30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
( 1 ) حضرت سیدنا ابو حفص رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں : ’’خوفِ خدا دل کا چراغ ہے ، اس کے ذریعے دل کے خیر وشر کو ملاحظہ کیا جاسکتا ہے ۔ ‘‘ ( 2 ) حضرت سیدنا واسطی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں : ’’خوف اللہ عَزَّ وَجَلَّ اور بندے کے درمیان حجاب ہے ۔ ‘‘ ( 3 ) حضرت سیدنا ابوسلیمان دارانی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں : ’’جس دل سے خوف نکل گیا وہ دل ویران ہوگیا ۔ ‘‘ ( 4 ) حضرت سیدنا ابو عثمان رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں : ’’سچا خوف ظاہری اور باطنی گناہوں سے پرہیز کرنا ہے ۔ ‘‘ ( 5 ) حضرت سیدنا ذوالنون مصری رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں : ’’جب تک لوگوں کے دلوں سے خوفِ خدا زائل نہیں ہوتا وہ سیدھے راستے پر رہتے ہیں ۔ پس جب ان سے خوفِ خدا زائل ہوجاتا ہے تو سیدھے راستے سے بھٹک جاتے ہیں ۔ ‘‘ ( 6 ) حضرت سیدنا حاتم اصم رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں : ’’ہرچیز کی زینت ہے اور عبادت کی زینت خوفِ خدا ہے اور خوف کی علامت اُمید کو کم کرنا ہے ۔ ‘‘ ( [1] )
حضرت سَیِّدُنا اِمام محمد غزالی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْوَالِی کی تحقیق کی روشنی میں خوف کے تین درجات ہیں : ( 1 ) ضعیف ( یعنی کمزور ) : ’’یہ وہ خوف ہے جو انسان کو کسی نیکی کے اپنانے اور گناہ کو چھوڑنے پر آمادہ کرنے کی قوت نہ رکھتا ہو ۔ مثلاً جہنم کی سزاؤں کے حالات سن کر محض جُھرجُھری لے کر رہ جانااور پھرسے غفلت ومعصیت میں گرفتار ہوجانا ۔ ‘‘ ( 2 ) مُعْتَدَل ( یعنی متوسط ) : ’’یہ وہ خوف ہے جو انسان کو کسی نیکی کے اپنانے اور گناہ کو چھوڑنے پر آمادہ کرنے کی قوت رکھتا ہو ۔ مثلاً عذابِ آخرت کی وعیدوں کوسن کراُن سے بچنے کے لئے عملی کوشش کرنا اور اس کے ساتھ ساتھ رب تعالیٰ سے امید ِ رحمت بھی رکھنا ۔ ‘‘ ( 3 ) قوی ( یعنی مضبوط ) : ’’یہ وہ خوف ہے ، جوانسان کو ناامیدی ، بے ہوشی اور بیماری وغیرہ میں مبتلاء کردے ۔ مثلاًاللہ عَزَّ وَجَلَّ کے عذاب وغیرہ کا سن کر اپنی مغفرت سے ناامید ہوجانا ۔ ‘‘ یہ بھی یاد رہے کہ ان تمام درجات میں سب میں بہتر درجہ’’ معتدل ‘‘ ہے کیونکہ خوف ایک ایسے تازیانے کی مثل ہے جو کسی جانور کو تیز چلانے کے لئے مارا جاتا ہے ۔ لہٰذا ! اگر اس تازیانے کی ضرب اتنی ’’ضعیف ‘‘ ہوکہ جانور کی رفتار میں ذرّ ہ بھر بھی اضافہ نہ ہو تو اس کا کوئی فائدہ نہیں اور اگر یہ ضرب اتنی ’’قوی ‘‘ ہو کہ جانور اس کی تاب نہ لاسکے اور اتنا زخمی ہوجائے کہ اس کے لئے چلنا ہی ممکن نہ رہے تو یہ بھی نفع بخش نہیں اور اگر یہ’’ معتدل ‘‘ ہو کہ جانور کی رفتار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوجائے اور وہ زخمی بھی نہ ہو تو یہ ضرب بے حد مفید ہے ۔ ( [2] )
حضرت سَیِّدُنا فقیہ ابواللیث سمر قندی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہارشاد فر ماتے ہیں کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے خوف کی علامت آٹھ چیزوں میں ظاہر ہوتی ہے : ( 1 ) ’’انسان کی زبان میں : وہ اس طرح کہ رب تعالیٰ کا خوف اس کی زبان کو جھوٹ ، غیبت ، فضول گوئی سے روکے گا اور اُسے رب تعالیٰ کے ذکر ، تلاوتِ قرآن اور علمی گفتگو میں مشغول رکھے گا ۔ ‘‘ ( 2 ) ’’اس کے شکم میں : وہ اس طرح کہ وہ اپنے پیٹ میں حرام کو داخل نہ کرے گا اور حلال چیز بھی بقدر ِضرورت کھائے گا ۔ ‘‘ ( 3 ) ’’اس کی آنکھ میں : وہ اس طرح کہ وہ اسے حرام دیکھنے سے بچائے گا اوردنیا کی طرف رغبت سے نہیں بلکہ حصولِ عبرت کے لئے دیکھے گا ۔ ‘‘ ( 4 ) ’’اس کے ہاتھ میں : وہ اس طرح کہ وہ کبھی بھی اپنے ہاتھ کو حرام کی جانب نہیں بڑھائے گا بلکہ ہمیشہ اطاعتِ الٰہی میں استعمال کرے گا ۔ ‘‘ ( 5 ) ’’اس کے قدموں میں : وہ اس طرح کہ وہ انہیں رب تعالیٰ کی نافرمانی میں نہیں اٹھائے گا بلکہ اس کے حکم کی اطاعت کے لئے اٹھائے گا ۔ ‘‘ ( 6 ) ’’اس کے دل میں : وہ اس طرح کہ وہ اپنے دل سے بغض ، کینہ اور مسلمان بھائیوں سے حسد کرنے کو دور کر دے اور اس میں خیرخواہی اور مسلمانوں سے نرمی کا سلوک کرنے کا جذبہ بیدار کرے ۔ ‘‘ ( 7 ) ’’اس کی اطاعت وفرمانبرداری میں : اس طرح کہ وہ فقط رب تعالیٰ کی رضا کے لئے عبادت کرے اور ریاء ونفاق سے خائف رہے ۔ ‘‘ ( 8 ) ’’اس کی سماعت میں : اس طرح کہ وہ جائز بات کے علاوہ کچھ نہ سنے ۔ ‘‘ ( [3] )
خوفِ خدا کے حصول میں مُعاون چند اُمور :
دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ 160صفحات پر مشتمل کتاب ” خوفِ خدا“کے صفحہ نمبر 23پر ہے : ’’خوفِ خدا عَزَّ وَجَلَّ کی اس عظیم نعمت کے حصول کے لئے عملی کوشش کے سلسلے میں درجِ ذیل امور مدد گار ثابت ہوں گے ۔ اِنْ شَآءَاللہعَزَّ وَجَلَّ
(1) اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی بارگاہ میں سچی توبہ کرنا اوراِس نعمت کے حصول کی دعا کرنا ۔
(2) قرآنِ عظیم واحادیث مبارکہ میں وارد ہونے والے خوفِ خدا عَزَّ وَجَلَّکے فضائل پیش نظر رکھنا ۔
(3) اپنی کمزوری وناتوانی کو سامنے رکھ کر جہنم کے عذابات پر غور وفکر کرنا ۔
(4) خوف ِ خدا عَزَّ وَجَلَّ کے حوالے سے اَسلاف کے حالات کا مطالعہ کرنا ۔
(5) خود احتسابی کی عادت اپنانے کی کوشش کرتے ہوئے فکرِ مدینہ کرنا ۔
(6) ایسے لوگوں کی صحبت اختیار کرنا جو اس صفت عظیمہ سے متصف ہوں ۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب ! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع