30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
سُوال : انسان کس طرح سرکارِ دوعالم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم کا مُحِب بن سکتا ہے؟
(نِعمتُ اللہ قادری۔ سوشل میڈیا کے ذریعے سُوال)
جواب : جس سے محبّت بڑھانی ہو اُس کی خُوبیاں معلوم کریں۔ ہمارے پیارے آقا صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم عطائے اِلٰہی سے تمام خُوبیوں کے جامع ہیں ، آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم کی جتنی خوبیاں معلوم ہوں گی اُتنا عشقِ رسول بڑھتا چَلا جائے گا ، لہٰذا سیرت کا مُطالعہ کریں اور آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم کی دِین کی خاطر دی جانے والی قُربانیوں ، نیز اُمّت پر آقا صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم کے شفقت کے اَنداز کی معلومات حاصل کریں ، اِنْ شَآءَ اللہ عشقِ رسول بڑھے گا۔ مَزید یہ کہ دُرُود شریف کی کثرت کریں۔ سرکارِ اَعلیٰ حضرت اِمام اَحمد رَضا خان رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ نے ایک نسخہ یہ بھی بیان فرمایا ہے کہ ’’خُوش اِلحان قاری سے قرآنِ کریم کی تِلاوت سُننے سے اللہ پاک کی محبّت بڑھتی ہے اور خُوش اِلحان نعت خواں سے نعت شریف سُننے سے عشقِ رسول میں اِضافہ ہوتا ہے۔ ‘‘([1]) نعتیں بھی وہ سُنیں جو شریعت کے مُطابِق ہوں ، جیسے اَعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ ایسے عاشقِ رسول ہیں کہ آپ کے قلم سے نِکلا ہوا ہر مِصر ع ، بلکہ ہرلفظ عشقِ رسول میں ڈوبا ہوا ہوتا ہے ، ایسوں کا کلام سُننے سے دِل میں عشق بڑھے گا ، یہاں تک کہ سمجھ میں نہیں بھی آئے گا تب بھی دِل مطمئن رہے گا کہ اِن کا کلام شریعت کے مُطابِق ہے ، پلّے پڑے یا نہ پڑے ، جُھومے جاؤں۔ یہ میں اُن کا اَندازبتا رہا ہوں جو سَرکار اَعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ سے واقف ہیں۔ عام طور پر دُوسروں کے کلام میں یہ بات نہیں ہوتی۔ بَرادرِ اَعلیٰ حضرت ، شہنشاہِ سُخن مولانا حَسَن رَضا خان رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ ، شہزادۂ اعلیٰ حضرت ، حضور مُفتیٔ اَعظم ہِند مولانا مصطفےٰ رضا خان رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ ([2]) اور دیگر عُلَمائے اَہلِ سُنّت کَثَّرَہُمُ اللہُ السَّلَام کے لکھے ہوئے کلام پڑھنے سُننے سے بھی اِنْ شَآءَ اللہ عشقِ رسول میں اِضافہ ہوگا۔
[1] ملفوظاتِ اعلیٰ حضرت ، ص۱۷۳۔
[2] برادَرِ اَعلیٰ حضرت مولانا حَسَن رَضا خان صاحب رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کے نعتیہ کلاموں کا مجموعہ ’’ذَوقِ نعت‘‘ جبکہ شہزادۂ اَعلیٰ حضرت ، حضور مفتیٔ اَعظم ہِند مولانا مصطفےٰ رَضا خان صاحب رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کے نعتیہ کلاموں کا مجموعہ ’’سامانِ بخشش‘‘ ہے۔ مکتبۃ المدینہ نے ان دونوں کتابوں کو خوبصورت انداز میں شائع کیا ہے۔ ہدیۃً حاصل کیجئے۔ (شعبہ ملفوظاتِ امیرِ اَہلِ سُنّت)
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع