30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
وَ افْعَلُوا الْخَیْرَ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُوْنَۚ۩(۷۷) (پ ۱۷ ، الحج : ۷۷)
ترجمۂ کنزالایمان : اور بھلے کام کرو اِس اُمید پر کہ تمہیں چھٹکارا ہو۔
تفسیر کبیر میں ہے کہ حضرت سیدنا عبداللہ بن عباس رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَافرماتے ہیں : ’’اِس آیت مبارکہ میں خیر سے مراد صلہ رحمی اور اچھے اخلاق ہیں۔ ‘‘امام فخرالدین رازی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی فرماتے ہیں : ’’نماز عبادت کی اَقسام میں سے ایک قسم ہے اور عبادت کارِ خیرکی ایک قسم ہے کیونکہ کارِ خیر کی دو قسمیں ہیں : ایک تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے حکم کی تعظیم کرنا ، دوسرا خلقِ خدا پر اِحسان یعنی شفقت کرنا اور اِس میں نیکی ، بھلائی ، فقراء پر صدقہ کرنااور لوگوں سے اچھے طریقے سے بات کرنا شامل ہے۔ گویا اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے اِس آیتِ مبارکہ میں یہ ارشاد فرمایا کہ میں نے تمہیں نماز کا مکلف کیا ، نماز ہی نہیں بلکہ اس سے بھی زیادہ عام شے یعنی عبادت کا مکلف کیا بلکہ عبادت سے بھی زیادہ عام شے یعنی اَفعالِ خیر کا مکلف فرمایا۔‘‘([1])
خیر کی چار قسمیں ہیں : (1) خیرمطلق : جوہر ایک کو ہر وقت ہر طرح اچھی لگے۔ جیسے عقل ، علم ، عدل ، فضل ، رحم ۔ (2)خیر مقید : جو کسی کے لیے خیر ہو کسی کے لیے شر ، کبھی سب کے لیے خیر ہو ، کبھی سب ہی کے لیے شر ۔ جیسے دُنیوی دولت ، حرام کی دولت سب کے لیے شر ہے اور حلال کی دولت سب کے لیے خیر۔ (3)خیر ابدی : وہ جو ہمیشہ سب کے لیے خیر ہو۔ جیسے ایمان اور نیک اعمال ۔ (4)خیروقتی : جو چند وقتوں کے لیے خیرہو۔ جیسے کھانا ، پینا ، ملاقات وغیرہ۔ ([2])
مذکورہ آیت مبارکہ کی باب سے مناسبت:
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!یہ باب اپنے مسلمان بھائیوں کی حاجات کو پورا کرنے سے متعلق ہے اور آیت مبارکہ میں اچھے کاموں کا تذکرہ ہے ، چونکہ اپنے مسلمان بھائیوں کی حاجات کو پورا کرنا بھی ایک اچھا کام ہے اس لیے علامہ نووی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی نے اِس آیت مبارکہ کو اِس باب میں ذکر فرمایا ہے۔
حديث نمبر : 244 اپنے مُسلمان بھائی کی حاجت روائی کرو
عَنِ ابْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللهُ عَنْهُمَا أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ:اَلْمُسْلِمُ اَخُو الْمُسْلِـمِ لَا يَظْلِمُهُ وَلَا يُسْلِمُهُ مَنْ كَانَ فِي حَاجَةِ اَخِيهِ كَانَ اللَّهُ فِي حَاجَتِهِ وَمَنْ فَرَّجَ عَنْ مُسْلِمٍ كُرْبَةً فَرَّجَ اللَّهُ عَنْهُ بِهَا كُرْبَةً مِنْ كُرَبِ يَوْمِ الْقِيَامَةِ وَمَنْ سَتَرَ مُسْلِمًا سَتَرَهُ اللَّهُ يَوْمَ الْقِيَامَ .([3])
ترجمہ : حضرت سیدنا ابن عمر رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا : ’’ایک مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے ، نہ تو وہ اس پر ظلم کرے اور نہ ہی اُسے کسی ظالِم کے حوالے کرے۔ جو مسلمان اپنے کسی بھائی کی حاجت پوری کرتاہے اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس کی حاجت روائی فرماتا ہے۔ جوکسی مسلمان بھائی کی ایک دُنیوی تکلیف کو دُور کرے گا ، اللہ عَزَّ وَجَلَّ قیامت کی تکالیف میں سے اُس کی ایک تکلیف کو دور فرمائے گا۔ جس نے کسی مسلمان کی پردہ پوشی کی اللہ عَزَّ وَجَلَّ قیامت کے دن اُس کی پردہ پوشی فرمائے گا۔ ‘‘
ایک دوسرے کابھائی ہونے کے معنی:
مذکورہ حدیث پاک میں اس بات کا بیان ہوا کہ ’’ایک مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے۔ ‘‘ شارحین نے اس کی کئی وجوہات بیان فرمائی ہیں ، چند وجوہات درج ذیل ہیں :
(1)عَلَّامَہ مُحَمَّد بِنْ عَلَّان شَافِعِی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِیفرماتے ہیں : ’’دائرہ اسلام میں آنے کی وجہ سے دونوں بھائی بھائی ہوگئے ، جس طرح والدین کی اولاد یا دونوں میں سے کسی ایک میں شریک اولادباہم بھائی بھائی ہوتے ہیں۔ ‘‘([4])
(2) عَلَّامَہ بَدْرُ الدِّیْن عَیْنِی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْغَنِیفرماتے ہیں : ’’ یعنی دین اسلام میں ہونے کی وجہ سے وہ اس کا بھائی ہےاور وہ دوافراد جن کے درمیان اتفاق پایا جائےان دونوں پر بھائی کا اطلاق ہوتاہے ۔ ‘‘([5])
(3) علامہ عبد الرؤف مناوی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی فرماتے ہیں : ’’مسلمان مسلمان کا بھائی اس لیے ہے کہ اِن دونوں کو ایک دِین نے جمع کردیا ہے اور دینی بھائی ہونا تو حقیقی بھائی ہونے سے بھی افضل ہےکیونکہ حقیقی بھائی ہونا دُنیوی پھل ہے جبکہ دِینی بھائی ہونا اُخروی پھل ہے۔ ‘‘([6])
[1] تفسیر کبیر ، پ۱۷ ، الحج ، تحت الایۃ : ۷۷ ، ۸ / ۲۵۴۔
[2] تفسیر نعیمی ، پ۱۷ ، الحج ، تحت الآیۃ : ۷۷ ، ۱۷ / ۱۱۰۴ ، ۱۱۰۵۔
[3] مسلم ، کتاب البر والصلۃ والآداب ، باب تحریم الظلم ، ص ۱۳۹۴ ، حدیث : ۲۵۸۰۔
[4] دلیل الفالحین ، باب فی قضا ٔ الحوائج المسلمین ، ۲ / ۳۶ ، تحت الحدیث : ۲۴۵۔
[5] عمدۃ القاری ، کتاب المظالم و الغصب ، باب لایظلم المسلم المسلم ولا یسلمہ ، ۹ / ۱۸۸ ، تحت الحدیث : ۲۴۴۲۔
[6] التیسیر ، حرف المیم ، ۲ / ۸۸۳ مکتبۃ الامام الشافعی۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع