30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
وقتِ ولادت کھانے پینے کا انتظام اورحضرت مریم رضی اللہ عنہا کو تسلی :
جب حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت کاوقت قریب آیا اور درد کی شدت زیادہ ہوئی تو حضرت مریم رضی اللہ عنہا کھجور کے ایک سوکھے درخت کے پاس آکر بیٹھ گئیں ۔ اب ایک طرف درد کی شدّت تھی اور دوسری طرف مستقبل کے معاملات تھے کہ اگرچہ میں تو مطمئن ہوں مگرلوگوں کوکیسے مطمئن کروں گی، چنانچہ اس شدید پریشانی کے عالم میں آپ رضی اللہ عنہا نے کہا :
یٰلَیْتَنِیْ مِتُّ قَبْلَ هٰذَا وَ كُنْتُ نَسْیًا مَّنْسِیًّا(۲۳)(1)
ترجمہ : اے کاش کہ میں اس سے پہلے مرگئی ہوتی اور میں کوئی بھولی بسری ہوجاتی۔
آپ رضی اللہ عنہا کی اس تمنا پر حضرت جبریل علیہ السلام نے تسلی دیتے ہوئے وادی کے نشیبی حصے سے پکار کر فرمایا:
اَلَّا تَحْزَنِیْ قَدْ جَعَلَ رَبُّكِ تَحْتَكِ سَرِیًّا(۲۴) وَ هُزِّیْۤ اِلَیْكِ بِجِذْعِ النَّخْلَةِ تُسٰقِطْ عَلَیْكِ رُطَبًا جَنِیًّا٘(۲۵) فَكُلِیْ وَ اشْرَبِیْ وَ قَرِّیْ عَیْنًاۚ-فَاِمَّا تَرَیِنَّ مِنَ الْبَشَرِ اَحَدًاۙ-فَقُوْلِیْۤ اِنِّیْ نَذَرْتُ لِلرَّحْمٰنِ صَوْمًا فَلَنْ اُكَلِّمَ الْیَوْمَ اِنْسِیًّاۚ(۲۶)(2)
ترجمہ : کہ غم نہ کھا بیشک تیرے رب نے تیرے نیچے ایک نہر بنا دی ہے۔ اور کھجور کے تنے کو پکڑ کر اپنی طرف ہلاؤ، وہ تم پر عمدہ تازہ کھجوریں گرائے گا۔تو کھا اور پی اور آنکھ ٹھنڈی رکھ پھر اگر تو کسی آدمی کو دیکھے تو (اشارے سے) کہہ دینا کہ میں نے آج رحمن کیلئے روزہ کی نذر مانی ہے تو آج ہرگز میں کسی آدمی سے بات نہیں کروں گی۔
یہاں اس واقعہ سے متعلق دو اہم باتیں بھی ملاحظہ ہوں :
(1)حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں: حضرت جبریل علیہ السلام نے اپنی ایڑی زمین پر ماری تو میٹھے پانی کا ایک چشمہ جاری ہو گیا کھجور کا درخت سرسبز ہو کرپھل لایا اور وہ پھل پختہ اور رس دار ہو گئے۔ ایک قول یہ ہے کہ اس جگہ ایک خشک نہر تھی جسے اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرت سے جاری کر دیا اور کھجور کا خشک درخت سرسبز ہو کر پھل دار ہوگیا۔(3)
[1] …پ۱۶،مریم:۲۳.
[2] …پ۱۶،مریم:۲۴-۲۶.
[3] … مدارک،مریم،تحت الآیة:۲۴، ص۶۷۱، خازن،مریم،تحت الآیة:۲۴، ۳/۲۳۲، ملتقطاً.
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع