(تقریباًتمام مدنی پھول اَحسَنُ الْوِعَاءِ لِاٰدابِ الدُّعاءِمَع شَرحِ ذَیلِ الْمُدَّعا لِاَحْسَنِ الْوِعاء(مطبوعہ مکتبۃ المدینہ کراچی )سے لیے گئے ہیں )
(1) ہرروز کم ازکم بیس بار دُعا کرنا واجِب ہے ۔ اَلحمدُ لِلّٰہ نَمازیوں کایہ واجِب ، نَماز میں سُورةُ الفَاتِحَہ سے ادا ہوجاتا ہے کہ(اِهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِیْمَۙ(۵)(”ترجَمۂ کنزالایمان: ہم کو سیدھا راستہ چلا“بھی دُعااور(اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَۙ(۱))” ترجَمۂ کنزالایمان : سب خُوبیاں اللہ کو جو مالِک سارے جہان والوں کا “ کہنا بھی دُعاہے (ص123)(2) دُعا میں حد سے نہ بڑھے۔ مثلاً اَنبیاء کرام علیہمُ السّلام کا مرتبہ مانگنا یا آسمان پر چڑھنے کی تمنّا کرنا۔نیز دونوں جہاں کی ساری بھلائیاں اور سب کی سب خوبیاں مانگنابھی منع ہے کہ ان خوبیوں میں مَراتبِ اَنبیاء علیہمُ السّلام بھی ہیں جو نہیں مل سکتے(ص80 ، 81) (3) جومُحال(یعنی ناممکن) یا قریب بہ مُحال ہو اُس کی دُعا نہ مانگے۔لہٰذا ہمیشہ کے لئے تَندُرُستی عافیت مانگنا کہ آدَمی عمر بھر کبھی کسی طرح کی تکلیف میں نہ پڑ ے یہ مُحالِ عادی کی دُعا مانگنا ہے۔یُونہی لنبے قد کے آدَمی کا چھوٹا قد ہونے یا چھوٹی آنکھ والے کا بڑی آنکھ کی دُعا کرنا ممنوع ہے کہ یہ ایسے اَمر کی دُعا ہے جس پر قلم جاری ہوچکا ہے(ص81) (4) گُناہ کی دُعا نہ کرے کہ مجھے پرایا مال مل جائے کہ گناہ کی طلب کرنا بھی گناہ ہے۔(ص82)(5) قطعِ رِحم (مثلاً فلاں رشتے داروں میں لڑائی ہو جائے)کی دُعانہ کرے(ص82)(6) اللہ پاک سے صرف حقیر چیز نہ مانگے کہ پروَردگار غَنِی ہے بلکہ اپنی تمام توجہ اسی کی طرف رکھے اور ہرچیز کا اُسی سے سُوال کرے (ص84) (7) رَنْج ومُصیبت سے گھبرا کر اپنے مرنے کی دُعانہ کرے ۔خیال رہے کہ دُنیوِی نقصان سے بچنے کے لئے موت کی تمنّا ناجائز ہے اور دینی مَضَرَّت( یعنی دینی نقصان) کے خوف سے جائز (ص85 ، 87) (8) بِلاضَرورتِ شَرعی کسی کے مرنے اور خرابی (بربادی) کی دُعانہ کرے ، البتہ اگر کسی کافِر کے ایمان نہ لانے پر یقین یا ظنِّ غالِب ہو اور(اس کے) جینے سے دین کا نقصان ہو یا کسی ظالِم سے توبہ اورظلم چھوڑنے کی اُمّیدنہ ہواور اُس کا مرنا ، تباہ ہونا مخلوق کے حقّ میں مفید ہو تو ایسے شخص پر بددُعا کرنا دُرُست ہے(ص87) (9) کسی مسلمان کو یہ بددُعا نہ دے کہ ” تو کافِر ہوجائے “ کہ بعض عُلَما کے نزدیک (ایسی دُعا مانگنا) کُفر ہے اور تحقیق یہ ہے کہ اگرکُفر کو اچھا یا اسلام کو بُرا جان کرکہے تو بے شک کُفر ہے ورنہ بڑا گناہ ہے کہ مسلمان کی بَدخُواہی(یعنی بُرا چاہنا) حرام ہے ، خُصُوصاً یہ بدخواہی ( کہ فُلاں کاا یمان برباد ہو جائے) توسب بَدخُواہیوں سے بَدترہے (ص 90 ) (10)کسی مسلمان پر لعنت نہ کرے اور اسے مَردود وملعون نہ کہے اور جس کافِر کا کُفر پر مرنا یقینی نہیں اُس پر بھی نام لے کر لعنت نہ کرے (ص90) (11)کسی مسلمان کو یہ بددُعا نہ دے کہ”تجھ پر خدا کا غضب نازل ہو اورتُو(بھاڑ اور) آگ یا دوزخ میں داخِل ہو ، “ کہ حدیث شریف میں اس کی مُمانَعَت وارِد ہے(ص100) (12) جو کافِر مَرا ا ُس کے لئے دُعائے مغفِرت حرام و کُفر ہے (ص100) (13)یہ دُعا کرنا: ”خدایا ! سب مسلمانوں کے سب گناہ بخش دے ۔“ جائز نہیں کہ اس میں اُن احادیثِ مبارَکہ کی تکذِیب(یعنی جھٹلانا) ہوتی ہے جن میں بعض مسلمان کا دوزخ میں جانا وارِد ہوا (ص106)البتہ یوں دُعا کرنا ” ساری اُمّتِ محمد صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی مغفرت(یعنی بخشش) ہو یاسارے مسلمانوں کی مغفرت ہو“ جائز ہے (ص103) (14)اپنے لئے اور اپنے دوست اَحباب ، اَہل ومال اور اولاد کے لئے بددُعا نہ کرے ، کیا معلوم کہ قبولِیَّت کا وَقت ہو اور بددُعا کا اثر ظاہِر ہونے پرنَدامت ہو (ص107 ) (15)جو چیز حاصِل ہو (یعنی اپنے پاس موجود ہو ) اس کی دُعا نہ کرے مثلاً مرد یوں نہ کہے ”یا اللہ پاک مجھے مرد کردے“ کہ ِاِسْتِہْزا (مذاق بنانا) ہے ۔ البتہ ایسی دُعا جس میں شریعت کے حکم کی تعمیل یا عاجِزی وبندگی کا اظہار یا پَروردَ گار اور مدینے کے تاجدار صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم سے محبت یا دین یا اَہلِ دین کی طرف رَغبت یا کُفر وکافِرِین سے نفرت وغیرہ کے فوائد نکلتے ہوں وہ جائز ہے اگرچِہ اس اَمر کاحُصول یقینی ہو ۔جیسے دُرُود شریف پڑھنا ، وسیلے کی ، صِراطِ مُسْتقیم کی ، اللہ و رسول صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے دشمنوں پرغضب ولعنت کی دُعا کرنا (ص108) (16)دُعامیں تنگی نہ کرے مثلاً یوں نہ مانگے یااللہ پاک ! تنہا مجھ پر رَحم فرما یا صِرف مجھے اور میرے فُلاں فُلاں دوست کو نعمت بخش(ص109) بہتر یہ ہے کہ سب مسلمانوں کو دُعا میں شامل کر لے اِس کا ایک فائدہ یہ بھی ہو گا کہ اگر خود اُس نیک بات کا حقدار نہ بھی ہوا تو اچھے مسلمانوں کے طفیل پا لے گا (17) حُجَّۃُ الْاِسلام حضرت امام محمد غزالی رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں : مضبوط عقیدے کے ساتھ دُعا مانگے اور قبولِیَّت کا یقین رکھے۔( احیاءالعلوم ، 1/770)
(1)( رَبَّنَاۤ اٰتِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَةً وَّ فِی الْاٰخِرَةِ حَسَنَةً وَّ قِنَا عَذَابَ النَّارِ(۲۰۱)) (پ2 ، البقرۃ : 201)
”ترجَمۂ کنز الایمان( ) :اے رب ہمارے ہمیں دنیا میں بھلائی دے اور ہمیں آخرت میں بھلائی دے اور ہمیں عذابِ دوزخ سے بچا۔“
(2)( رَبَّنَا لَا تُؤَاخِذْنَاۤ اِنْ نَّسِیْنَاۤ اَوْ اَخْطَاْنَاۚ )(پ3 ، البقرۃ : 286)
ترجمہ : اے رب ہمارے ہمیں نہ پکڑ اگر ہم بھولیں یاچوکیں ۔
(3) ( رَبَّنَا وَ لَا تَحْمِلْ عَلَیْنَاۤ اِصْرًا كَمَا حَمَلْتَهٗ عَلَى الَّذِیْنَ مِنْ قَبْلِنَاۚ )( پ3 ، البقرۃ : 286)
”ترجمہ : اے رب ہمارے اور ہم پر بھاری بوجھ نہ رکھ جیسا تو نے ہم سے اگلوں پر رکھا تھا ۔ “
(4)( رَبَّنَا لَا تُزِغْ قُلُوْبَنَا بَعْدَ اِذْ هَدَیْتَنَا وَ هَبْ لَنَا مِنْ لَّدُنْكَ رَحْمَةًۚ-اِنَّكَ اَنْتَ الْوَهَّابُ(۸))
(پ3 ، اٰ ل عمرٰن : 8)
”ترجمہ: اے رب ہمارے دل ٹیڑھے نہ کر بعد اس کے کہ تو نے ہمیں ہدایت دی اور ہمیں اپنے پاس سے رحمت عطا کر بیشک تو ہے بڑادینے والا۔“
(5)( رَبَّنَاۤ اِنَّنَاۤ اٰمَنَّا فَاغْفِرْ لَنَا ذُنُوْبَنَا وَ قِنَا عَذَابَ النَّارِۚ(۱۶)) (پ3 ، اٰل عمرٰن : 16)” ترجمہ: اے رب ہمارے ہم ایمان لائے تو ہمارے گناہ معاف کر اور ہمیں دوزخ کے عذاب سے بچالے۔ “
(6) (رَبَّنَا فَاغْفِرْ لَنَا ذُنُوْبَنَا وَ كَفِّرْ عَنَّا سَیِّاٰتِنَا وَ تَوَفَّنَا مَعَ الْاَبْرَارِۚ(۱۹۳) )(پ4 ، اٰل عمرٰن :193)
”ترجمہ : اے رب ہمارے تو ہمارے گناہ بخش دے اور ہماری برائیاں محو فرما (مٹا) دے اور ہماری موت اچھوں کے ساتھ کر۔“
(7) ( رَبَّنَا لَا تَجْعَلْنَا مَعَ الْقَوْمِ الظّٰلِمِیْنَ۠(۴۷))( پ8 ، الاعراف : 47) ” ترجمہ : اے ہمارے رب ہمیں ظالموں کے ساتھ نہ کر۔“
(8) (رَبَّنَاۤ اَفْرِغْ عَلَیْنَا صَبْرًا وَّ تَوَفَّنَا مُسْلِمِیْنَ۠(۱۲۶))(پ9 ، الاعراف :126) ” ترجمہ : اے رب ہمارے ہم پر صبرانڈیل دے اور ہمیں مسلمان اٹھا۔ “
(9)( رَبِّ اجْعَلْنِیْ مُقِیْمَ الصَّلٰوةِ وَ مِنْ ذُرِّیَّتِیْ ﳓ رَبَّنَا وَ تَقَبَّلْ دُعَآءِ(۴۰))(پ13 ، ابرٰھیم:40) ”ترجمہ : اے میرے رب مجھے نماز کا قائم کرنے والا رکھ اور کچھ میری اولاد کواے ہمارے رب اور ہماری دُعا سن لے ۔ “
(10)( رَبَّنَا اغْفِرْ لِیْ وَ لِوَالِدَیَّ وَ لِلْمُؤْمِنِیْنَ یَوْمَ یَقُوْمُ الْحِسَابُ۠(۴۱)) (پ13 ، ابرٰھیم :41)
”ترجمہ: اے ہمارے رب مجھے بخش دے اور میرے ماں باپ کواور سب مسلمانوں کو جس دن حساب قائم ہوگا۔“
(11)( رَّبِّ اغْفِرْ وَ ارْحَمْ وَ اَنْتَ خَیْرُ الرّٰحِمِیْنَ۠(۱۱۸)) (پ18 ، المؤمنون :118)”ترجمہ: اے میرے رب بخش دے اور رحم فرما اور تو سب سے بر تر رحم کرنے والا ۔“
(12)( رَبَّنَا هَبْ لَنَا مِنْ اَزْوَاجِنَا وَ ذُرِّیّٰتِنَا قُرَّةَ اَعْیُنٍ وَّ اجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِیْنَ اِمَامًا(۷۴)) (پ19 ، الفرقان : 74)”ترجمہ : اے ہمارے رب ہمیں دے ہماری بیبیوں اور ہماری اولاد سے آنکھوں کی ٹھنڈک اور ہمیں پرہیزگاروں کا پیشوابنا۔“
(13)( رَبَّنَا اغْفِرْ لَنَا وَ لِاِخْوَانِنَا الَّذِیْنَ سَبَقُوْنَا بِالْاِیْمَانِ وَ لَا تَجْعَلْ فِیْ قُلُوْبِنَا غِلًّا لِّلَّذِیْنَ اٰمَنُوْا رَبَّنَاۤ اِنَّكَ رَءُوْفٌ رَّحِیْمٌ۠(۱۰)) (پ28 ، الحشر :10)”ترجمہ : اے ہمارے رب ہمیں بخش دے اور ہمارے بھائیوں کو جو ہم سے پہلے ایمان لائے اور ہمارے دل میں ایمان والوں کی طرف سے کینہ نہ رکھ اے رب ہمارے بیشک تو ہی نہایت مہربان رحم والا ہے۔“
(14) (رَّبِّ اَعُوْذُ بِكَ مِنْ هَمَزٰتِ الشَّیٰطِیْنِۙ(۹۷)) (پ18 ، المؤمنون:97) ” ترجمہ : اے میرے رب تیری پناہ شیاطین کے وسوسوں سے۔“
(15)( رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّیٰنِیْ صَغِیْرًاؕ(۲۴)) (پ15 ، بنی اسراء یل :24)”ترجمہ : اے میرے رب تو ان دونوں پر رحم کر جیسا کہ ان دونوں نے مجھے چھٹپن(چھوٹی عمر ) میں پالا۔“
…اگلی تمام آیات کا ترجمہ کنزالایمان سے لیا گیا ہے ۔