بعض اوقات نادان لوگ بیماری اور مصیبت سے تنگ آ کراللہ تَعَالٰی پر اعتراض کرتے ہوئے کفریات بک دیتے ہیں ، یقینا اِس طرح ان کی بیماری یا مصیبت دُور تو ہوتی نہیں اُلٹا ان کی اپنی آخِرت داؤ پر لگ جاتی ہے۔ مکتبۃُ المدینہ کی مطبوعہ کتاب، ’’کفریہ کلمات کے بارے میں سُوال جواب‘‘ صَفْحَہ 179 پر ہے: اگر کسی نے بیماری، بے روزگاری ، غربت یا کسی مصیبت کی وجہ سے اللہ عَزَّ وَجَلَّ پر اِعتراض کرتے ہوئے کہا : ’’اے میرے رب ! تو مجھ پر کیوں ظلم کرتا ہے ؟ حالانکہ میں نے تو کوئی گناہ کیا ہی نہیں ۔ ‘‘ تو وہ کافرہے۔
زباں پر شکوۂ رنج و الم لایا نہیں کرتے
نبی کے نام لیوا غم سے گھبرایا نہیں کرتے
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
صَحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان کا ثواب کمانے کا جذبہ صد کروڑ مرحبا! کہ ثواب کمانے کے شوق میں دعا مانگ کر بخار حاصِل کر لیا! چنانچِہ حضرتِ سیِّدُناابو سَعِید خُدری رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ ایک مسلمان نے عرض کی: یَارَسُولَ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ! ہم جن بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں ہمارے لئے ان میں کیا ہے؟ارشاد فرمایا: (یہ بیماریاں گناہوں کے ) کفّارے ہیں ۔ حضرت ِ سیِّدُنا اُبَی بن کَعب رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے عرض کی: یَارَسُولَ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ! اگرچِہ بیماری کم ہی ہو ؟ فرمایا: ’’ اگر چِہ کانٹا چبھے یا کوئی اور تکلیف پہنچے۔ ‘‘ تو حضرت ِ سیِّدُنا اُبَی بن کَعب رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے اپنے لئے یہ دُعا کی (یااللہ) : ’’مرتے دم تک بخار مجھ سے جدا نہ ہو اور یہ بخار مجھے حج ، عمرہ، اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی راہ میں جہاد اور فرض نماز باجماعت ادا کرنے سے نہ روکے۔ ‘‘ پھر ان کے وِصال تک جس نے بھی انہیں چُھوا بخار کی تَپِش محسوس کی ۔ (مُسندِ اِمام احمد بن حنبل ج۴ ص ۴۸ حدیث ۱۱۱۸۳) اللہُ ربُّ العزّت عَزَّ وَجَلَّ کی اُن پر رَحمت ہو اور اُن کے صَدقے ہماری بے حساب مغفِرت ہو ۔ اٰمین بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم
یقیناً مسلمان کیلئے بیماریوں اور پریشانیوں میں دونوں جہانوں کی بھلائیاں ہیں ، بخار ہو یا کوئی سی بیمارییا مصیبت اس سے گناہ مُعاف ہوتے اور جنّت کا سامان ہوتا ہے۔
بخار تیرے لئے ہے گنہ کا کَفّارہ ( )
کرے گا صبر تو جنّت کا ہو گا نظّارہ
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم نے فرمایا: ’’ جو اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی راہ میں سر درد میں مبتلاہو پھر اُس پر صَبْر کرے تو اُس کے پچھلے گناہ مُعاف کردئیے جائیں گے۔ ‘‘ (مُسنَدُ البَزّارج۶ص۴۱۳حدیث۲۴۳۷)
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
سُبْحٰنَ اللہ! راہِ خدا میں نکلنے والوں کی بھی کیا شان ہے! اِس حدیثِ پاک کے تحت مجاہِدین کے علاوہ طلبۂ علمِ دین ، حج و عمرہ کیلئے گھر سے نکلنے والے اور سنتوں کی تربیت کے مدنی قافلوں میں حصولِ علمِ دین کی غرض سے سفر کرنے والے عاشقانِ رسول بھی شامل ہیں چونکہ یہ سب راہِ خدا میں ہوتے ہیں لہٰذا ان میں سے بھی کسی کے سرکا درد ہوا تو اِنْ شَآءَاللہ عَزَّ وَجَلَّ اُس کے پچھلے گناہ (صغیرہ) مُعاف کر دیئے جائیں گے ۔
منقول ہے کہ حضرتِ سیِّدُنا فتح مو صلی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الولی کو دردِسرہُوا توخوش ہو کر ارشاد فرمایا: اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے مجھے وہ مَرَض عنایت فرمایاجو انبیائے کرام عَلَيْهِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام کو درپیش ہوتا تھا لہٰذا اب اس کا شکرانہ یہ ہے کہ میں 400 رَکعَت نفل پڑھوں ۔ (152رَحمت بھری حکایات ص۱۷۱)
دعوتِ اسلامی کے اِشاعتی اِدارے مکتبۃُ المدینہ کی مطبوعہ561 صَفحات پر مشتمل کتاب ، ’’ملفوظاتِ اعلیٰ حضرت‘‘ صَفْحَہ118پر ہے: (اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں : ) دردِ سر اور بخار وہ مبارَک امراض ہیں جو انبیاء عَلَيْهِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام کو ہوتے تھے ، ایک ولِیُّ اللہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ کے دردِ سر ہوا ، آپ نے اس شکریہ میں تمام رات نوافل میں گزاردی کہ ربُّ العزّت تبارَکَ وَتعالیٰ نے مجھے وہ مرض دیا جو انبیاء عَلَيْهِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام کو ہوتا تھا ۔ اللہُ اَ کْبَر! یہاں (عوام کی) یہ حالت کہ اگر برائے نام درد معلوم ہوا تو یہ خیال ہوتا ہے کہ جلد نماز پڑھ لیں ۔ پھر فرمایا : ہر ایک مرض یا تکلیف جسم کے جس مَوضِع (یعنی جگہ ) پر ہوتی ہے وہ زیادہ کفّارہ اُسی موقع (یعنی مقام) کا ہے کہ جس کاتعلُّق خاص اِس سے ہے لیکن بخاروہ مرض ہے کہ تمام جسم میں سَرایت کرجاتا ہے جس سے بِاِذْنِہٖ تَعَالٰی (یعنی اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے حکم سے ) (بخار) تمام رَگ رَگ کے گناہ نکال لیتا ہے ۔ (ملفوظات اعلٰی حضرت ص ۱۱۸)
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
حضرتِ سیِّدُنا عطا ء بن ابو رَباح رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں کہ حضرتِ سیِّدُنا ابنِ عباس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا نے مجھ سے فرمایا: کیا میں تمہیں ایک جنتی عورت نہ دکھاؤں ؟ میں نے عرض کی: ضرور دکھائیے۔ فرمایا: یہ حبشی عورت، اس نے نبیِّ کریم، رء ُوفٌ رَّحیم عَلَيْهِ أَفْضَلُ الصَّلاةِ وَالتَّسْلِيْم کی خدمتِ بابَرَکت میں حاضِر ہوکر عرض کی: یَارَسُولَ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ! مجھے مرگی ( ) کا مَرَض ہے جس کی وجہ سے میں گر جاتی ہوں اور میرا پردہ کھل جاتا ہے لہٰذا اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے میرے لئے دعا کیجئے ۔ فرمایا: ’’ اگر تم چاہو تو صَبْرکرو اور تمہارے لئے جنّت ہے اوراگر چاہو تو میں اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے دُعا کروں کہ وہ تمہیں عافیت عنایت فرما دے۔ ‘‘ عرض کی : میں صَبْر کروں گی۔ پھر عرض کی: (جب مرگی کا دورہ پڑتا ہے) میرا پردہ کھل جاتا ہے، اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے دعا کیجئے کہ میرا پردہ نہ کُھلا کرے ۔ پھر آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اس کے لئے دعا فرمائی۔ (بُخاری ج۴ص۶حدیث ۵۶۵۲)
مُفَسِّرِشہیر حکیمُ الْاُمَّت حضر تِ مفتی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الحَنّان مِرآت جلد2 صَفْحَہ427 پرفرماتے ہیں : اُس مبارَک عورت کا نام سُعَیرہ یاسُقَیرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا ہے بی بی خدیجہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا کی کنگھی چوٹی کی خدمت انجام دیتی تھیں ( لمعات و مرقات) (مرگی میں گر جاتی ہوں اورمیرا پردہ کھل جاتا ہے ) کے ضِمْن میں مفتی صاحِب فرماتے ہیں : یعنی گِر کر مجھے تن بدن کا ہوش نہیں رہتا، دوپٹا وغیرہ اتر جاتا ہے ، خوف کرتی ہوں کہ کبھی بے ہوشی میں سِتْر نہ کھل جائے۔ آگے چل کر سرکارِ مدینہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی طرف سے اس صحابیہ کو ’’شِفا یا صبر ‘‘ کا اختیار دینے کے تعلُّق سے مفتی صاحِب فرماتے ہیں : اس میں اشارۃً معلوم ہوا کہ کبھی بیماری کی دوا اور مصائب میں دعا نہ کرنا ثواب اور صبر میں شامل ہے اس کا نام خودکشی نہیں ، خُصوصاً جب پتا لگ جائے کہ یہ مصیبت رب کی طرف سے امتحان ہے اِسی لیے (حضرتِ سیِّدنا) ابراہیم عَلَیْہِ السَّلَام نے نمرود کی آگ میں جاتے وقت اور حضرتِ ( سیِّدنا امام) حسین (رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ) نے میدان کربلا میں دَفْعِیہ (دَف۔ عِی۔ یَہ۔ یعنی آزمائش دور ہونے) کی دعا نہ کی، ورنہ عام حالات میں دوا بھی سنّت ہے اور دعا بھی ۔ ( مراٰۃ المناجیح )
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
سُوْرَۃُ الشَّمْس کو پڑھ کر مرگی والے کے کان میں پھونک مارنا بہت مفید ہے۔ (جنتی زیور ص۶۰۲)
اُمّ الْمُؤمِنِین حضرتِ سَیِّدَتُنا عائِشہ صِدّیقہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا فرماتی ہیں کہ میں نے نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو فرماتے سنا : جب مومِن کی نس چڑھ جاتی ہے تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ اُس کا ایک گناہ مٹادیتا ہے ، اُس کے لئے ایک نیکی لکھتا ہے اور اس کا ایک دَرَجہ بُلند فرماتا ہے۔ (مُعْجَم اَ وْسَط ج۲ ص ۴۸حدیث ۲۴۶۰ )
سرکارِ عالی وقار، مدینے کے تاجدار صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ راحت نشان ہے: مَنْ قَتَلَہٗ بَطْنُہٗ لَمْ یُعَذَّبْ فِیْ قَبْرِہٖ۔ یعنی جسے اس کے پیٹ (کی بیماری) نے مارا اُسے عذاب ِقبر نہ ہوگا۔ (تِرمِذی ج۲ص۳۳۴حدیث۱۰۶۶)
مُفَسِّرِشہیر حکیمُ الْاُمَّت حضر تِ مفتی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الْحَنَّان اس کی شرح میں فرماتے ہیں : یعنی پیٹ کی بیماری سے مرنے والا عذابِ قبر سے محفوظ ہے کیونکہ اسے دنیا میں اس مَرَض کی وجہ سے بہت تکلیف پہنچ چکی ، یہ تکلیف ِقبر کا دَفْعِیَّہ (یعنی دُور کرنے والی) بن گئی ۔ ( مراٰۃ ج ۲ ص ۴۲۵)
{۱} ’’ پیٹ کی بیماری میں مرنے والا۔ ‘‘ (اِس کے حاشیے میں صَدرُالشَّریعہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں : اِس سے مُراد اِستِسقا (اِس۔ تِس۔ قا۔ یعنی ایسی بیماری جس میں پیٹ بڑھ جاتا ہے اور پیاس بہت لگتی ہے ) یا ’’ دست (MOTION) آنا ‘‘ دونوں قول ہیں اور یہ لفظ دونوں کو شامل ہو سکتا ہے لہٰذا ا ُس کے فضل سے امّید ہے کہ دونوں کو شہادت کااجر ملے ) {۲} ذاتُ الْجَنب ( ذاتُ۔ لْ۔ جَمْبْ۔ یعنی پہلو یا پسلی کے درد ) میں مرنے والا {۳} سِل (کہ اس میں پھیپھڑوں میں زخم ہو جاتے اور منہ سے خون آنے لگتا ہے اس) میں مرنے والا {۴} بخا ر میں مرنے والا {۵} مرگی میں مرنے والا {۶} جو مرض میں لَّاۤ اِلٰهَ اِلَّاۤ اَنْتَ سُبْحٰنَكَ ﳓ اِنِّیْ كُنْتُ مِنَ الظّٰلِمِیْنَ40بار کہے اور اسی مرض میں مر جائے (وہ شہید ہے ) اور اچھا ہو گیا تو اُس کی مغفرت ہو جائے گی۔ (تفصیل کیلئے دیکھئے : بہارِ شریعت ج۱ ص ۸۵۷ تا ۸۶۳ مکتبۃ المدینہ)