30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
ایسا غم دے مجھے ہوش ہی نہ رہے مست اپنا بنا میرے مرشد پیا
پیارے اسلامی بھائیو!مشہور ہے کہ حضرت بابا بلھے شاہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہنے پیرومرشد کو راضی کرتے وقت زنانہ لباس پہنا اورپاؤں میں گھنگرو باندھےتھے جان لیجئے کہ کوئی بھی ولی چاہے وہ کتنے ہی بڑے مرتبے پر فائز ہو،احکامِ شرعیہّ کی پابندی سے آزاد نہیں ہوسکتا ، حضرت بابا بلھے شاہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ باشرع عالمِ دین ہونے کے ساتھ ساتھ نہایت متقی، پرہیز گار اور سخت مجاہدہ کرنے والے تھے لہذا آپ جیسے باعمل عالم دین سے غیر شرعی امور کا صدور نہیں ہوسکتا اور اگر بالفرض زنانہ لباس پہننے اورگھنگرو باندھنے والی بات کا سچ ہونا تسلیم بھی کرلیا جائے تو حضرت بابا بلھے شاہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کی حالت کو بے خودی پر محمول کیا جائے گا کہ جس میں انسان کو خود پر اختیار نہیں رَہ پاتااور نہ اس پر شریعت گرفت فرماتی ہے، پیرو مرشد کی ناراضی کی وجہ سے آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ پرغم کی حالت اس قدر طاری ہوچکی تھی کہ آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ اس وقت بے خودی اور جذب کے عالم میں تھےتوان معاملات کا صدور ہوا جو کہ دلیل نہیں بنائے جا سکتے ۔مشہور مقولہ ہےکہ اچھوں کی نقل بھی اچھی ہوتی ہے، یہ بات اگرچہ درست اور لائقِ تحسین ہے مگر اس نقل اور پیروی کرنے میں لاز م و ضروری ہے کہ کوئی بات خلاف شریعت نہ ہو اور نہ ہی کسی قسم کے گناہ کی آمیزش پائی جائے جونہی اس میں اللہو رسول صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی نافرمانی شامل ہوگی قابلِ مردود ہے لہذاکسی بھی مرد کا زنانہ لباس پہننا گھنگرو باندھنا ناجائز وحرام ہےکہ حدیث پاک میں عورتوں کی مشابہت اختیار کرنے والے مردوں کو ملعون قرار دیا ہے چنانچہ امام ابو داود نے ابن عباس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا سے روایت کی، کہ رسول اﷲ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ان عورتوں پر لعنت کی جو مردوں سے تشبہ کریں اور ان مردوں پر جو عورتوں سے تشبہ کریں۔ ([1]) جبکہ ایک حدیثِ پاک میں توفقط زنانہ لباس پہننے والے مرد پر لعنت فرمائی ہے چنانچہ حضرت ابوہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اس مرد پر لعنت کی، جو عورت کا لباس پہنتا ہے اور اس عورت پر لعنت کی، جو مردانہ لباس پہنتی ہے۔ ([2])
امامِ اہلسنّت، اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن کے سنہرے حروف سے لکھنے والے کلمات ملاحظہ کیجئے چنانچہ فرماتے ہیں : وَجد کہ حقیقۃً دل بے اختیار ہوجائے اس پر تو مطالبہ کے کوئی معنی نہیں، دوسرے تَواجُد یعنی بَاختیارِخودوجد کی سی حالت بنانا، یہ اگرلوگوں کے دکھاوے کوہوتوحرام ہے اور ریا اور شرک خفی ہے، اور اگرلوگوں کی طرف نظراصلاً نہ ہوبلکہ اَہلُ اﷲ سے تشبہ اور بہ تکلف ان کی حالت بنانا کہ امام حجۃ الاسلام وغیرہ اکابر نے فرمایاہے کہ اچھی نیت سے حالت بناتے بناتے حقیقت مل جاتی ہے اور تکلیف دفع ہوکر تَواجُد سے وجد ہوجاتاہے تو یہ ضرور محمود (پسندیدہ ) ہے مگراس کے لئے خلوت (تنہائی) مناسب ہے مجمع میں ہونا اور ریاسے بچنابہت دشوارہے۔ ([3])
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
حضرت بابا بلھے شاہ کا عشقِ رسول
جب حضرت بابا بلھے شاہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ محبتِ شیخ میں درجہ کمال کو پہنچ کرفنا فِی المُرشِد کے مقام پر فائز ہوگئے تو پیرو مرشدحضرت شاہ عنایت قادری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی نےآپ کو بارگاہِ رسالت میں پیش کرنےسے پہلے فرمایا: جب تک کسی کی آنکھیں نورِ نبی صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے منور نہ ہوں تو نورِ الٰہی کے جلوے نہیں دیکھ سکتا ،جس طرح نورِ مرشدکے بغیر نورِ نبی کا دیکھنا ممکن نہیں اسی طرح نورِ نبی کےبغیر نورِ الٰہی دیکھنے کے لئے نورِ نبی کی عینک ضروری ہے،نبی کی معرفت کے بغیر معرفتِ الٰہی حاصل نہیں ہوسکتی ،مالکِ حقیقی تک رسائی کا صرف ایک ہی راستہ ہے اور وہ رسولِ خدا محمدِ مصطفٰے صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی ذاتِ مقدسہ ہے کوئی بھی سالک راہِ سلوک کی منزل نہیں پاسکتا جب تک اس دَر کا بھکاری نہ بن جائے ۔ اس کے بعد پیرو مرشد نے حضرت بابا بلھے شاہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کے کان میں کچھ خاص کلمات ارشاد فرمائے جس سے حضرت بابا بلھے شاہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کے سینے میں عشقِ مصطفٰے صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی آگ بھڑک اٹھی، رواں رواں دریائے محبتِ رسول صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم میں ڈوب گیا پھر پیرومرشد نے لباس و بدن کو معطر رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے درود و سلام کی کثرت کا وظیفہ عطا فرمایاکہ یہی عشاق کا محبوب وظیفہ ہے ۔ ([4])
پیارے اسلامی بھائیو! امامِ اہلسنّت رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہراہِ طریقت کےجگمگاتے اور روشن اصول کو واضح الفاظ میں بیان فرماتے ہیں : اللہ کی طرف وسیلہ رسولُاللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمہیں اور رسولُاللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی طرف وسیلہ مشائخِ کرام، سلسلہ بہ سلسلہ جس طرح اللہ عَزَّ وَجَلَّ تک بے وسیلہ رسائی محالِ قطعی ہے یونہی رسولُ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم تک رسائی بے وسیلہ دشوار عادی ہے۔ ([5])
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع