30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
ترجمہ :حضرتِ سَیِّدُنا ابو مُنْذِر اُبَیّ بن کعب رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُسے مروی ہےکہ ایک آدمی تھا، میں نہیں جانتا کہ اس سے زیادہ کوئی مسجد سے دُور رہتا ہو۔اس کی کوئی نماز خطا نہ ہو تی تھی۔ اسے کہا گیا یا میں نے اسے کہا کہ ’’ تم ایک گدھاکیوں نہیں خریدلیتےکہ اندھیرے اور گرمی میں اس پر سوار ہو کر آیا کرو۔ ‘‘ اس نے کہا: ’’ مجھےیہ پسند نہیں کہ میرا گھر مسجد کے قریب ہو ، میں چاہتاہوں کہ مسجد کی طرف آتے ہوئےاوراپنے گھر کی طرف جاتےہوئے میرے لیے ثواب لکھا جائے۔ ‘‘ حضور نبی رحمت شفیع اُمَّت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نےارشاد فرمایا: ’’ اللہ عَزَّ وَجَلَّنے یہ سب تیرے لیے جمع فرمادیاہے۔ ‘‘ ایک اورروایت میں یوں ہےکہ ’’ تجھے تیری نیت کے مطابق ثواب ملے گا۔ ‘‘
(امام نَوَوِی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِیفرماتے ہیں ) الرَّمْضَاءُسےمرادوہ زمین ہےجہاں سخت گرمی پڑتی ہو۔
مذکورہ حدیث پاک میں بھی مسجد کی طرف چل کر نماز کے لیے جانے اور اس کے ثواب کا ذکر ہے، نیز اس حدیث پاک میں ایک ایسے خوش نصیب شخص کا تذکرہ ہے جس کا گھر مسجد سے بہت دور تھا مگر اس کی کوئی نماز خطا نہ ہوئی تھی، نیز جب اسے مسجد آنے جانے کے لیے سواری کا مشورہ دیا گیا تو اس نے حصولِ ثواب کی خاطر اس مشورے کو قبول نہ کیا۔یقیناً بہت خوش نصیب ہیں وہ لوگ جن کے گھر مسجد سے دور ہوتے ہیں لیکن وہ پھر بھی پانچوں نمازیں باجماعت ادا کرنے کی بھرپور سعی کرتے ہیں اور یقیناً بہت بدنصیب ہیں وہ لوگ جن کے گھر مساجد کے بہت قریب ہوتے ہیں لیکن پھر بھی بلا وجہ شرعی اُن کی جماعت بلکہ نماز تک قضا ہوجاتی ہےمَعَاذَ اللہ ۔اللہ عَزَّ وَجَلَّ عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
مسجد کی طرف جانےسے متعلق چند ایمان افروز روایات:
(1) حضور نبی کریم رؤف رحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشادفرمایا: ’’ لوگوں میں نماز کازیادہ ثواب پانے والاوہ ہے جس کا راستہ دراز ہو، پھر وہ جس کا راستہ دراز ہواور جو نماز کا انتظار کرے حتی کہ امام کے ساتھ پڑھے اس کا ثواب اس سے زیادہ ہے جو نماز پڑھے پھر سوجائے۔ ‘‘ ([1])
(2) تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا: ’’ مشقت کے وقت کامل وضو کرنا اورمسجد کی طرف کثرت سے آمدورفت اور ایک نَماز کے بعد دوسری نَماز کا انتظار کرنا گناہوں کو اچھی طرح دھودیتا ہے۔ ‘‘ ([2])
(3) پیکرِ حُسن وجمال، ، دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشادفرمایا: ’’ جومسجد کی طرف چلا یامسجد سے واپس لَوٹا تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ ہر آمد ورفت پر اس کے لیے جنت میں ایک مہمان خانہ بنائے گا ۔ ‘‘ ([3])
(4) رسولِ اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشادفرمایا: ’’ کیا میں تمہاری ایسے عمل کی طرف رہنمائی نہ کروں جس کے سبب اللہ عَزَّ وَجَلَّ گناہ مٹا تا اور درجات بلند فرماتاہے؟ ‘‘ صحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَاننے عرض کی: ’’ ضرور ارشاد فرمائیے۔ ‘‘ فرمایا: ’’ دُشواری کے وقت کا مل وضو کرنا، مسجد کی طرف کثرت سے جانا اور ایک نَماز کے بعد دوسری نَماز کا انتظارکرنا، پس یہ گناہوں سے حفاظت کےلیے قلعہ ہے۔ ‘‘ ([4])
(5) شہنشاہ ِمدینہ، قرارِقلب وسینہ، فیض گنجینہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشادفرمایا : ’’ جب تم میں سے کوئی کامل وضو کرے پھروہ نَمازکی طرف چلے تو اس کا دایاں قدم اٹھنےسےپہلےاللہ عَزَّ وَجَلَّاس کے لیے نیکی لکھتا ہے اور بایاں قدم رکھنےسے پہلے اُس کا ایک گناہ مٹا دیتا ہے۔اب چاہے تم میں سے کوئی مسجدکے قریب رہے یا دُور۔پھراگروہ مسجد میں حاضر ہو اورباجماعت نَماز ادا کرے تواس کی مغفرت کردی جا تی ہے اور اگر وہ مسجد میں حاضر ہواور کچھ رکعتیں
[1] مسلم ،کتاب المساجد،باب فضل کثرۃ الخطا الی المساجد،ص ۳۳۴،حدیث: ۶۶۲۔
[2] مستدرک حاکم ، کتاب الطھارۃ ، باب فضیلۃ تحیۃ الوضو، ۱ / ۳۴۲، حدیث: ۴۶۸۔
[3] مسلم، کتا ب المساجد ومواضع الصلوۃ، با ب المشی الی الصلوۃ۔۔۔الخ ،ص ۳۳۶، حدیث: ۶۶۹۔
[4] مسلم ، کتا ب الطھارۃ ، با ب فضل اسباغ الوضوء ، علی مکارہ، ص۱۵۱،حدیث: ۲۵۱۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع