30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
باب:13
ازدواجی زندگی کی اہم ہدایات
اس باب میں مرد وعورت کی ازدواجی زندگی سے متعلق چند اہم قرآنی ہدایات کا بیان ہے۔
انسانی زندگی میں عورت کی محبت و خواہش
ارشاد فرمایا:
زُیِّنَ لِلنَّاسِ حُبُّ الشَّهَوٰتِ مِنَ النِّسَآءِ وَ الْبَنِیْنَ وَ الْقَنَاطِیْرِ الْمُقَنْطَرَةِ مِنَ الذَّهَبِ وَ الْفِضَّةِ وَ الْخَیْلِ الْمُسَوَّمَةِ وَ الْاَنْعَامِ وَ الْحَرْثِؕ-ذٰلِكَ مَتَاعُ الْحَیٰوةِ الدُّنْیَاۚ-وَ اللّٰهُ عِنْدَهٗ حُسْنُ الْمَاٰبِ(۱۴)(1)
ترجمہ :لوگوں کے لئے ان کی خواہشات کی محبت کو آراستہ کردیا گیا یعنی عورتوں اور بیٹوں اور سونے چاندی کے جمع کئے ہوئے ڈھیروں اور نشان لگائے گئے گھوڑوں اور مویشیوں اور کھیتیوں کو( ان کے لئے آراستہ کردیا گیا۔) یہ سب دنیوی زندگی کا سازوسامان ہے اور صرف اللہ کے پاس اچھا ٹھکانا ہے۔
عورت کی خواہش لوگوں کی زندگی بنیادی خواہشات میں سے ہے۔ عورت کی طلب کی جائز و ناجائز دونوں صورتیں ہیں، بیوی سے محبت و قربت و حصولِ تسکین جائز ہے جبکہ بیوی کے علاوہ سے جنسی قربت و تعلق حرام ہے لیکن فطرت کے اعتبار سے بہرحال عورت کی خواہش مطلقاً انسان کے دل میں ہے خواہ وہ بیوی ہو یا بیگانی لیکن دونوں کی خواہش پیدا کرنے کا مقصد خواہش پرستوں اور خدا پرستوں کے درمیان فرق ظاہر کرنا ہے ، چنانچہ سورۂ کہف ، آیت7 میں صراحت سے ارشاد فرمایا:
اِنَّا جَعَلْنَا مَا عَلَى الْاَرْضِ زِیْنَةً لَّهَا لِنَبْلُوَهُمْ اَیُّهُمْ اَحْسَنُ عَمَلًا(۷)(2)
ترجمہ :بیشک ہم نے زمین پر موجود چیزوں کو اس لئے زینت بنایا تاکہ ہم لوگوں کو آزمائیں کہ ان میں عمل کے اعتبار سے کون اچھا ہے۔
انسان میں مذکورہ بالا خواہشات پیدا کرنے کے ذریعے یوں جانچا جائے گا کہ جو دنیوی خواہشات کو بھی حکمِ الٰہی کے مطابق استعمال کرے وہ مقبول و کامیاب ہے جبکہ انہی چیزوں کی محبتوں کا اسیر بن جانا مذموم اور ان خواہشات کی ناجائز طریقے سے تکمیل گناہ ہے۔ یہ ہمیشہ یاد رکھیں کہ خدا نے بے شمار نعمتوں پر مشتمل ہمیشہ ہمیشہ باقی رہنے والا گھر جنت ان ہی لوگوں کے لئے بنایا ہے جو نفسانی خواہشات سے بچنے میں کامیاب ہوتے ہیں
[1] … پ3،آل عمران:14
[2] … پ15،الکہف:7
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع