30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
ترجمہ : حضرت سیدنا ابوہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے کہ دو عالَم کے مالک ومختار ، مکی مَدَنی سرکار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا : ’’جس نے کسی مسلمان کی دُنیوی تکلیف دُور کی تو قیامت کےدن اللہ عَزَّ وَجَلَّ اُس کی اُخروی تکلیف کو دُور فرمائے گا۔ جو کسی تنگدست پر کشادگی کرے گا تو اللہ عَزَّوَجَلَّ اسے دنیا اور آخرت میں کشادگی عطافرمائے گا۔ جو دنیا میں کسی مسلمان کی پردہ پوشی کرے گا تو اللہ عَزَّوَجَلَّ قیامت کے دن اس کی پردہ پوشی فرمائے گا۔ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اُس وقت تک بندے کی مدد فرماتا رہتا ہے ، جب تک بندہ اپنے بھائی کی مدد کرتارہتا ہے۔ جو شخص علم کی تلاش میں کسی راستے پر چلتاہے تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ اُس کے لیے جنت کی طرف راستہ آسان فرمادیتاہے۔ جب کچھ لوگ اللہ عَزَّ وَجَلَّکے گھروں میں سے کسی گھر میں جمع ہوکر تلاوتِ قرآنِ مجید اور درس و تدریس کرتے ہیں تو اُن پر سکینہ نازل ہوتاہے ، رحمتِ خداوندی انہیں ڈھانپ لیتی ہے اور فرشتے انہیں گھیر لیتے ہیں اوراللہ عَزَّ وَجَلَّ اپنی خاص مجلس میں اُن کا ذکرِ خیر فرماتاہے اور جس کا عمل اُسے پیچھے رکھے تواُس کا نسب اُسے آگے نہیں بڑھا سکتا۔ ‘‘
مسلمانوں کی حاجت روائی کرنا عظیم کام ہے:
عَلَّامَہ مُحَمَّد بِنْ عَلَّان شَافِعِی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی مذکورہ حدیث کی شرح میں فرماتے ہیں : ’’اِس حدیث پاک میں مسلمانوں کی حاجت روائی ، اپنے علم ، مال ، مَقام ومَرتبے ، نصیحت ، اچھے کام کی طرف رہنمائی ، خود مدد کرنے یا کسی کے ذریعے مدد کرنے یا کسی کی مدد کی سفارش کرنے یا مدد کا وسیلہ بننے یا اس کے لیے مدد کی دعا کردینے کی عظیم فضیلت کا بیان ہے۔ کسی بھی تنگدست مسلمان پر کشادگی سے مراد یہ ہے کہ یا تو اسے کوئی چیز ہبہ کرکے اُس پر کشادگی کرے یا اس پر صدقہ کرکے کشادگی کرے یا قرض دار ہونے کی صورت میں اُس کو مزید مہلت دے کر اس پر کشادگی کرے۔ اسی طرح اپنے مسلمان بھائی کی مدد کرنے سے مراد یہ ہے کہ اس کی قلبی یا بدنی یامالی طور پر مدد کرے۔ جب بندہ اپنے کسی مسلمان بھائی کی مدد کرنے کا ارادہ کرلے تو اسے چاہیے اب وہ اپنے ارادے کو عملی جامہ پہنانے ، حق بات کا اقرار کرنے اور اس مدد کو ہمیشہ قائم رکھنے میں کسی بزدلی کا مظاہرہ نہ کرے۔ ‘‘مزید فرماتے ہیں : “ ایک بار حضرت سیدناحسنرَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِنے حضرت سیدنا ثابت بنانی رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ سے کسی حاجت کے لیے ساتھ چلنے کا کہاتو انہوں نے کہا : میں تو معتکف ہوں۔ اس پر حضرت سیدنا حسنرَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِنے فرمایا : ’’کیاتم نہیں جانتے کہ تمہارا کسی مسلمان کی حاجت روائی کے لیے چلنا تمہارے لیے بار بارحج کرنے سے بھی افضل ہے۔ ‘‘ حصولِ علم کے لیے کسی راستے پر چلنے میں تمام مَعنوی اُمور یعنی علم کو حفظ کرنا ، علمی مذاکرے کرنا ، علم کے لیے مطالعہ کرنا ، اس کو سمجھنا اور ہر وہ کام جو علم کے حُصول کا ذریعہ ہو وہ سب اس میں شامل ہے۔ ‘‘([1])
مختلف علوم، قواعد اور آداب کا مجموعہ:
عَلَّامَہ اَبُو زَکَرِیَّا یَحْیٰی بِنْ شَرَف نَوَوِیعَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِیفرماتے ہیں : ’’یہ بہت عظیم حدیث پاک ہے ، مختلف علوم ، قواعد اور آداب کا مجموعہ ہے۔
* اِس حدیث پاک میں مسلمانوں کی حاجت روائی اور اُن کو اپنے علم ، مال ، مدد ، مصلحت یا نصیحت وغیرہ کے ذریعے نفع پہنچانے کی فضیلت بیان کی گئی ہے۔
* نیز اِس حدیث پاک میں مسلمانوں کی ستر پوشی ، تنگدستوں پر کشادگی اور علم حاصل کرنے کی طلب میں کسی راستے پر چلنے کی فضیلت بھی بیان کی گئی ہے۔ یہاں علمِ شرعی کے حُصول میں مَشغولیت اِس شرط کے ساتھ مقید ہے کہ اس سے فقط اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی رضا مقصود ہو ، اگرچہ یہ شرط ہرعبادت کے لیے ہے لیکن علم کے ساتھ خاص طور پر اسے ذکر کرنے کی وجہ یہ ہے کہ بعض لوگ اس میں سُستی کرتے ہیں اور بعض ابتدائی طور پر علم حاصل کرنے والے اس مقصد سے غافل ہوتے ہیں۔
* اس حدیث پاک میں مسجد میں اجتماعی طور پر تلاوتِ قرآن کی فضیلت بھی بیان کی گئی ہےاور یہ جو فرمایا گیا کہ جس کا عمل اسے پیچھے رکھے اس کا نسب اسے آگے نہیں پہنچا سکتا اس سے مراد یہ ہے کہ جس کے اَعمال ناقص ہوں تو وہ نیک اعمال کرنے والوں کے مَراتب تک نہیں پہنچ سکتا ، لہذا ایسے شخص کو چاہیے کہ وہ فقط اپنے نسب اور آباء کی فضیلت پر بھروسہ نہ کرے اور نہ ہی عمل میں کوئی کوتاہی کرے۔ ‘‘([2])
اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے گھر میں جمع ہوکر تلاوتِ قرآن مجید اور درس وتدریس کرنے والوں پر جو سکینہ نازل ہوتا ہے اس سے مراد وہ حالت اور کیفیت ہے جس سے دل مطمئن ہوجائے۔ اس سکینہ کا ذکر قرآنِ پاک میں بھی اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے فرمایا ہے ، چنانچہ ارشاد ہوتا ہے :
هُوَ الَّذِیْۤ اَنْزَلَ السَّكِیْنَةَ فِیْ قُلُوْبِ الْمُؤْمِنِیْنَ (پ۲۶ ، الفتح : ۴)
ترجمۂ کنزالایمان : وہی ہے جس نے ایمان والوں کے دلوں میں اطمینان اتارا۔
تو جسے اِس بات کا علم اور یقین ہو کہ ساری کائنات کو اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی قدرت محیط ہے تو اس کا دل پُرسکون ہوتا ہے اور اسے اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی طرف سے ملنے والے اَجر کی قوی امید
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع