30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
واضح رہے کہ امام شافعی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِیکے نزدیک فرائض ونوافل میں دورانِ تلاوت تسبیح، تحمید اور تَعَوُّذ کرنا مطلق جائز ہے جبکہ اَحناف اور مالکیہ کے نزدیک نوافل میں مطلق جائزہے اور فرض میں خلافِ اَولیٰ، نیز حدیث پاک میں جس نماز کا ذکر ہے وہ بھی نفل نماز تھی۔چنانچہ مُفَسِّرشَہِیرمُحَدِّثِ کَبِیْر حَکِیْمُ الاُمَّتمُفتِی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہ الْحَنَّان فرماتے ہیں : ’’ یہاں نفل نماز مراد ہے فرائض میں دَورانِ قراءت ٹھہرنا اور مانگنا مستحب کے خلاف ہے اگرچہ جائز ہے۔ ‘‘ ([1])
عَلَّامَہ بَدْرُ الدِّیْن عَیْنِی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْغَنِیفرماتے ہیں کہ ہمارے نزدیک یہ حدیث پاک نفل نماز پر محمول ہے۔ صاحب محیط فرماتے ہیں کہ انفرادی طورپر نفل پڑھنے والے کے لیے جائز ہے کہ جب وہ ایسی آیت پڑھے جس میں جہنم کا ذکر ہو تووہ اللہ عَزَّ وَجَلَّسے پناہ مانگے اور جس آیت میں جنت کا ذکر ہو تو اللہ عَزَّوَجَلَّ سے جنت کا سوال کرےاور صاحب محیط اس حدیث پاک کی بناء پر اس عمل کو مستحب کہتے ہیں ۔ اور اگر نفل جماعت کے ساتھ ادا کیے جارہے ہیں تو امام و مقتدی دونوں کے لیےایسا کرنا مکروہ ہے۔ امام کے لیے اس وجہ سے مکروہ ہے کہ اس سے نماز طویل ہوگی اور نمازیوں پر یہ شاق ہوگا اور مقتدی کے لیے اس بناء پر مکروہ ہے کہ اسے تو امام کی قراءت سننے اور تلاوت کےوقت خاموش رہنے کا حکم ہے ۔ نیز اگر کوئی شخص اِنفرادی طورپر فرض نماز ادا کررہا ہے تواس کے لیے بھی قراءت کے درمیان میں تسبیح، تحمید اور تعوذ کرنا مکروہ ِ (تنزیہی وخلافِ اَولیٰ) ہے کیونکہ اس سےتلاوت قرآن پاک کا تسلسل منقطع ہوگا اور یہ مکروہ ہے۔ نفل نماز میں یہ نص سے ثابت ہے اس لیے وہاں یہ حکم نہ ہوگا۔ ([2])
تسبیحاتِ رکوع و سجودکی قرآن سے مُوافقت:
حضور نبی کریم رؤف رحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمجب رکوع میں جاتے تو”سُبْحَانَ رَبِّیَ الْعَظِیْمِ“پڑھتے اور جب سجدے میں جاتے تو”سُبْحَانَ رَبِّیَ الْاَعْلٰی“ پڑھتے۔ رکوع و سجود کی یہ تسبیحات بھی قرآنِ کریم کی موافقت میں آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے اپنی اُمَّت کو عطا فرمائیں ۔ چنانچہ حضرت سَیِّدُنَا عُقبہ بن عامر رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُسے روایت ہے، فرماتے ہیں : ’’ جب یہ آیت نازل ہوئی: (فَسَبِّحْ بِاسْمِ رَبِّكَ الْعَظِیْمِ۠ (۷۴) ) (پ۲۷، الواقعہ: ۷۴) تو رسول اللہصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا کہ اسے اپنے رکوع میں شامل کرلو اور جب یہ آیت نازل ہوئی: (سَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْاَعْلَىۙ (۱) ) (پ۳۰، اعلی: ۱) نازل ہوئی تو آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا کہ اسے اپنے سجدے میں شامل کر لو۔ ‘‘ ([3])
مُفَسِّرشہِیرمُحَدِّثِ کَبِیْر حَکِیْمُ الاُمَّت مُفتِی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہ الْحَنَّان اس کے تحت فرماتے ہیں : ’’ (رکوع یا سجدے میں شامل کرنے سے مراد یہ ہے) یعنی رکوع میں کہو:سُبْحٰنَ رَبِّیَ الْعَظِیْماور سجدے میں کہو: سُبْحَانَ رَبِّیَ الْاَعْلٰی۔ ‘‘ ([4])
یہاں ایک لطیف نکتہ قابل ذکر ہے کہ حضور نبی کریم رؤف رحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے سُبْحٰنَ رَبِّیَ الْعَظِیْم رکوع کے ساتھ اور سُبْحٰنَ رَبِّیَ الْاَعْلٰی کو سجدے کے ساتھ خاص فرمایا اس کا عکس نہ فرمایا۔ عَلَّامَہ مُلَّا عَلِی قَارِی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْبَارِیاس کی توجیہ بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں : ’’ لفظ ’’ اعلیٰ ‘‘ لفظ ’’ عظیم ‘‘ سے زیادہ بلیغ ہے اور رکوع کے مقابلے میں سجدے میں زیادہ تواضع و انکساری ہے۔ اس لیے عاجزی میں جو لفظ زیادہ بلیغ ہے اُسے آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنےسجدے کے لیے مُعَیَّن فرمادیا اور سجدے میں بندہ اپنے ربّ کا زیادہ قرب پاتا ہے اس لیے اس میں اعلیٰ تسبیح پڑھنا مستحب ہے۔ ‘‘ ([5])
[1] مرآۃ المناجیح، ۲ / ۷۵۔
[2] شرح سنن ابی داود للعینی، کتاب الصلاۃ، باب ما یقول الرجل فی رکوعہ و سجودہ،۴ / ۷۸، تحت الحدیث: ۸۴۸۔
[3] ابو داود، کتاب الصلاۃ، باب ما یقول الرجل فی رکوعہ و سجودہ،۱ / ۳۳۰،حدیث: ۸۶۹۔
[4] مرآۃ المناجیح، ۲ / ۷۴۔
[5] مرقاۃ المفاتیح ، کتاب الصلاۃ، باب الرکوع،۲ / ۴۰۱، تحت الحدیث: ۸۷۹۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع