30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
اِس آیت میں تہمت لگانے والے منافقین کی سزابیان کی گئی ہے کہ وہ عورتیں جوبدکاری اور فِسق و فُجور کو جانتی بھی نہیں اور بُرا خیال اُن کے دل میں بھی نہیں گزرتا اور وہ پاکدامن اورایمان والی ہیں، ایسی پاکیزہ عورتوں پر بدکاری کا بہتان لگانے والوں پر دنیا اور آخرت میں لعنت ہے اور ان کے لیے بڑا عذاب ہے۔ حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا: آیت میں عورتوں کے بیان کردہ اوصاف سید المرسلین صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی ازواجِ مطہرات کے اوصاف ہیں، اور ایک قول یہ ہے کہ ا س سے تمام ایماندار اور پارسا عورتیں مراد ہیں، انہیں عیب لگانے والوں پر اللہ تعالیٰ لعنت فرماتا ہے۔(1)
اور تفسیر ِخازن میں ہے کہ اس آیت میں جووعید ذکر کی گئی یہ عبد اللہ بن اُبی بن سلول منافق کے حق میں ہے۔(2)
خلاصۂ کلام یہ ہے کہ آیت کا شانِ نزول اگرچہ خاص ہے لیکن معنیٰ اور حکم سب کو عام ہے۔
پاکدامن عورتوں پر تہمت زنا کی شرعی سزا
ارشاد فرمایا:
وَ الَّذِیْنَ یَرْمُوْنَ الْمُحْصَنٰتِ ثُمَّ لَمْ یَاْتُوْا بِاَرْبَعَةِ شُهَدَآءَ فَاجْلِدُوْهُمْ ثَمٰنِیْنَ جَلْدَةً وَّ لَا تَقْبَلُوْا لَهُمْ شَهَادَةً اَبَدًاۚ-وَ اُولٰٓىٕكَ هُمُ الْفٰسِقُوْنَۙ(۴) اِلَّا الَّذِیْنَ تَابُوْا مِنْۢ بَعْدِ ذٰلِكَ وَ اَصْلَحُوْاۚ-فَاِنَّ اللّٰهَ غَفُوْرٌ رَّحِیْمٌ(۵) (3)
ترجمہ : اور جو پاکدامن عورتوں پر تہمت لگائیں پھر چار گواہ نہ لائیں تو انہیں اَسّی کوڑے لگاؤ اور ان کی گواہی کبھی نہ مانو اور وہی فاسق ہیں۔ مگر جو اس کے بعد توبہ کرلیں اور اپنی اصلاح کرلیں تو بیشک اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔
اس آیت مبارکہ میں پاکدامن اجنبی عورتوں پر زنا کی تہمت لگانے والوں کی سزا کا بیان ہے۔آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ جو لوگ پاکدامن عورتوں پر زنا کی تہمت لگائیں پھر چار گواہ ایسے نہ لائیں جنہوں نے ان کے زنا کا معائنہ کیا ہوتو ان میں سے ہر ایک کو اسی کوڑے لگاؤ اور کسی چیز میں ان کی گواہی کبھی قبول نہ کرو اور کبیرہ گناہ کے مُرتکِب ہونے کی وجہ سے وہی فاسق ہیں۔(4)
[1] … مدارک، النور، تحت الآیۃ: ۲۳، ص۷۷۵
[2] … خازن، النور، تحت الآیۃ: ۲۳، ۳/۳۴۵
[3] … پ18،النور:5 -4
[4] … جلالین، النور، تحت الآیۃ: ۴، ص۲۹۴
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع