30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
دُور ہو گی گناہوں کی شامت چلو، ، مَدَنی ماحول میں کر لو تم اِعتِکاف
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد
(فیضان سنت ، باب فیضان رمضان ، ج۱ ، ص۱۴۶۴)
(56) میں نے کئی بار خودکُشی کی کوشِش کی تھی
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!
تحصیل شُجاع آباد ضلع ملتان کے ایک اسلامی بھائی ( حال مقیم بابُ المدینہ کراچی)کے بیان کاخُلاصہ ہے، ’’ میں والِدَین کا مَعاذَاللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ اِنتِہائی دَرَجہ کا گستاخ تھا، کِرکِٹ اوربِلیرڈ کھیلنے میں دن برباد کرتا اور رات وِڈیوسینٹر کی زینت بنتا۔ ماہِ رَمَضانُ المبارَکمیں ماں باپ سے میں نے بہت زیادہ لڑائی کی یہاں تک کہ گھر میں توڑ پھوڑ مچا دی! اپنی گناہوں بھری زندگی سے خود بھی بیزار تھا، غضب کا جذباتی تھا اسی لئے معاذَاللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ کئی بار خودکُشی کرنے کی سعی کی مگر اَلْحَمْدُلِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ ناکامی ہوئی ۔ اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ کے کرم سے مجھ گنہگار کو رَمَضانُ المبارَک کے آخِری عشرہ میں اعتِکاف کا شوق پیدا ہوا ، اپنے گھر کی قریبی مسجد ہی میں اعتکا ف کا ارادہ تھا کہ ایک اسلامی بھائی سے ملاقات ہو گئی ۔ ان کی انفِرادی کوشِش کے نتیجے میں تبلیغِ قراٰن وسنّت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک ، دعوتِ اسلامی کے عالمی مَدَنی مرکز فیضانِ مدینہ میں ہونے والے اجتِماعی اعتِکاف میں عاشِقانِ رسول کے ساتھ مُعتَکف ہو گیا۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ ا جتِماعی اِعتِکاف کی برکتوں کے کیا کہنے! ، میں گنہگار کلین شیو اور پینٹ شرٹ میں کسا کسایا گیا تھا، مگرتربِیّتی حلقوں ، سنّتوں بھرے بیانوں اور عاشِقانِ رسول کی صُحبتوں نے وہ مَدَنی رنگ چڑھا یا کہ ہاتھوں ہاتھ داڑھی بڑھانی شروع کر دی، عمامہ شریف کا تاج سر پر سجا لیا اور چاند رات کو خوب رو رو کر گناہوں سے توبہ کرنے کے بعد گھر جانے کے بجائے ہاتھوں ہاتھ سنّتوں کی تربیّت کے تین دن کے مَدَنی قافِلے میں عاشِقانِ رسول کے ساتھ سفر پر روانہ ہو گیا۔ میں نے عید کے تینوں دن راہِ خدا عَزَّ وَجَلَّ میں عاشِقانِ رسول کے ساتھ گزارے۔ خدا کی قسم! یہ میری زندَگی کی سب سے پہلی عید تھی جو بَہُت اچّھی گزری ۔ واپَسی پر گھر آکر امّی جان کے قدموں سے لپٹ گیا اور اس قدر رویا کہ ہچکیاں بندھ گئیں اور میں بے ہوش ہوگیا۔ کم و بیش آدھے گھنٹے کے بعد جب ہوش آیا تو سارے گھر والے مجھے گھیرے ہوئے تھے اور تصویرِ حیرت بنے ایک دوسرے کا منہ تک رہے تھے کہ اسے کیا ہو گیا ہے! اَلْحَمْدُلِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ گھر میں بَہُت اچّھی ترکیب بن گئی ۔تادمِ تحریر تنظیمی طور پر عَلاقائی مُشاوَرت کا نگران ہوں ۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ یہ الفاظ لکھتے وقت عالمی مَدَنی مرکز فیضانِ مدینہ میں تربیّتی کورس کرنے کی سعادت حاصل کرلینے کے بعد مزید 126دن کے’’ امامت کورس‘‘کا سلسلہ جاری ہے۔دُعائے استِقامت کا مُلْتَجی ہوں ۔
بگڑے اَخْلاق سارے سنور جائیں گے، مَدَنی ماحول میں کر لو تم اعتکاف
بس مزہ کیا مزہ کو مزے آئیں گے، مَدَنی ماحول میں کر لو تم اعتکاف
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد
(فیضانِ سنت، باب فیضان رمضان، ج۱، ص۱۴۶۶)
(57) میں نے عید کے علاوہ کبھی نَماز ہی نہیں پڑھی تھی!
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!
میانوالی کالونی منگھو پیر روڈبابُ المدینہ کراچی کے ایک اسلامی بھائی کے بیان کا لُبِّ لُباب ہے۔ میرے جیسے گنہگار انسان کم ہی ہوں گے ، میں نے کئی ’’گرل فرینڈز‘‘ بنا رکھی تھیں ، گندی ذِہنیّت کا عالَم یہ تھا کہ روزانہ ہی ننگی فلمیں دیکھنے کا معمول تھا، آپ مانیں یا نہ مانیں میں نے زِندَگی میں عید کے علاوہ کبھی نَماز ہی نہیں پڑھی تھی اور مجھے بالکل بھی معلوم نہیں تھا کہ نَماز کس طرح پڑھی جاتی ہے!!! میری قسمت کا ستارہ چمکا اور مجھے تبلیغِ قراٰن وسنّت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک ، دعوتِ اسلامی کے عالَمی مَدَنی مرکز فیضانِ مدینہ میں رَمَضانُ الْمبارَک کے آخِری عشرے کااجتِماعی اعتِکا ف نصیب ہوگیا، فیضانِ مدینہ کے مَدَنی ماحول کی بھی کیا بات ہے ! میری آنکھیں کُھل گئیں ، غفلت کا پردہ چاک ہوا اور میرے دل میں مَدَنی انقِلاب برپا ہو گیا۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ میں نے نَماز سیکھ لی اور پانچوں وَقت باجماعت نَماز کا پابند ہو گیا۔ میں نے دو مساجد میں فیضانِ سنّتکا درس شروع کر دیا۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ اسلامی بھائیوں نے مجھے ایک مسجِد کی مُشاوَرت کا ذَیلی نگران بنا دیا۔ اور تَحدیثِ نعمت کیلئے عرض کرتا ہوں کہ دعوتِ اسلامی کے مَدَنی ماحول کی بَرَکت سے مجھ بدکار انسان پر کرم بالائے کر م یہ ہو ا کہ سرکارِنامدار، مدینے کے تاجدار، بِاِذْنِ پرَوَردگار دوعالَم کے مالِک ومختار، شَہَنْشاہِ اَبرار صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کاخواب میں دیدار ہو گیا ۔
جسے چاہا جلوہ دکھادیا، اُسے جامِ عشق پلا دیا جسے چاہا نیک بنا دیا، یہ مرے حبیب کی بات ہے
جسے چاہا اپنا بنا لیا جسے چاہا در پہ بلا لیا یہ بڑے کرم کے ہیں فیصلے یہ بڑے نصیب کی بات ہے
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد
(فیضانِ سنت، باب فیضان رمضان، ج۱، ص۱۴۶۸)
(58) اِعتِکاف کی بَرَکَت سے سارا خاندان مسلمان ہوگیا
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع