30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
پیشِ لفظ
الحمدللہ رب العلمین والصلوۃ والسلام علی خاتم الانبیاء والمرسلین
بسم اللہ الرحمن الرحیم
اللہ تعالیٰ نے انسان کی غذا و علاج کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بے شمار انواع و اقسام کی اشیاء تخلیق فرمائی ہیں۔ ان اشیاء کا ایک بہت بڑا حصہ تو وہ ہے ،جو زمین سے حاصل ہوتا ہے،جسے ہم نباتات کہتے ہیں ۔ ان میں پھل، سبزیاں اور دیگر پودے وغیرہ شامل ہیں۔ نباتات یا ان کے اجزاء سے بننے والی اشیاء (Products) بالعموم حلال کے درجے میں ہی آتی ہیں۔ (1) اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
فَاَخْرَجْنَا بِهٖۤ اَزْوَاجًا مِّنْ نَّبَاتٍ شَتّٰى(۵۳) كُلُوْا وَ ارْعَوْا اَنْعَامَكُمْؕ
ترجمہ کنز الایمان :’’تو ہم نے اس سے طرح طرح کے سبزے کے جوڑے نکالے،تم کھاؤ اور اپنے مویشیوں کو چراؤ۔‘‘ (2)
اور انسانی غذا و دوا کا دوسرا بڑا حصہ جانداروں سے پورا ہوتا ہے۔حلال اور پاکیزہ غذاؤں میں سے حلال جانوروں کا گوشت بھی ایک عمدہ نعمت ہے۔ ان جانوروں سے دیگر فوائد حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ہم ان کے گوشت و دودھ وغیرہ سے اپنی غذا اور دوا کی ضروریات بھی پوری کرتے ہیں۔ جانوروں میں سے کچھ جانوروں کو اللہ تعالیٰ نے ہم پر حرام کر دیا ۔اس میں بھی انسان کی ایک طرح سے بھلائی چھپی ہے، کیونکہ جن جانوروں سے ہمیں منع کیا گیا ،عموماً وہ ایسے ہی ہیں کہ ان کے گوشت سے روحانی یا جسمانی طور پر بُرے اثرات ہو سکتے تھے ،جیسے شیر ،چیتا ،درندے اور سور وغیرہ ۔
[1] …۔البتہ کوئی زہریلی و نقصان دہ چیز حد ضرر تک استعمال کرنا یا نشے کے مقصد کے لئے کوئی چیز استعمال کرنا حرام ہے۔
[2] …۔پارہ16،سورۃ طہ،آیت:53،54
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع