30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
اگر میں تم سے یہ کہہ دوں کہ اس کہسار کے پیچھے پہاڑوں کی بلند اور آہنی دیوار کے پیچھے
چھپی ہے رہزنوں کی فوج تم پر وار کرنے کو گھروں کے لُوٹنے کو شہر کے مِسْمَار کرنے کو
یہ کہہ دوں اگر میں تم سے تو کیا تم مان جاؤ گے یقیں آ جائے گا مجھ پہ کوئی شک نہ لاؤ گے؟
کہا لوگوں نے ہاں سچا ہے تُو یہ جانتے ہیں سب تُو بچپن سے صادق ہے امیں ہے مانتے ہیں سب
بھلا اس قول پر کیسے یقیں ہم کو نہ آئے گا بِلا چُون و چرا مانیں گے کوئی شک نہ لائے گا
یہ سُن کر پھر بلند آواز سے سچا نبی بولا اسی انداز سے قرآنِ ناطق نے دہن کھولا
کہ اے لوگو میرا کہنا نہایت غور سے سُن لو میں کہتا ہوں کہ باز آ جاؤ ظلم و جور سےسُن لو
بہائم[1] کی صفت چھوڑو ذرا انسان بن جاؤ بُرے اعمال سے توبہ کرو شرماؤ شرماؤ
فواحِش اور زناکاری مٹا دو نیک ہو جاؤ خدا کو ایک مانو اور تم بھی ایک ہو جاؤ
یغوث و لات و عزّیٰ کچھ نہیں بے جان پتھر ہیں جنہیں تم پوجتے ہو وہ تو خود تم سے کمتر ہیں
ہے خالِق وہی سچا خدا معبود ہے سب کا وہی مطلوب ہے سب کا وہی مسجود ہے سب کا
بُتوں کی بندگی کے دام سے آزاد ہو جاؤ خدا کے دامَنِ توحید میں آباد ہو جاؤ
پھنسا رکھا ہے شیطان نے تمہیں باطل کے پھندے میں نہ رکھا فرق تم نے کچھ خدا میں اور بندے میں
تمہارے واسطے میں دولتِ اسلام لایا ہوں جو ابراہیم لائے تھے وہی پیغام لایا ہوں
خدائے قادر و قہّار پر ایمان لے آؤ جہاں کے مالک و مختار پر ایمان لے آؤ
جہالت چھوڑ دو قرآن پر ایمان لے آؤ بُتوں کو توڑ دو رحمٰن پر ایمان لے آؤ
اگر ایمان لے آئے تو بچ جاؤ گے اے لوگو! فلاحِ دنیوی و اُخروی پاؤ گے اے لوگو!
نہ مانو گے تو بربادی کا بادل چھانے والا ہے
بُرا وقت آنے والا ہے، بُرا وقت آنے والا ہے[2]
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع