30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
ارشاد فرمایا: جو عمار کو برا بھلا کہے خدا اس کا برا کرے ، جو عمار سے بغض رکھے خدا اس سے ناراض ہو جائے ، جو عمار پر لعن طعن کرے خدا اس پر لعن طعن کرے ۔ حضرتِ سَیِّدُنا عماررَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ چونکہ حضرت سَیِّدُنا خالد بن ولیدرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کی بات سن کر غصے سے بارگاہِ بے کس نواز سے روانہ ہو چکے تھے لہٰذا حضرت سَیِّدُنا خالد بن ولیدرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سرکار صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا یہ فرمان سن کر فوراً ان کے پیچھے دوڑے اور راستے میں ہی انہیں جا لیا اور پیچھے سے ان کا دامن پکڑ کر لپٹ گئے اور معذرت کر کے ان کو راضی کر لیا اس موقعہ پر یہ آیتِ کریمہ نازل ہوئی: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اَطِیْعُوا اللّٰهَ وَ اَطِیْعُوا الرَّسُوْلَ وَ اُولِی الْاَمْرِ مِنْكُمْۚ-فَاِنْ تَنَازَعْتُمْ فِیْ شَیْءٍ فَرُدُّوْهُ اِلَى اللّٰهِ وَ الرَّسُوْلِ اِنْ كُنْتُمْ تُؤْمِنُوْنَ بِاللّٰهِ وَ الْیَوْمِ الْاٰخِرِؕ-ذٰلِكَ خَیْرٌ وَّ اَحْسَنُ تَاْوِیْلًا۠(۵۹) (پ۵، النساء:۵۹)
ترجمۂ کنز الایمان: اے ایمان والو حکم مانو اللہ کا اور حکم مانو رسول کا اور ان کا جو تم میں حکومت والے ہیں پھر اگر تم میں کسی بات کا جھگڑا اٹھے تو اُسے اللہ اور رسول کے حضور رجوع کرو اگر اللہ و قیامت پر ایمان رکھتے ہو یہ بہتر ہے اور اس کا انجام سب سے اچھا ۔ (تفسیر الطبری، پ۵، النساء، تحت الایۃ:۵۹، ج۴، ص۱۵۱)
سُبحٰن اللہ عَزَّ وَجَلَّ! پیارے اسلامی بھائیو! دیکھا آپ نے کہ ہمارے پیارے آقاصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے کیسے میٹھے انداز میں دو صحابۂ کرام عَلَيهِمُ الّرِضْوَان میں پیدا ہونے والی شکر رنجی کو دور فرمایا اور پھر صحابۂ کرام عَلَيهِمُ الّرِضْوَاننے بھی کمال اطاعت کا کیسا ثبوت دیا کہ فوراً ایک دوسرے سے راضی ہو گئے ۔ صاحب ِ جود و نوال، رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے اس مبارک فیصلے سے یہ بھی معلوم ہوا کہ جب قاضی کی عدالت میں کوئی ایسا مقدمہ پیش ہو جس میں ایک فریق اعلیٰ اور دوسرا ادنیٰ مرتبے والا ہو تو اسے کسی کے مرتبے کا لحاظ رکھے بغیر حق بات ہی کا فیصلہ کرنا چاہئے ۔ چنانچہ،
عادل قاضی
(Righteous Judge)
امیر المومنین حضرت سَیِّدُنا علی المرتضیٰکَرَّمَ اللہ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم جنگِ صفین کے لئے روانہ ہوئے تو راستے میں آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کی زرہ اونٹ سے گر گئی ۔ جنگ ختم ہونے کے بعد آپ واپس کوفہ تشریف لائے تو آپرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے وہ زرہ ایک یہودی کے پاس دیکھی جو بازار میں اسے بیچ رہا تھا، آپ نے زرہ پہچان کر یہودی سے ارشاد فرمایا: ’’یہ زرہ تو میری ہے ، میں نے کسی کو فروخت کی ہے نہ ہبہ کی ہے ، پھر تیرے پاس کیسے پہنچی؟‘‘ یہودی نے عرض کی: ’’جناب! یہ زرہ میری ہے اور میرے قبضے میں ہے ۔ ‘‘ تو آپ نے فرمایا: ’’چلو! ہم قاضی کے پاس چلتے ہیں ۔ ‘‘ چنانچہ، جب دونوں قاضی شریحرَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِکے پاس پہنچے تو آپرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ قاضی شریح کے پہلو میں اور یہودی ان کے سامنے بیٹھ گیا ۔ پھر آپرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے ارشاد فرمایا کہ اگر میرا مخالف یہودی نہ ہوتا تو میں اس کے ساتھ مجلس عدالت میں برابر کھڑا ہوتا، مگر میں نے نبی کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو یہ ارشاد فرماتے سنا ہے کہ یہودیوں کو حقیر سمجھو جیسا کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ نے انہیں حقیر قرار دیا ہے ۔
قاضی شریحرَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِکے نے عرض کی: ’’اے امیر المومنین! فرمائیے ! کیا اس یہودی سے آپ کا کوئی معاملہ ہے ؟‘‘ تو آپ نے فرمایا: ’’ہاں! یہ زرہ جو یہودی کے قبضے میں ہے ، میری ہے ، میں نے اسے بیچا نہ ہبہ کیا ۔ ‘‘ قاضی صاحب نے یہودی سے پوچھا کہ تو کیا کہتا ہے ؟ وہ بولا کہ زرہ میری ہے اور میرے قبضے میں ہے ۔ قاضی صاحب نے امیر المومنین سے پوچھا کہ کیا آپ کے پاس گواہ ہیں؟ تو آپ نے فرمایا: ’’ہاں! میرا غلام قنبر اور میرا بیٹا حسن گواہی دیں گے کہ یہ زِرہ میری ہے ۔ ‘‘ توقاضی شریحرَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِکے نے یہ کہتے ہوئے کہ ’’باپ کے حق میں بیٹے کی گواہی شرعاً معتبر نہیں‘‘ یہودی کے حق میں فیصلہ دے دیا ۔ یہ دیکھ کر یہودی کہنے لگا کہ امیر المومنین مجھے اپنے ہی قاضی کے پاس لائے اور ان کے قاضی نے ان کے خلاف ہی فیصلہ دے دیا ۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ بیشک یہ دین سچا ہے اور یہ گواہی بھی دیتا ہوں کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور حضرتِ محمد مصطفیٰ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ اللہ عَزَّوَجَلَّ کے سچے رسول ہیں، اے امیر المؤمنین! یہ زرہ آپ ہی کی ہے ۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع