30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
دعوتِ اسلامی کے اشاعتی مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ ۳۵۲ صفحات پرمشتمل کتاب ’’باطنی بیماریوں کی معلومات‘‘ کا مطالعہ بہت مفید ہے۔ اللہ عَزَّ وَجَلَّ عمل کی توفیق عطافرمائے۔ اٰمین۔
بیٹیوں کے ذریعے بھی آزمائش ہوتی ہے:
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!اگرچہ قرآنِ مجید فرقانِ حمید میں مطلق اولاد کو بھی آزمائش فرمایا گیا ہے لیکن مذکورہ حدیث پاک سے یہ بھی معلوم ہوا کہ بندے کو بسا اوقات فقط بیٹیوں کے ذریعے بھی آزمائش میں مبتلا کیا جاتا ہے ، لہٰذا جسے اولاد میں صرف بیٹیاں ہی عطا ہوں یا بیٹیوں کی طرف سے کوئی تکلیف پہنچے تو اسے گھبرانا یا بے صبری کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے بلکہ اپنے رب تعالیٰ کی آزمائش سمجھتے ہوئے اس پر صبر وشکر سے کام لینا چاہیے کہ بے صبری اجر کے ضائع ہونے اور صبر وشکر اجرکے حاصل ہونے کا سبب ہے۔ بیٹیوں جیسی آزمائش پر صبر کرنے کے فضائل پر دو فرامین مصطفےٰ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ملاحظہ کیجئے : (1)’’جس کے پاس تین بیٹیاں ہوں اور وہ ان کے وجود پر صبر کرے ، انہیں کھلائے پلائےاور اپنی طاقت کے مطابق لباس پہنائے تو قیامت کے دن وہ تینوں ا س کے لئے جہنم سے حجاب بن جائیں گی۔ ‘‘([1])(2)’’کیا میں تمہیں سب سے بہتر صدقہ کے بارے میں نہ بتاؤں؟ (سنو ! وہ یہ ہے کہ )تمہاری جو بیٹی(طلاق یا بیوہ ہونے کے بعد)تمہارے پاس واپس ا ٓ گئی تو اس کے ساتھ بھلائی کرو کیونکہ اب اس کے لئے تمہارے سوا کمانے والا کوئی نہیں۔ ‘‘([2])
جہنم سے نجات کا ذریعہ ہونے کی صورت:
حدیث پاک کے آخر میں فرمایا گیا کہ بیٹیاں جہنم کی آگ سے آڑ ہوں گی۔ اس سے مراد یہ ہے کہ یہ بیٹیاں اس کے لیے جہنم سے نجات کا ذریعہ ہوں گی اور اس کی صورت یہ ہو گی کہ وہ جہنم میں جائے گا ہی نہیں یا اگر گیا تو وہاں جہنم کی آگ اس تک نہ پہنچ سکے گی کہ یہ بیٹیاں پردہ بن کر اسے محفوظ رکھیں گی۔ البتہ یاد رہے کہ اس میں شرط یہ ہی ہے کہ اُن سے گھبرائے نہیں اوراُن کے ساتھ اچھا سلوک کرے۔
بیٹیوں سے متعلق دو اہم مدنی پھول:
(1)میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!یاد رکھیں کہ اولاد عطا فرمانا اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے قبضہ واختیار میں ہے وہ جسے چاہے فقط بیٹے یا بیٹی جیسی نعمت ورحمت سے نوازے اور جسے چاہے بیٹا اور بیٹی دونوں سے نواز دے کیونکہ وہ مالک حقیقی ہے وہ جسے چاہے جو چاہے عطا فرمادے ، اس بندے کے حق میں وہی بہتر ہے ، کسی کو اُس کی عطا پر اِعتراض کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ چنانچہ ہمارا خالق مالک ، پیارا رب عَزَّ وَجَلَّ پارہ ۲۵ ، سورۂ شوریٰ ، آیت ۴۹ اور ۵۰ میں ارشاد فرماتا ہے :
لِلّٰهِ مُلْكُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِؕ-یَخْلُقُ مَا یَشَآءُؕ-یَهَبُ لِمَنْ یَّشَآءُ اِنَاثًا وَّ یَهَبُ لِمَنْ یَّشَآءُ الذُّكُوْرَۙ(۴۹) اَوْ یُزَوِّجُهُمْ ذُكْرَانًا وَّ اِنَاثًاۚ-وَ یَجْعَلُ مَنْ یَّشَآءُ عَقِیْمًاؕ-اِنَّهٗ عَلِیْمٌ قَدِیْرٌ(۵۰)
ترجمۂ کنزالایمان : اللہ ہی کے لئے ہے آسمانوں اور زمین کی سلطنت پیدا کرتا ہے جو چاہے جسے چاہے بیٹیاں عطا فرمائےاورجسے چاہے بیٹے دےیا دونوں ملا دے بیٹے اور بیٹیاں اور جسے چاہے بانجھ کردے بیشک وہ علم و قدرت والا ہے ۔
(2)بیٹی اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی بہت ہی پیاری نعمت اوررحمت ہے ، ربّ تعالیٰ کی نعمت ورحمت پر غمگین ہونا یا اُسے اپنے لیے باعث عارسمجھنا یقیناً کسی مسلمان کا شیوہ نہیں ہے ، بلکہ یہ تو کفار کا طریقہ ہے ، چنانچہ قرآنِ مجید فرقانِ حمید میں ارشاد ہوتا ہے :
وَ اِذَا بُشِّرَ اَحَدُهُمْ بِالْاُنْثٰى ظَلَّ وَجْهُهٗ مُسْوَدًّا وَّ هُوَ كَظِیْمٌۚ(۵۸) یَتَوَارٰى مِنَ الْقَوْمِ مِنْ سُوْٓءِ مَا بُشِّرَ بِهٖؕ-اَیُمْسِكُهٗ عَلٰى هُوْنٍ اَمْ یَدُسُّهٗ فِی التُّرَابِؕ-اَلَا سَآءَ مَا یَحْكُمُوْنَ(۵۹) (پ۱۴ ، النحل : ۵۸ ، ۵۹)
ترجمۂ کنزالایمان : اور جب ان میں کسی کو بیٹی ہونے کی خوشخبری دی جاتی ہے تو دن بھر اس کا منہ کالا رہتا ہے اور وہ غصہ کھاتا ہے۔ لوگوں سے چھپتا پھرتا ہے اس بشارت کی برائی کے سبب کیا اسے ذلّت کے ساتھ رکھے گا یا اسے مٹی میں دبادے گا ارے بہت ہی بُرا حکم لگاتے ہیں۔
بہت بدنصیب ہیں وہ لوگ جو بیٹی پیدا ہونے پر اپنی بیویوں پر طعن وتشنیع کرتے ، بات بات پر مارپیٹ اورطرح طرح کے ظلم وستم کرتے ہیں ، اُن کو اذیتیں دیتےہیں ، اُن سے بیزاری کا اِظہار کرتے ہیں ، بیٹی پیدا ہونے پر رنج و غم کی کیفیت میں مبتلا ہوجاتے ہیں ، کوئی مبارکباد دے تو خوشی سےمبارک قبول کرنے کے بجائے جھینپ جاتے ہیں ، شرم و عار سے چھپتے پھرتے ہیں ، یقیناً ایسے لوگ حقوق العباد کی تلفی کے سبب ناجائز وحرام اور گناہوں بھرے اُمور میں مبتلا ہیں ، عموماً ایسے لوگ قرآن وحدیث کے علم سے جاہل ہوتے ہیں۔ افسوس!دِین اِسلام نے عورت کو ظلم کی جس چکی سے نکالا ، ہمارے معاشرے میں آج اسی چکی میں اسے دوبارہ پیسنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، دِین اِسلام نے لوگوں کو جہالت کی جس وادی سے نکالا آج پھر اُنہیں اُسی وادی میں دھکیلاجا رہا ہے۔ بہت خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو بیٹیاں پیدا ہونے پر بھی اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا شکر ادا کرتے ہیں ، بیٹوں کی طرح خوشی کا اظہارکرتے ہیں ، بیٹیوں کو زحمت نہیں بلکہ رب تعالیٰ کی رحمت سمجھتے ہیں ، اُن کی اچھے طریقے سے دینی تربیت کرتے ہیں ، یقیناً دنیا وآخرت کی بھلائیاں ایسے لوگوں کا مقدر ہوتی ہیں
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع