دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Faizan e Ameer e Ahle Sunnat ma 26 Hikayaat | فیضان امیر اہلسنت مع 26 حکایات

book_icon
فیضان امیر اہلسنت مع 26 حکایات

کلاس فیلوز کی پھبتیاں ۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہِ   عَزَّ وَجَلَّ    ! میں نے اپنے چہرے کو سنّتِ مصطفی صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے آراستہ کر لیا ۔مگر وائے افسوس کہ جن کی روحانی توجہ نے یہاں تک پہنچا دیا ابھی تک ان کا کوئی خاطر خواہ تعارف نہ ہوسکا ۔ پھرایک رسالہ بنام ’’پُراَسرار بھکاری‘‘ کہیں سے ہاتھ لگا، پڑھا تو بہت متاثر کن پایا۔ میرے ایک ہم مکتب نے بتایا کہ جن کا یہ رسالہ ہے ان کی ایک تحریک بھی ہے جس کا (سوڈیوال کوارٹر کی حنفیہ مسجد میں )اجتماع بھی ہوتا ہے اور اجتماع کے بعد وہ لوگ حلقے بنا کر دعائیں اور سنتیں یاد کرتے ہیں ۔

         ہم نے پروگرام بنایا کہ کسی دن اجتماع میں چلیں گے۔کئی ہفتے گزر گئے مگر کوئی نہ گیا ۔ بالآخر ایک جمعرات میں اکیلا ہی نکل گیا۔جب میں اجتماع گاہ کے اسٹاپ پر ویگن سے اتراتو قدم باہر رکھتے ہی صلٰوۃ وسلام پڑھنے کے پیارے پیارے مانوس الفاظ میرے کانوں میں رس گھولنے لگے ۔ دیکھا تو سبز عمامے اور سفید کپڑوں میں ملبوس ایک نوجوان اپنے جیسے کچھ نوجوانوں سے تھوڑا آگے ہو کر بلند آواز سے پکار رہا تھا، ’’الصلاۃ و السلام علیک یا رسول اللّٰہ، وعلی آلک و أصحٰبک یاحبیب اللّٰہ۔‘‘ اس کے پیچھے کھڑے اسلامی بھائی( جو ایک بس سے اُتر اُتر کرایک جگہ جمع ہوتے جارہے تھے) بھی درود پاک کے یہی صیغے اس کے ساتھ دہرا رہے تھے ۔ سنّیت کے اس بر ملا اظہار و اعلان نے مجھے ایسا سرور بخشا کہ یہ منظر دیکھتے ہی سبز عمامے والوں کی اس تحریک یعنی دعوتِ اسلامی کو دل دے بیٹھا۔عاشقانِ رسول کا وہ قافلہ یونہی بلند آواز سے صلوٰۃ و سلام پڑھتا ہوا آگے بڑھا تو میں بھی بے خودی کے عالم میں ان کے ساتھ ہولیا ۔

        درودوسلام کی صدائیں بلند کرتے ہوئے یہ قافلہ جلد ہی اجتماع گاہ میں پہنچ گیا مگر اس نے مختصر سے دورانئے میں میرے دل ودماغ پر وہ اثرات چھوڑے کہ مجھے فسق و فجور اور مکر و دغا سے نفرت محسوس ہونے لگی ، میں اپنی اور ساری دُنیا کے لوگوں کی اِصلاح کی فکر میں کھو گیا ۔میں حیران تھا کہ میرے ہی جیسے ان نوجوانوں کی روحوں کو ایسا غسل کس نے دیا کہ ان کی طہارت وپاکیزگی نے گناہوں کی گندگی میں لتھڑے ہوئے مجھ جیسے گنہگار کو ظاہر وباطن کی صفائی کی فکر میں مبتلا کردیا ، اور ان کے کردار کو ایساعطر بیز کس نے کر دیا کہ ان کی خوشبو سے مجھ بد کردار وبدبودار کے مشام جاں بھی معطّر ہونے لگے۔بہرحال میں مسجد میں داخل ہوا اور کثیر تعداد میں جمع عاشقانِ رسول کے درمیان جا بیٹھا۔

         ایک نوجوان مبلغ بڑے میٹھے میٹھے انداز میں اللہ   عَزَّ وَجَلَّ    اور اس کے حبیب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو راضی کرنے اور ان کی ناراضی سے بچنے کے موضوع پر بیان کررہے تھے ۔ان کے منہ سے نکلنے والے الفاظ پر غور وفکر کرتا ہوا میں تصور ہی تصور میں جہنم کے عذابات اور جنّت کے انعامات بھی دیکھ آیا ۔ میں سوچنے لگا کہ اللّٰہ تعالی کی رضاکیسے حاصل ہوگی؟ اس کے غضب سے میں کیونکر بچ پاؤں گا ؟ہائے! جہنم کی اس بھڑکتی آگ اور ڈنک مارتے بڑے بڑے سانپ بچھؤوں کا عذاب کیونکر برداشت کروں گا؟ آہ! جنت کی ازلی نعمتوں ، ابدی راحتوں سے محروم کر دیا گیا تو میرا کیا بنے گا؟ بس اسی وقت میں نے یہ نیّت کر لی کہ خود کو گناہوں سے بچا کر ان عذابوں سے چھٹکارا پانا اور خوب خوب نیک اعمال بجا لا کر جنتی نعمتوں کا حقدار بننا ہے۔بیان کے آخر میں مبلغ نے راہِ خدا عز و جل میں سفر کرنے والے مدنی قافلوں میں سفر کرنے کی ترغیب دلائی تو میں نے دل میں ٹھان لی کہ کبھی وقت نکال کر مدنی قافلے میں ضرور سفر کروں گا۔

        بیان کے بعد لائٹیں بند کر دی گئیں اور سبز گنبد کا تصور باندھ کر درود پاک اور پھر کعبۃ اللہ شریف کا تصور باندھ کر ذکر اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا سلسلہ ہوا۔مجھے ایسا لگا جیسے میں کسی ایسی جگہ پر ہوں جہاں ہر چیز میرے رب قدیر کا ذکر کر رہی ہے۔ اس کے بعد دُعا شروع ہو گئی۔ مجھے کیا پتا تھا کہ اپنے گناہوں کا اقرار کرکے اپنے رب   عَزَّ وَجَلَّ     سے بخشش ومغفرت کا سوال کرنے والے ایسی گریہ زاری کرتے ہیں کہ پتھر دل کو بھی رونا آجائے ، میں کب جانتا تھا کہ اس خدائے جبار و قہار کے خوف سے زاروقطار رونے والے ابھی دُنیا میں باقی ہیں ، مجھے کہاں معلوم تھا کہ اپنے پروردگار  عَزَّ وَجَلَّ     سے دفعِ مصائب، حل مشکلات اور شفاء مریضاں کے لئے اس طرح رو رو کر فریاد کی جاتی ہے ۔ یہ میری زندگی کی پہلی دعا تھی جس میں مجھے لگا کہ جیسے دل سے گناہوں کا سارا میل کچیل اور غبار اتر گیا ہے اور یہ اُجلا اُجلا ہوگیا ہے۔ میری روح کی آلائشیں دور ہوگئیں اور وہ نکھر گئی ہے ۔ پھر کھڑے ہوکر صلوٰۃ و سلام پڑھا گیا۔مجھے یوں لگا کہ گویا میں سینکڑوں عشاق کے ہمراہ مدینہ پاک میں روضۂ اقدس کے سامنے موجود ہوں ۔ اپنے آقا صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے اتنا قرب مجھے شاید پہلے کبھی نہ محسوس ہوا ہو گا، ان پر نثار ہونے اور ان کے قدموں میں لوٹنے کو دل اتنا پہلے کبھی نہ مچلا ہو گا۔

        اس کے بعد سنتیں سیکھنے سکھانے کے حلقے سج گئے۔ میں چونکہ پہلی بار اجتماع میں حاضر ہوا تھا ۔ لہذا کسی حلقے والوں سے جان پہچان نہ ہونے کے باعث کہیں بیٹھا نہیں بلکہ چل پھر کر مختلف حلقوں سے تھوڑا تھوڑا سننے لگا۔ ہر گلے را رنگ و بوئے دیگر است(یعنی ہر پھول کا اپنا رنگ اور خوشبو تھی)، مبلغین اسلام کے ان کھلتے ہوئے پھولوں سے سارا گلشن مہک رہا تھا اور میں اس باغ میں ادھر ادھر ٹہل رہا تھا ۔اچانک ایک مبلغ اسلامی بھائی نے بڑی شفقت و محبت سے مجھ سے ملاقات کی اور میرا مکمل تعارف حاصل کرتے ہوئے میرا باقاعدگی سے اجتماع میں آنے بلکہ دوسروں کو لانے کا ذہن بنایا اور مجھے اپنا پکا دوست بنا لیا۔حلقے ختم ہوئے تو سب اسلامی بھائی ایک دوسرے کوملنے لگے۔ میں حالانکہ کسی کو جانتا تک نہ تھا مگر سب مجھے یوں اپنائیت سے ملتے جاتے جیسے سب میرے واقف ہوں ۔ میں متعجب تھا کہ یا خدایا! یہ کیسے لوگ ہیں کہ پہلی ہی ملاقات میں ایسی محبت دے رہے ہیں جو مجھے کبھی شاید اپنوں نے بھی نہ دی ہو ۔اے میرے پروردگار! یہ کیسے لوگ ہیں جو ایسے دور میں بھی ایسی بے غرض محبت سے سرشار ہیں کہ جہاں سگے رشتے داربھی بغیر مطلب کے منہ نہیں لگاتے، کیا انسانوں کے اس جنگل میں جہاں حرص وہوس کے بھوکے بھیڑیے ہر طرف خود غرضی کا منہ کھولے نگلنے کو تیار ہیں ایسے بے لوث مبلغین بھی موجود ہیں ؟ اخلاق و محبت اور خلوص و مروّت کے یہ پیکر کیا اسی دھرتی پر اپنی خیرخواہی کی بہار دکھا رہے ہیں ؟کہیں میں خواب تو نہیں دیکھ رہا ۔ مگرمجھے یقین کرنا پڑا کہ یہ خواب نہیں حقیقت تھی ۔بس دعوت اسلامی کے سنّتوں بھرے اجتماع میں پہلی بار شریک ہوتے ہی میرے دل سے یہ صدا نکلنے لگی اے اللّٰہ! مجھے بھی ان جیسا بنا دے۔

 

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن