30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
نفل غیرتراویح میں امام کے سواتین آدمیوں تک تواجازت ہے ہی چارکی نسبت کتب فقہیہ میں کراہت لکھتے ہیں یعنی کراہت تنزیہ جس کاحاصل خلاف اولیٰ ہے نہ کہ گناہ حرام۔ کَمَابَیَّنَّاہُ فِیْ فَتَاوَانَا (جیسا کہ ہم نے اپنے فتاویٰ میں بیان کیا) مگر مسئلہ مختلف فیہ ہے اوربہت اکابردین سے جماعت نوافل بِالتَّدَاعِی ثابت ہے اورعوام فعلِ خیرسے منع نہ کیے جائیں گے۔ علمائے اُمَّت وحکمائے ملت نے ایسی ممانعت سے منع فرمایاہے درمختارمیں ہے: بحرعوام کو تکبیرات اورنوافل سے کبھی بھی منع نہ کیاجائے کیونکہ پہلے ہی نیکیوں میں ان کی رغبت کم ہوتی ہے۔حدیقہ ندیہ میں ہے:اسی قبیل سے نمازغائب کاجماعت کے ساتھ اداکرنااورلیلۃ القدر کے موقع پر نمازوغیرہ بھی ہیں اگرچہ علماء نے ان کی جماعت کے بارے میں کراہت کی تصریح کی ہے مگر عوام میں یہ فتویٰ نہ دیاجائے تاکہ نیکیوں میں ان کی رغبت کم نہ ہو، علماء نے اس مسئلہ میں اختلاف کیاہے اور متاخرین میں سے بعض نے اس کے جوازپرلکھا ہے ، عوام کونمازکی طرف راغب رکھناانہیں نفرت دلانے سے کہیں بہترہوتاہے۔ ‘‘ ([1])
مذکورہ حدیث میں رسول اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نےپہلے سورۂ بقرہ پڑھی پھر سورۂ نساء پڑھی اس کے بعد سورۂ آلِ عمران پڑھی جبکہ قرانی ترتیب کے لحاظ سے سورۂ آلِ عمران، سورۂ نساء سے پہلے آتی ہے، اسی وجہ سے فقہائے کرام کے مابین یہ اختلاف واقع ہوا کہ آیا نماز میں خلافِ ترتیب قرآن پڑھنا جائز ہے یا نہیں ؟ شوافع کے نزدیک کسی بھی مقام پر خلافِ ترتیب قرآن پڑھنا مطلقاً جائز ہےکیونکہ اس سے کسی بھی حدیث میں منع نہیں فرمایا گیا، نیز یہ ترتیب توقیفی نہیں بلکہ اجتہادی یعنی بعد میں کی گئی ہے۔ ([2]) جبکہ احناف کے نزدیک فرض نماز میں خلافِ ترتیب پڑھنا مکروہ تحریمی اورنفل میں جائز ہے۔نیز احناف کے نزدیک سورتوں کی ترتیب توقیفی ہے اورحضور نبی کریم رؤف رحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی طرف سے ہے، مصحفِ عثمانی کو اُسی ترتیب پر مرتب کیا گیا جو رسول اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے بیان فرمائی ۔ ([3])
صدر الشریعہ، بدرالطریقہ حضرتِ علامہ مولانا مفتی محمد امجد علی اعظمی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی فرماتے ہیں : ’’ ترتیب کے ساتھ قران مجید پڑھنا واجب ہے اور خلاف ترتیب پڑھنا مکروہ تحریمی ہے یہ حکم فرائض کا ہے اور نوافل میں خلاف ترتیب پڑھنے کی اجازت ہے ۔ ‘‘ ([4]) نماز میں خلاف ترتیب پڑھنا مکروہ تحریمی ہے مگر کسی نے بھول کر خلاف ترتیب پڑھ لیا تو اس سے سجدہ سہو واجب نہ ہوگا اور نہ ہی نماز کا اعادہ لازم ہے کہ یہ واجباتِ قراءت میں سے ہے واجباتِ نماز میں سے نہیں ۔البتہ کسی نے جان بوجھ کر خلافِ ترتیب پڑھا تو گنہگار ضرور ہوگا اور اگر بعدوالی سورت پڑھنے کا اِرادہ تھا لیکن غیر اِرادی طور پر پہلے والی سورت شروع کردی تو اب خلافِ ترتیب ہونے کے باوجود گنہگار نہ ہوگا کہ غیر اِرادی طور پر خلاف ہوا، البتہ اب یہی سورت پڑھنا ہوگی کہ اس کو شروع کرنے سے اس کا حق ہوگیا اور اب اسے چھوڑنا قصداً چھوڑنا ہوگا۔ چھوٹے بچوں کو ضرورت تعلیم کی وجہ سے خلافِ ترتیب پڑھانا جائز ہے۔ ‘‘ ([5])
دورانِ نماز تسبیح، تحمید اور تَعَوُّذ کا حکم:
حدیث پاک میں اس بات کا بھی ذکر ہے کہ ’’ جب آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کسی ایسی آیت کی تلاوت فرماتے جس میں تسبیح کا ذکر ہوتا تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی تسبیح بیان کرتے ، سوال ہوتا تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے سوال کرتے اورتَعَوُّذ ہوتا تو اللہ عَزَّ وَجَلَّسے پناہ مانگتے ۔ ‘‘ اسی طرح بعض احادیث میں اس بات کا بھی بیان ہے کہ ’’ جس آیت میں جنت یا دیگر نعمتوں کا تذکرہ ہوتاتو آپ بارگاہ الٰہی سےجنت اور نعمت کا سوال کرتے اور جب آیت عذاب پڑھتے یا جہنم کا ذکر ہویا پھر وعید کا ذکر ہوتا تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے پناہ طلب کرتے۔ ‘‘
[1] فتاوی رضویہ، ۷ / ۴۶۵، ۴۶۶۔
[2] اکمال المعلم، کتاب صلوۃ المسافرین ، باب استحباب تطویل القراءۃ۔۔۔ الخ ،۳ / ۱۳۷، تحت الحدیث: ۲۰۴ماخوذا۔
[3] اکمال المعلم، کتاب صلوۃ المسافرین ، باب استحباب تطویل القراءۃ۔۔۔ الخ ،۳ / ۱۳۷، تحت الحدیث: ۲۰۴ماخوذا۔
[4] فتاویٰ امجدیہ،۱ / ۹۶ملخصًا۔
[5] فتاویٰ رضویہ، ۷ / ۳۵۷ ملخصا۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع