30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
عمل کے بغیر علم پاگل پن اور دیوانگی سے کم نہیں اورعلم کے بغیر عمل کی کچھ حیثیت نہیں ([1]) ۔ … ( اس بات کو گرہ سے باندھ لو ! کہ ) جو علم آج تمہیں گناہوں سے دُور کرسکا نہ اللہ عَزَّوَجَلَّ کی اِطاعت ( و عبادت ) کا شوق پیدا کر سکا یہ کل قیامت میں تمہیں جہنم کی ( بھڑکتی ہوئی ) آگ سے بھی نہیں بچا سکے گا … اگر آج تم نے نیک عمل نہ کیا اور ( سنّتوں کواپناکر ) گزرے ہوئے وقت کا تَدارُک نہ کیا ، تَوکل قیامت میں تمہاری ایک ہی پُکار ہو گی :
فَارْجِعْنَا نَعْمَلْ صَالِحًا ( پ۲۱ ، السّجدہ : ۱۲ )
ترجَمہ کنز ُالایمان : ہمیں پھر بھیج کہ نیک عمل کریں ۔
تَو تجھے جواب دیا جائے گا : ’’ اے اَحمق و نادان ! تُو وہیں سے تَو آرہا ہے۔ ‘‘
اے لخت جگر !
روح میں ہمت پیدا کرو… نفس کے خلاف جہاد کرو… اور موت کو اپنے قریب تر جانو… کیونکہ تمہاری منزل قبر ہے…اور قبرستان والے ہر لمحہ تمہارے اِنتظار میں ہیں کہ تم کب ان کے پاس پہنچو گے؟ … خبردار ! خبردار ! بغیر زادِ راہ کے ان کے پاس جانے سے ڈرو۔
امیر المؤمنین حضرت سیِّدُنا ابو بکر صدیق رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ اِرشاد فرماتے ہیں : ’’ یہ جسم پرندوں ( یعنی ایسی سعادت مند روحوں ) کے لئے پنجرے ہیں ( جو ہر لمحہ عالمِ بالا کی جانب پرواز کے لئے بیتاب رہتی ہیں ) یا یہ جسم جانوروں ( یعنی ایسی روحوں ) کے لئے اَصطبل ہیں ( جو نیک اَعمال سے دور ہیں ) ۔ ‘‘
پس اپنی ذات میں غور کرو کہ ان دونوں میں سے تمہارا تعلق کس کے ساتھ ہے؟ … اگر تم عالَمِ بالا کی جانب پرواز کے لئے بیتاب پرندوں میں سے ہو تَو جب ( موت کے وقت ) یہ مَسحُور وخوش کُن آواز سنو :
ارْجِعِیْۤ اِلٰى رَبِّكِ ( پ۳۰ ، الفجر : ۲۸ )
ترجَمہ کنز ُالایمان : اپنے ربّ کی طرف واپس ہو۔
تَو فوراً بلندیوں کی طرف پرواز کرتے ہوئے جنت کے اعلیٰ مقام پر جا پہنچنا۔ چنانچہ ،
رحمت ِعالمیان ، سردارِدوجہان صلَّی اللّٰہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے : ’’ اِھْتَزَّعَرْشُ الرَّحْمٰنِ لِمَوْتِ سَعْدِ بْنِ مُعَاذیعنی : سعد بن معاذکی موت سے عرشِ رحمٰن ( فرحت و شادمانی سے ) جھوم اُٹھا۔ ‘‘([2])
اورمَعَاذَاللّٰہ اگرتمہارا شُمار جانوروں میں ہو جیسا کہ فرمانِ باری تعالیٰ ہے :
اُولٰٓىٕكَ كَالْاَنْعَامِ بَلْ هُمْ اَضَلُّؕ ( پ۹ ، الاعراف : ۱۷۹ )
ترجَمہ کنز ُالایمان : وہ چوپایوں کی طرح ہیں بلکہ اُن سے بڑھ کر گمراہ۔
تو ایسی صورت میں اس دنیا سے سیدھا جہنّم کی آگ میں جانے سے بے خوف نہ ہونا۔ ‘‘
ٹھنڈاپانی دیکھ کرغشی
ایک مرتبہ حضرت سیِّدُنا حسن بصری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی کی خدمت میں ٹھنڈا پانی پیش کیا گیا۔ پیالہ ہاتھ میں لیتے ہی آپ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ پر غشی طاری ہو گئی اور پیالہ دستِ مبارک سے نیچے گر گیا۔ جب کچھ دیربعد اِفاقہ ہواتَو لوگوں نے پوچھا : ’’اے ابُو سعید ! آپ کو کیا ہو گیا تھا؟ ‘‘ فرمایا : ’’مجھے دوزخ والوں کی وہ اِلتجائیں یاد آ گئیں جو وہ جنت والوں سے کریں گے :
اَنْ اَفِیْضُوْا عَلَیْنَا مِنَ الْمَآءِ اَوْ مِمَّا رَزَقَكُمُ اللّٰهُؕ- ( پ۸ ، الاعراف : ۵۰ )
ترجَمۂ کنز ُالایمان : کہ ہمیں اپنے پانی کا کچھ فیض دو یا اُس کھانے کا جو اللہ نے تمہیں دیا۔ ([3])
[1] بغیرعلم کے نہ صرف یہ کہ عبادات عموماًدرست طریقہ پراداہونے سے رہ جاتی ہیں بلکہ بسااَوقات بندہ سخت گنہگارہوتاہے۔ دعوتِ اسلامی کے اِشاعتی اِدارے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ651 صَفحات پر مشتمل کتاب ’’ملفوظاتِ اعلیٰ حضرت‘‘ صفحہ355پرمجدداعظم ، امام اہلسنّت حضرت سیِّدُنااعلیٰ حضرت امام اَحمدرضا خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمَن(متوفی۱۳۴۰ھ) فرماتے ہیں : ’’حدیث میں اِرشادہوا : اَ لْمُتَعَـبِّدُ بِغَیْرِ فِقْہٍ کَالْحِمَارِ فِی الطَّاحُوْن (بغیرفقہ کے عابدبننے والاایساہے جیسے چکی میں گدھا)۔ ( کنزالعمال ، کتاب العلم ، الباب الاول فی الترغیب فیہ ، الحدیث : ۲۸۷۰۵ ، ج۵ ، الجزء العاشر ، ص۶۱ ) بغیر فقہ کے عابدبننے والا(فرمایا) ، عابدنہ فرمایا بلکہ عابدبننے والافرمایایعنی بغیرفقہ کے عبادت ہوہی نہیں سکتی ، جو(بغیرفقہ کے)عابدبنتاہے وہ ایساہے جیسے چکی میں گدھاکہ محنت شاقہ کرے اورحاصل کچھ نہیں ۔ ‘‘
نیزفقیہِ ملَّت ، حضرتِ علامہ مفتی جلال الدین اَحمداَمجدی عَلَیْہِ رَحْمَۃُاللّٰہِ الْقَوِی (متوفی۱۴۲۱ھ)اس حدیث پاک کے تحت یوں تحریر فرماتے ہیں : ’’مطلب یہ ہے کہ جیسے پہلے زمانہ میں آٹے کی چکی کو گدھاچلایا کرتاتھا مگر آٹا کھانے کے لئے اس کو نہیں ملتا تھاایسے ہی بغیرفقہ یعنی مسائل شرعیہ کی رعایت کے بغیرجوعبادت کی مشقت اٹھاتا ہے اسے کچھ ثواب نہیں ملتا ۔ ‘‘ ( علم اورعُلما ، ص۵۸ )
[2] صحیح البخاری ، کتاب مناقب الانصار ، باب مناقب سعد بن مُعاذ ، الحدیث : ۳۸۰۳ ، ج۲ ، ص۵۶۰.
[3] حلیۃ الاولیاء ، سلام بن ابی مطیع ، الرقم : ۸۳۰۱ ، ج۶ ، ص۲۰۳.
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع