دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Beta Hoto Aisa | بیٹا ہو تو ایسا

حضرت ابراہیم علیہ السلام نے حضرت اسمٰعیل کو کیوں باندھا؟

book_icon
بیٹا ہو تو ایسا

مجھے رسّیوں سے مضبوط باندھ دیجئے

     حضرتِ اسمٰعیل عَلَيْهِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام نے اپنے والد محترم سے مزید عرض کی: ابوجان! ذَبح کرنے سے پہلے مجھے رَسّیوں سے مضبوط باندھ دیجئے تاکہ میں ہل نہ سکوں کیونکہ مجھے ڈر ہے کہ کہیں میرے ثواب میں کمی نہ ہو جائے اورمیرے خون کے چھینٹوں سے اپنے کپڑے بچا کر رکھئے تاکہ انہیں دیکھ کر میری امی جان غمگین نہ ہوں ۔   چھری خوب تیز کرلیجئے تاکہ میرے گلے پر اچھی طرح چل جائے  (یعنی گلا فوراً کٹ جائے) کیونکہ موت بَہُت سخت ہوتی ہے،  آپ مجھے ذَبح کرنے کے لئے پیشانی کے بل لٹایئے  (یعنی چہرہ زمین کی طرف ہو)  تاکہ آپ کی نظر میرے چہرے پر نہ پڑے اور جب آپ میری امی جان کے پاس جائیں تو انہیں میرا سلام پہنچا دیجئے اوراگر آپ مناسب سمجھیں تو میری قمیص انہیں دے دیجئے ،  اس سے ان کو تسلّی ہوگی اورصبر آجائے گا ۔   حضرتِ ابراہیم عَلَيْهِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام نے ارشاد فرمایا :  اے میرے بیٹے ! تم اللہ عَزَّوَجَلَّ کے حکم پر عمل کرنے میں میرے کیسے عمدہ مددگار ثابت ہورہے ہو! پھر جس طرح حضرت اسمٰعیل عَلَیْہِ الصَّلَاۃُ وَالسَّلَام نے کہا  تھا ان کو اُسی طرح باندھ دیا، اپنی چھری تیز کی ،  حضرت اسمٰعیل عَلَیْہِ الصَّلَاۃُ وَالسَّلَام کو پیشانی کے بل لِٹا دیا ،  ان کے چِہرے سے نظر ہٹالی اور ان کے گلے پرچھری چلا دی ، لیکن چھری نے اپنا کام نہ کیا یعنی گلا نہ کاٹا۔  اِس وقت حضرتِ ابراہیم عَلَیْہِ الصَّلَاۃُ وَالسَّلَام پر  وحی نازل ہوئی ،   ترجَمۂ کنز الایمان : ’’ اور ہم نے اسے ندا فرمائی کہ اے ابراہیم بیشک تو نے خواب سچ کردکھا یا،  ہم ایسا ہی صلہ دیتے ہیں نیکوں کو، بیشک یہ روشن جانچ تھی اور ہم نے ایک بڑا ذبیحہ اس کے فدیہ میں دے کر اسے بچالیا۔  ‘‘    (تفسیر خازن ج ۴ ص ۲۲ملخّصاً )  

جنّت کا مینڈھا

     حضرت ابراہیم عَلَیْہِ الصَّلَاۃُ وَالسَّلَام نے جب حضرت اسمٰعیل عَلَیْہِ الصَّلَاۃُ وَالسَّلَام کو ذَبح کرنے کے لئے زمین پر لٹایا  تو اللہ تَعَالٰی کے حکم سے حضرت جبرئیل عَلَیْہِ السَّلَام بطورِ فدیہ جنت سے ایک مینڈھا (یعنی دُنبہ)  لئے تشریف لائے اور دُور سے اُونچی آوازمیں فرمایا: اَللّٰہُ اَکْبَر  اَللّٰہ ُاَکْبَر، جب  حضرت ابراہیم عَلَیْہِ الصَّلَاۃُ وَالسَّلَام نے یہ آواز سنی تو اپنا سر آسمان کی طر ف اٹھایا اور جان گئے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی طرف سے آنے والی آزمائش کا وقت گزر چکا ہے اور بیٹے کی جگہ فدیے میں مینڈھا بھیجا گیا ہے لہٰذا خوش ہوکر فرمایا: لَآ اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ  وَ اللّٰہُ اَکْبَر، جب حضرتِ اسمٰعیل عَلَيْهِ  الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام نے یہ   سنا تو فرمایا: اَللّٰہُ اَکْبَر وَ لِلّٰہِ الْحَمد،  اس کے بعد سے     اِن تینوں پاک حضرات کے ان مبارَک الفاظ کی ادائیگی کی یہ سنت قیامت تک کیلئے جاری وساری ہوگئی۔    (بِنایَہ شرح ہِدایَہ ج۳ص۳۸۷) 

جنّتی مینڈھے کے گوشت کا کیا ہوا؟

  حضرت ابراہیم عَلَيْهِ  الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام نے حضرت اسمٰعیل عَلَيْهِ  الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام کے فدیے میں جومینڈھا (یعنی دُنبہ)  ذَبح فرمایا تھا، اس     کے بارے میں اکثر مُفَسِّرین کا کہنا یہ ہے کہ وہ مینڈھا  (یعنی دُنبہ)  جنت سے آیا تھااور یہ وہی مینڈھا تھاجس کو حضرت آدم  عَلَيْهِ  الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام کے بیٹے حضرت ہابیل رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ نے قربانی میں پیش کیا تھا۔   ( )  اُس مینڈھے کاگوشت پکایا نہیں گیا بلکہ اُسے دَرِندوں  (یعنی پھاڑ کھانے والے جانوروں )  اور پرندوں نے کھالیا۔ (تفسیر جمل ج۶ص۳۴۹ مُلَخّصًا) 

جنَّتی مینڈھے کے سینگ

      حضرتسُفْیان بن عُیَیْنہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں :  اس مینڈھے (یعنی دُنبے)  کے سینگ عرصۂ دراز تک کعبہ شریف میں رکھے رہے یہاں تک کہ جب کعبہ شریف میں آگ لگی تو وہ سینگ بھی جل گئے۔      (مُسندِ اِمام احمد بن حنبل ج۵ ص۵۸۹ حدیث  ۱۶۶۳۷ ) 
کعبہ شریف میں آگ کب اور کس طرح لگی؟
کعبہ شریف میں آگ لگنے اور اُس میں سینگ جل جانے کے تعلُّق سے’’سوانحِ کربلا ‘‘ میں دیئے ہوئے مضمون کی روشنی میں عرض ہے:  نواسۂ رسول ،  امامِ عالی مقام حضرت امام حسین  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کی شہادت کے تقریباً دو سال بعد یزیدِ پلید نے مُسلم بن عُقبہ کو بارہ ہزار یا بیس ہزار سپاہیوں کی فوج د ے کر مدینۃُ المنوَّرہ پر حملہ کرنے بھیجا،  ظالم یزید یوں نے مدینہ شریف میں بے انتہا خون ریزی کی،  سات ہزار صَحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان سمیت دس ہزار سے زیادہ افراد کو شہید کیا،  اہلِ مدینہ کے گھر لوٹ لئے،  انتہائی شَرْمناک حرکتیں کیں ،  یہاں تک کہ مسجدِ نبوی شریف کے ستونوں  ( PILLARS)  کے ساتھ گھوڑے باندھے ۔   پھر یہ فوج مکہ شریف پہنچی ،  مِنْجَنِیْق ( مِنْ۔  جَ۔  نیق جوکہ پتھر پھینکنے کا آلہ ہو تا تھا اُس )  کے ذریعے پتھر برسائے،  اِس سے حرم شریف کا صحن مبارَک پتھروں سے بھر گیا،  مسجد الحرام کے ستون   ( PILLARS)  شہید ہو گئے اور کعبۃُ اللّٰہ کے غلاف شریف اور چھت مبارَک کو ان ظالموں نے آگ لگا دی،  کعبۃُ اللّٰہ شریف کی چھت میں حضرت اسمٰعیل عَلَیْہِ السَّلَام کے فدیے میں قربان ہونے والے (جنتی) دُنبے کے جو مبارَک سینگ تَبَرُّک کے طور پر محفوظ تھے وہ بھی اُس آگ میں جل گئے ۔   جس روز یعنی 15ربیع الاوّ ل   64ھ  کو کعبہ شریف کی بے حرمتی ہوئی تھی اُسی روز مُلکِ شام کے شہر ’’حِمص‘‘میں 39سال کی عمر میں یزید پلید مر گیا۔   اِس بدنصیب نے جس اِقتدارکے نشے میں بد مست ہو کرامامِ عالی مقام حضرت امام حسین رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ اور خاندانِ رسالت کے مہکتے پھولوں کو زمین کربلا پر خاک وخون میں تڑپایا ، مکّے مدینے والوں پر ظلم و ستم کی آندھیاں چلائیں ،  اُس تخت حکومت پر اُسے صرف تین برس سات  ماہ’’شیطنت‘‘ کرنے کا موقع ملا ۔    ( )    اِس کی موت میں کس قدر عبرت ہے !  ۔  ۔  ۔   الموت ۔  ۔   الموت ۔  ۔  ۔   الموت۔  ۔  ۔  ۔  
نہ یزید کی وہ جفا رہی ،  نہ شِمَر کا ظلم و ستم رہا
جو رہا تو نام حُسین کا،  جسے یاد رکھتی ہے کربلا
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!           صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
 کیاہر کوئی خواب دیکھ کر اپنا بیٹا ذَبح کر سکتا ہے؟
    یاد رہے!  کوئی شخص خواب یا غیبی آواز کی بنیاد پر اپنے یا دوسرے کے بچّے یا کسی انسان کو ذَبح نہیں کر سکتا ،  کرے گا تو سخت گنہگار اور عذاب نار کا حقدار قرارپائے گا۔    حضرت ابراہیم عَلَیْہِ الصَّلَاۃُ وَالسَّلَام جو خواب کی بنا پر اپنے بیٹے کی قربانی کے لئے تیّار ہو گئے یہ حق ہے کیوں کہ آپ نبی ہیں اور نبی کا خواب وحی الٰہی ہوتا ہے ۔   ان حضرات کا امتحان تھا،  حضرتِ جبرئیل عَلَیْہِ السَّلَام جنتی دُنبہ لے آئے اور اللہ تَعَالٰی  کے حکم سے  حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلَام  نے اپنے پیارے بیٹے کے بجائے اُس جنتی دُنبے کو ذَبح فرما دیا۔    حضرت ابراہیم اور حضرت اسمٰعیل عَلَیْہِمَا السَّلام کی اِس انوکھی قربانی کی یاد تا قیامت قائم رہے گی اور مسلمان ہر سال بقرہ عید میں مخصوص جانوروں کی قربانیاں پیش کرتے رہیں گے۔    ( قربانی کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کیلئے مکتبۃُ المدینہ کا رسالہ ’’ابلق گھوڑے سوار‘‘ پڑھئے ) 

اسمٰعیل کے معنٰی

    حضرتِ ابراہیم عَلَیْہِ الصَّلَاۃُ وَالسَّلَام بَہُت بڑی عمرتک  بے اولاد تھے ،  99 سال کی عمر میں آپ عَلَیْہِمَا السَّلام کو حضرت اسمٰعیل عَلَیْہِ السَّلام عطا کئے گئے۔   ( ) حضرتِ ابراہیم عَلَيْهِ  الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام بیٹے کی دعائیں مانگ کر کہتے تھے:  ’’ اِسْمَعْ یَا اِیْل ۔  ‘‘ اِسْمع کے معنیٰ ہیں :  ’’  سن ‘‘ اور  ’’ اِیْل ‘‘ عبرانی زبان میں خدا عَزَّ  وَجَلَّ کانام ،  اِس طرح  ’’ اِسْمَعْ یَا اِیْل ‘‘ کے معنیٰ ہوئے :  ’’اے خدا عَزَّ  وَجَلَّ!  میری سن لے۔  ‘‘ جب آپ عَلَیْہِ الصَّلَاۃُ وَالسَّلَام پیدا ہوئے تو اس دعا کی یاد گار میں آپ کا نام ’’ اسمٰعیل‘‘ رکھا گیا۔   (تفسیر نعیمی ج۱ص۶۸۸ ماخوذاً )
 

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن