(1) حدیث شریف میں ہے کہ یہ آیت قرآن مجید کی آیتوں میں بہت ہی عظمت والی آیت ہے ۔ (درمنثور ، 2/6) (2) حضرت اُبیَ بن کَعب رَضِیَ اللہُ عَنْہُ سے روایت ہے کہ حُسنِ اخلاق کے پیکر ، نبیوں کے تاجوَر ، محبوبِ ربِّ اکبر صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا : اے ابو مُنذِر! کیا تمہیں معلوم ہے کہ قرآن پاک کی جو آیتیں تمہیں یاد ہیں ان میں کون سی آیت عظیم ہے ؟ میں نے عرض کیا : ” اَللّٰهُ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَۚ-اَلْحَیُّ الْقَیُّوْمُ “ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے میرے سینے پر ہاتھ مارا اور فرمایا : اے ابومُنذِر! تمہیں علم مبارک ہو۔ (مسلم ، ص405 ، حدیث: 810 ) (3) مستدرک کی ایک روایت میں ہے کہ” سورۂ بقرہ“میں ایک آیت ہے جو قرآن پاک کی تمام آیتوں کی سردارہے ، وہ آیت جس گھر میں پڑھی جائے اس گھر سے شیطان نکل جاتاہے اوروہ آیۃُ الکرسی ہے ۔(مستدرک للحاکم ، 2/647 ، حدیث:3080) (4) امیرُ المؤمنین حضرت علی رَضِیَ اللہُ عَنْہُ فرماتے ہیں کہ میں نے نور کے پیکر ، تمام نبیوں کے سَرْوَر ، دو جہاں کے تاجْوَر صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کومنبر پر فرماتے ہوئے سنا جو شخص ہر نماز کے بعد” آيةُ الكرسی“پڑھے اُسے جنت میں داخل ہونے سے موت کے سواکوئی چیز نہیں روکتی اورجوکوئی رات کو سوتے وقت اِسے پڑھے گا اللہ پاک اُسے ، اُس کے گھرکواور آس پاس کے گھر وں کو محفوظ فرمادے گا۔
(شعب الایمان ، 2/458 ، حدیث :2395)
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب! صَلَّی اللهُ علٰی مُحَمَّد
پیارے پیارے اسلامی بھائیو!جو شخص ہر نماز کے بعد آیۃُ الکرسی پڑھے گا اس کو حسب ِذیل برکتیں نصیب ہوں گی۔
(1) وہ مرنے کے بعد جنت میں جائے گا۔ اِن شاءَ اللہ (2) وہ شیطان اور جِنّ کی تمام شرارتوں سے محفوظ رہے گا۔ اِن شاءَ اللہ (3) اگر محتاج ہوگا تو چند دنوں میں اس کی محتاجی اور غریبی دور ہو جائے گی۔(4) جو شخص صبح و شام اور بستر پر لیٹتے وَقت ” آیةُالكرسی “ اور اس کے بعد کی دو آیتیں خٰلِدُون تک پڑھا کرے گا وہ چوری ، غَرْقابی (پانی میں ڈوبنے) اور جلنے سے محفوظ رہے گا۔ اِن شاءَ اللہ (5) اگر سارے مکان میں کسی اونچی جگہ پر لکھ کر اس کا کَتَبہ آویزاں کر دیا جائے تو اِن شاءَ اللہ اُس گھر میں کبھی فاقہ نہ ہو گا بلکہ روزی میں برکت اور اضافہ ہو گا اور اُس مکان میں کبھی چور نہ آسکے گا۔ اِن شاءَ اللہ (جنتی زیور ، ص589)
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب! صَلَّی اللهُ علٰی مُحَمَّد