگاہی حاصل کرنا ہے اورافضل ترین عمل اپنے اَحوال کی حفاظت کرنا ہے ۔ پس ایک مسلمان پر اِن علوم کا جاننا بہت ضروری ہے جن کی ضرورت اُس کو اپنی زندگی میں پڑتی ہے خواہ وہ کسی بھی شعبے سے تعلق رکھتا ہو ۔ ایک مسلمان کے ليے پہلا فرض تو نماز ہی ہے لہٰذا ہر مسلمان پر نماز کے متعلق اتنی معلومات کا جاننا فرض ہے کہ جن سے اُس کا فرض ادا ہوسکے اوراتنی معلومات کا حاصل کرنا واجب ہے جن کی آگاہی سے وہ واجباتِ نماز کو اد اکرسکے کیونکہ ضابطہ یہ ہے کہ وہ معلومات جو ادائیگی فرض کا سبب بنیں اُن کو حاصل کرنافرض ہے اور وہ معلومات جو ادائیگی واجب کا ذریعہ بنیں اُن کو حاصل کرنا واجب ہے ۔ اِسی طرح روزے سے متعلق معلومات حاصل کرنے کا معاملہ ہے نیز اگر صاحب مال ہے تو زکوٰۃ کا بھی یہی ضابطہ ہے اوراگر کوئی تاجر ہے تو مسائل خریدوفروخت جاننے کے متعلق بھی یہی حکم ہے کہ اتنی معلومات کا جاننا فرض ہے ، جن سے فرض ادا ہوسکے اوراتنی معلومات کا حاصل کرنا واجب ہے کہ جن سے واجب ادا ہوسکے ۔
ایک مرتبہ امام محمد رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کی بارگاہ میں عرض کیا گیا کہ آپ ’’زُہد ‘‘ ( تقویٰ وپرہیزگاری ) کے عنوان پر کوئی کتاب تصنیف کیوں نہیں فرماتے ؟آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے ارشاد فرمایا : ’’میں تو خرید وفروخت کے مسائل سے متعلق ایک کتاب تصنیف کرچکاہوں ۔ ‘‘ مطلب یہ ہے کہ زاہد وہی ہے جو کہ تجارت کرتے وقت اپنے آپ کو مکروہات وشبہات سے بچائے اوراسی طرح تمام معاملات اورصنعت وحرفت میں مکروہات وشبہات سے بچنا ہی تو زُہد ہے ۔ جب ایک شخص کسی کام میں مشغول ہوجاتاہے تو اس پر اتنے علم کا حاصل کرنا فرض ہوجاتاہے کہ جس کے ذریعے وہ اس فعل میں حرام کے ارتکاب سے بچ سکے ۔ نیز ظاہری معاملات کی طرح ہی باطنی احوال یعنی توکل ، توبہ ، خوفِ خدا ، رضاء الٰہی وغیرہ سے متعلق معلومات حاصل کرنے کا حکم ہے کیونکہ بندے کو مذکورہ قلبی اُمور سے بھی ہر وقت واسطہ پڑتارہتاہے لہٰذا اُس پر اَحوالِ قلب سے متعلق معلومات کا علم حاصل کرنا بھی فرض ہے ۔ ‘‘ ( [1] )
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو ! دیکھا آپ نے کہ ہرشخص پر بالغ ہوتے ہی نماز روزہ کے ضروری مسائل سیکھنا واجب ہوجاتا ہے ، نیز حج اور زکوۃ سے متعلق مسائل صاحب نصاب واستطاعت کے لیے سیکھنا ضروری ہے تاکہ وہ ان کی صحیح طریقے سے ادائیگی کرسکے ۔ مگر افسوس ! آج ہماری اکثریت ان چیزوں کے بنیادی مسائل سے بھی ناواقف ہے ، علم دِین سے دوری کے سبب ہوسکتا ہے بعض لوگوں کو تو یہ بھی معلو م نہ ہو کہ طہارت کیسے حاصل کی جاتی ہے ؟وضو کا صحیح طریقہ کیا ہے ؟نماز کی کتنی شرائط اور کتنے فرائض ہیں؟ روزہ کن صورتوں میں ٹوٹ جاتا ہے ؟ کن صورتوں میں روزہ فاسد ہوجاتا ہے ؟ روزے کے مکروہات کتنے ہیں؟وغیرہ وغیرہ ۔ کاش ! ہم بھی علم دِین حاصل کرنے والے بن جائیں ۔ فرائض وواجبات وغیرہ کو سیکھ کر اس پر عمل کرنے والے بن جائیں ۔ علم دِین حاصل کرنے والوں کے قرآن وسنت میں بہت فضائل بیان فرمائے گئے ہیں ، چنانچہ حصولِ علم دِین کی فضیلت پر مشتمل چارفرامین مصطفے ٰ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ملاحظہ کیجئے : ( 1 ) ’’علم سیکھنے سے ہی آتا ہے اور فقہ غورو فکر سے حاصل ہوتی ہے اور اللہ عَزَّ وَجَلَّ جس کے ساتھ بھلائی کا اِرادہ فرماتاہے اُسے دِین میں سمجھ بوجھ عطا فرماتا ہے اور اللہ عَزَّ وَجَلَّسے ۱ ُس کے بندوں میں سے وہی ڈرتے ہیں جو علم والے ہیں ۔ ‘‘ ( [2] ) ( 2 ) ’’علم کی فضیلت عبادت کی فضیلت سے بڑھ کر ہے اور تمہارے دِین کا بہترین عمل تقویٰ یعنی پرہیزگاری ہے ۔ ‘‘ ( [3] ) ( 3 ) ’’اللہتعالیٰ جس کے ساتھ بھلائی کا اِرادہ فرماتا ہے اُسے دِین میں سمجھ بوجھ عطا فرماتاہے اور میں تو تقسیم کرنے والا ہوں اور عطاکرنے والا اللہ عَزَّوَجَلَّہے ۔ اِس اُمَّت کا معاملہ ہمیشہ درست رہے گا یہاں تک کہ قیامت قائم ہوجائے اور اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا حکم آجائے ۔ ‘‘ ( [4] ) ( 4 ) ’’جو علم کی تلاش میں کسی راستے پر چلتاہے ، اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس کے لئے جنت کا راستہ آسان فرمادیتا ہے اور بے شک فرشتے طالب علم کے عمل سے خوش ہوکر اس کے لئے اپنے پر بچھا دیتے ہیں اور بے شک زمین وآسمان میں رہنے والے یہاں تک کہ پانی میں مچھلیاں عالِم دِین کے لئے اِستغفار کرتی ہیں اور عالِم کی فضیلت عابد پر ایسی ہے جیسی چودھویں رات کے چاند کی دیگر ستاروں پراور بے شک علماء انبیا ء عَلَیْہِمُ السَّلَام کے وارث ہیں ، بیشک انبیاء عَلَیْہِمُ السَّلَام درہم ودینار کا وارث نہیں بناتے بلکہ وہ نفوس ِ قدسیہ عَلَیْہِمُ السَّلَام تو صِرف علم کا وارث بناتے ہیں ، تو جس نے اسے حاصل کرلیا اس نے بڑا حصہ پالیا ۔ ‘‘ ( [5] )
فرض علوم سیکھنے کا بہترین ذریعہ :
تبلیغ قرآن وسنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوتِ اسلامی کے مہکے مہکے مدنی ماحول میں فرائض وواجبات کے ساتھ ساتھ بکثرت سنتیں سیکھی اور سکھائی جاتی ہیں ۔ فرائض وواجبات کی واقفیت کے لیے دعوتِ اسلامی میں اَلْحَمْدُلِلّٰہعَزَّ وَجَلَّ ’’فرض علوم کورس ‘‘ کروایا جاتا ہے ۔ جس میں ضروریات زندگی سے متعلق وہ تمام ضروری مسائل سکھانے کی کوشش کی جاتی ہے جن کا حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے ۔ نیز اس ’’فرض علوم کورس ‘‘ کی آڈیو اور ویڈیو سی ڈیز بھی مکتبۃ المدینہ کی کسی بھی شاخ سے حاصل کی جاسکتی ہیں ۔ ہوسکے تو آپ بھی اس ’’فرض علوم کورس ‘‘ میں شرکت فرمائیں ، اپنے دوست احباب کو اس کی دعوت دیں ، ورنہ کم ازکم اس ’’فرض علوم کورس ‘‘ کی سی ڈیز مکتبۃ المدینہ سے ہدیۃً حاصل کریں
[1] راہِ علم ، ص۱۲ ، ۱۱ ۔
[2] کنز العمال ، کتاب الفضائل ، باب فی فضائل الامۃ ، ۷ / ۲۱ ، الجزء الرابع عشر ، حدیث : ۳۷۸۸۸ ۔
[3] معجم اوسط ، من اسمہ علی ، ۳ / ۹۲ ، حدیث : ۳۹۶۰ ۔
[4] بخاری ، کتاب العلم ، باب من یرداللہ بہ خیرا ۔ ۔ ۔ الخ ، ۱ / ۴۲ ، حدیث : ۷۱ ۔
[5] ابن ماجۃ ، کتاب السنۃ ، باب فضل العلماء ۔ ۔ ۔ الخ ، ۱ / ۱۴۵ ، حدیث : ۲۲۳ ۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع